وحدت نیوز(کوئٹہ ) مجلس وحدت مسلمین کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں ڈویژنل سیکریٹری روابط اور کونسلر حلقہ بارہ کربلائی رجب علی نے معاشرے میں اتحاد اور رواداری کو ملکی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہم اپنے پیارے وطن کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیںتو معاشرے کے ہر فرد کو روا داری، برداشت اور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ یہی وہ عناصر ہے جن کی وجہ سے معاشرے کے افراد ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں اور نفرتیں ختم ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ہمارے خوشیوں اور غموں کے پیمانے اور معیارات بدل گئے ہیں اور لوگ یہ بھول بیٹھے ہیں کہ اصل کامیابی اور خوشحالی تو نفرتیں مٹانے سے آسکتی ہے۔انکا کہنا تھا کہ حادثات، سانحات ، مصائب و آفات کی کثرت اور اسکی اذیت سے بچنے اور خود کو بچانے کا سب سے آسان راستہ ہم نے ڈھونڈ لیا ہے اور وہ یہ کہ بڑے سے بڑے حادثے اور سانحے کے اثرات کو اپنے اندر اترنے نہ دے مگر یہ طریقہ ہمیں صرف اور صرف بے حسی کی طرف ڈھکیل رہا ہے ۔ انفرادی تقویت اور محض اپنی ذات کے بارے میں سوچنے کی وجہ سے ہم ایک دوسرے سے دور ہورہے ہیں جبکہ ہمیں معاشرے کے تمام افراد کو ساتھ ساتھ لئے چالنا چاہئے کیونکہ یہی وہ طریقہ سے جس سے ہم اپنے منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام افراد کو اپنا نقطہ نظر تعمیری اور مثبت بنانا ہوگا۔ جب تمام افراد کے درمیان اتحاد اور اتفاق پیدا ہوگی تو سب ایک دوسرے کیلئے کام کرنا شروع کر دیں گے اور رشوت ستانی،بے ایمانی اور بدعنوانی کا خاتمہ ہوگا۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں مشکل حالات میں بھی مایوسی ، افسردگی ، حزن و ملال کا رویہ اپنانے کے بجائے مثبت اور تعمیری رویہ اپنانا چاہئے۔ بیان کے آخر میں کراچی میں ٹرینوں کے تصادم پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ وزارت ریلوے کو ریلوے کا نظام بہتر بنانے کی ضرورت ہیں۔