وحدت نیوز(کوئٹہ) بلوچستان اسمبلی میں گذشتہ روز پیش کی جانے والی قرارداد جس میں تمام اراکین کو بیلو پاسپورٹ کے اجراء کے لئے سفارش کی گئی تھی اور اس قراداد پر بحث کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی سید محمد رضا نے کہا تھا کہ کم از کم مجھ کو اپنے لئے بیلو پاسپورٹ کے حصول کے لئے دلائل دیتے ہوئے شرم محسوس ہو رہی ہے کیونکہ ہمارے لوگوں پر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول کو تقریباً ناممکن بنا دیا گیا ہے۔ عجیب بات ہے کہ جن کے ووٹوں سے ہم آج اس ایوان میں موجود ہیں، ان پر تو عام پاسپورٹ کا حصول بھی ناممکن ہے۔ جبکہ ہم اپنے لئے اضافی مراعات کی بات کر رہے ہیں۔ رکن اسمبلی سید محمد رضا کی اس بات کا نوٹس لیتے ہوئے اسپیکر جان محمد جمالی نے کوئٹہ پاسپورٹ آفس سے سعید عباسی کو اپنے چیمبر بلواء کر سید محمد رضا کے اعتراضات پر وضاحت طلب کی۔ اس موقع پر سید محمد رضا نے پاسپورٹ کے حصول کیلئے اپنی قوم کو درپیش مشکلات پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مستقبل میں پاسپورٹ کے سریع حصول کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور پاسپورٹ آفس کے عملے کے ناروا سلوک کو بہتر بنانے کا کہا۔