وحدت نیوز (کوئٹہ) بھاگ گوٹھ چھلگری اور جیکب آباد میں خود کش حملوں کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی آغا محمد رضا نے کونسلررجب علی ،کونسلر عباس علی ودیگرکے ہمراہ وحدت ہاوس کوئٹہ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خود کش بمبار نے گوٹھ چھلگری کی امام بارگاہ فاطمیہ میں گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا دیا جہاں کثیر لوگ نماز مغربین ادا کررہے تھے۔ سیکورٹی اہلکاروں کی غفلت کی وجہ سے خودکش حملہ آور کیسے امام بارگاہ تک پہنچ گیا۔ حکومت بلوچستان کی توجہ اس سانحے کیطرف کراتے ہوئے کہا کہ فوراً کمیٹی تشکیل دئیے جائے اور اس کاروائی کے پیچھے جو بھی عوامل کار فرما ہیں انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے،جیکب آباد میں ہونے والے حملے پران کا کہنا تھا کہ سفاک درندہ صفت دہشت گردوں نے نہتے بچوں اور خواتین کو نشانہ بناکر یزیدی سنت اداکی ہے، سندھ کی نااہل حکومت اہل تشیع کی جان ومال میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران اپنے اردگرد لاوارث سامان اور مشکوک افراد پر نظر رکھیں کیونکہ پہ درپہ دھماکوں سے چشم پوشی نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے قائد وحدت کے الفاظ کو دہراتے ہوئے کہا کہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے حکومت بلوچستان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بولان دھماکے کی مذمت کرتے ہیں۔ بلوچستان حکومت دہشت گردوں کے سامنے بے بس ہو چکی ہے اور شرپسندوں کو بلوچستان میں روکنے والا کوئی نہیں۔ ملک بھر میں عزاداروں کی سکیورٹی پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔اپنے بیان میں عباس علی نے کہا کہ یہ بلوچستان میں رواں ہفتے کے دوران ہونے والا دوسرا دھماکہ ہے۔ اس سے قبل کوئٹہ میں مسافر بس میں دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔اور اب تک میڈیا اطلاعات کے مطابق گوٹھ چھلگری امام بارگاہ فاطمیہ میں درجن سے زائد شہید اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ حکومت زخمیوں کی فوری طور پر علاج معالجہ کو یقینی بنائیں ۔آخر میں گزشتہ دھماکے لوکل بس میں شہید ہونے والے اور حالیہ چھلگری اور جیکب آباد میں عزاداری کے دوران شہید ہونے والوں کے بلندی درجات ، زخمیوں کے شفاء یابی کے لیے دعا کی گئی۔ شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ رب العزت پسماندگان شہداء کو صبر جمیل عطا فرمائیں ۔