کوئٹہ میں دہشتگردی کیخلاف 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہیں،ایم پی اے سید محمد رضا

26 May 2015

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے کہا ہے کہ آج کی یہ پریس کانفرنس کوئٹہ شہر میں ہونے والے سانحے کے حوالے سے ہے، جس میں ایک شیعہ ہزارہ تاجر کو شہید کیا گیا اور ایک کو زخمی کیا گیا۔ جس کے بعد ایک منظم سازش کے تحت شہر کو آگ و خون میں جھونکنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔ کچھ شرپسندوں نے شہر کے اندر نقاب لگا کے، زبردستی دوکانوں کو بند کرنے کی کوشش کی۔ ساتھ ہی تکفیری نعرے لگاتے ہوئے، فائرنگ کرتے ہوئے دندناتے پھرتے رہے اور نہتے عوام پر فائرنگ کرتے رہے۔ سلیم کمپلیس کے قریب پانچ افراد کو نشانہ بنایا گیا، جس میں شیعہ ہزارہ قوم کے دو افراد شہید اور تین شدید زخمی ہوئے۔ جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں، جو صوبے کی قبائلی روایات کے مکمل خلاف ہے۔ اس تمام صورت حال میں قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے رہے۔ ہزاروں حکومتی اہلکاروں کی موجودگی میں کچھ شرپسند عناصر مسلسل شہر میں اپنی وارداتوں سے فرقہ واریت کی آگ بھڑکاتے رہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اس ساری صورتحال میں صدر انجمن تاجران کوئٹہ رحیم کاکڑ کا نام بھی لیا جا رہا ہے، جو شرپسندوں کے ساتھ ملکر تکفیری نعرے لگاتے رہے، جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ عجیب بات ہے کہ ہمارے لوگوں کو قتل بھی کیا جاتا ہے اور بےگناہ افراد جو اپنے دوکانوں سے گھروں کی جانب جا رہے ہوتے ہیں۔ اُنہیں اُنکے لائسنس یافتہ اسلحے کے ساتھ گرفتار کرکے حوالات میں بند کیا جاتا ہے۔ جو انتظامیہ کی جانب سے ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش ہے، جس کو ہم کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔ آئے روز شہر میں تاجر پیشہ افراد، راہگیر اور عام شہری اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگے ہیں جبکہ قانوں نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کو پکڑنے میں ناکام رہتے ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ یہاں ہم ہر قسم کی دہشتگردی، انتہا پسندی کو صوبے اور شہر میں امن و امان، بھائی چارگی کے لئے زہر قاتل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت اور ریاستی ادارے اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے اپنی ذمے داریاں پوری کریں تاکہ بے گناہ اور نہتے عوام کا قتل عام نہ ہو۔ ہم اس سانحے کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہیں اور سیاسی، مذہبی، تاجر برادری سے مشاورت کے بعد کل شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کرینگے۔ شہداء کے اہل خانہ کے باہمی مشورے سے شہید کی تدفین کا فیصلہ کرینگے اور فی الحال ہم شہید کے جنازے کی تدفین نہیں کرینگے۔ اس سانحے میں شہید ہونے والے تمام افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ اپنے آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان بعد میں کرینگے، جسکی خبر آپ کو کردی جائے گی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree