وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن کی جانب سے 400 مستحق یتیموں میں لاکھوں روپے کی امدادی رقوم تقسیم کی گئیں۔ مالی طور پر کمزور اور مستحق یتیموں میں رقوم کی تقسیم کا مقصد ان کے تعلیمی اور دیگر اخراجات کو پورا کرنا ہے۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ فلاح و بہبود خیرالعمل فاونڈیشن نے پورے ملک میں مستحق یتیم طالب علموں کی کفالت کے سلسلے میں ایک پروجیکٹ کا آغاز کیا ہوا ہے جس کی شروعات بلتستان سے کی گئی ہے۔ اس پروجیکٹ کے ذریعے بےسہارا یتیموں کی ہر ماہ مالی معاونت کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں اب تک پانچ قسطوں میں تقریباً ایک کروڑ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم بلتستان کے شعبہ فلاح و بہبود کے ترجمان نے کہا کہ مجلس وحدت مسلین نے بلتستان بھر میں فلاح و بہبود کے لئے مختلف پروجیکٹس شروع کر رکھے ہیں جن کا مقصد عوام کے لئے بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے۔