وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے اہم مالیاتی اداروں کی تباہی کسی طور برداشت نہیں کرے گی۔ قواعد و ضوابط کو پائمال کرکے انتہائی جونیئر شخص کو نیٹکو کے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی دینا ادارے کے سینیئر اور قابل ملازموں کے ساتھ سراسر ناانصافی اور ظلم کے مترادف ہے۔ایم ڈی نیٹکو نے چند عارضی ملازمین کے ساتھ ملکر پورے ادارے کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ماضی میں گلگت بلتستان کے ایک اہم ادارہ چائنا ٹریڈ میں بھی اپنے مفادات کی خاطر ادارے کو تباہ و برباد کیا گیا جس کی وجہ سے سینکڑو ں افراد کا روزگار چھن گیا۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کمپنی گلگت بلتستان کا قیمتی سرمایہ ہے جس نے علاقے کے ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کیا ہوا ہے اور اس ادارے میں ملازمتیں حاصل کرنے کا اولین حق صرف اور صرف گلگت بلتستان کے عوام کو ہے ۔ کسی دوسرے صوبے کے کسی ٹرانسپورٹ کمپنی میں گلگت بلتستان کے عوام کو ملازمت کا حق حاصل نہیں تو گلگت بلتستان کی ٹرانسپورٹ کمپنی میں بھی غیر مقامیوں کو ملازمتوں کا حق حاصل نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پہلے ہی ہزاروں افراد بے روزگار ہیں جن کے حقوق پر شب خون مارنا علاقے کے عوام کے ساتھ امتیازی سلوک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کمپنی میں جتنے بھی غیر مقامی افراد کو ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں فوری طور پر منسوخ کردی جائیں اور گلگت بلتستان کے عوام کو ان کی جگہ ملازمتیں فراہم کی جائیں۔ اپنے ذاتی مفادات کی خاطر علاقے کے اہم مالیاتی ادارے کے منیجنگ پوسٹ پر تعینات غری مقامی نا اہل فرد کو فوراً برطرف کرکے ان کی جگہ مقامی اہل اور دیانت دار آفیسر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر یہ ادارہ بھی چائنا ٹریڈ کی طرح کم وقت میں دیوالیہ ہوجائیگا۔ انہوں نے حکومت گلگت بلتستان سے اس سلسلے میں فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور اگر ہمارے تحفظات کو دور نہ کیا گیا تو مجلس وحدت مسلمین پورے گلگت بلتستان میں تحریک چلانے پر مجبور ہوگی۔