وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی نے کرسمہ تھنگ امام بارگاہ میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کربلا اور محرم کسی مردہ یزید کو برا کہنا نہیں بلکہ اپنے دور کے یزیدوں، فرعونوں اور ظالموں کے خلاف قیام کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا تلوار پر خون کی فتح اور قلت کا کثرت پر غلبے کا نام ہے۔ دور حاضر میں انہی افراد کو کربلائی اور عاشورائی کہلانے کا حق حاصل ہے جو ظلم کی بساط کو لپیٹنے اور الٰہی اقدار کی احیاء کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لیے آمادہ ہو۔ شیخ زاہد حسین زاہدی نے کہا کہ نظام ظلم کے ساتھ سجمھوتہ کرنے والے افراد اپنا نام کربلائی اور عاشورائی صفوں میں ہرگز نہ ڈھونڈیں۔ انہوں نے کہا کہ کربلا ہر دور میں ہر عہد میں، ہر علاقہ، ہر زمان میں ظالم قوتوں کے خلاف اعلان بغاوت اور اعلان جنگ کا نام ہے۔