ایم ڈبلیوایم اور پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے قائدین کا جی بی کو آئینی صوبہ بنانے کے وزیر اعظم کے اعلان پر خراج تحسین

02 November 2020

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری جنرل علامہ آغاعلی رضوی اور پاکستان تحریک انصاف بلتستان ڈویژن کے صدر وزیر ولایت علی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان کے غیور عوام کو یکم نومبر یوم آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے مبارکبادی عرض کرتے ہیں۔گلگت بلتستان اب سے تہتر سال قبل یہاں کی غیور عوام نے اپنے زور بازو سے قابض ڈوگروں کے چنگل سے آزاد کرایا اور وطن عزیز پاکستان کے ساتھ ایک اہم اکائی کی صورت میں ملحق ہوگئے۔آزادی کو سات دہائیاں  بیت چکیں مگر حقیقی آزادی اور قومی تشخص سے لاکھوں کی آبادی اور ہزاروں مربع کلومیٹر خطہ محروم رہا۔ مختلف موقعوں پر اس خطے کو تشخص دینے کیلئے سیاسی رہنماؤں  اور جماعتوں کی طرفسے وعدے وعید تو بہت ہوئےلیکن وعدہ وفا ہونے میں سات دہائیاں بیت چکیں۔ عوام اور خطہ احساس محرومی کا شکار رہا۔ نہ ہی آئینی طور پر اس خطے کو تسلیم کیا گیا اور نہ ہی متنازعہ خطے کے حقوق دینا ضروری سمجھا گیا۔ خطہ گلگت بلتستان کو کشمیر کاز کیساتھ منسلک تو کیا جاتا رہا، مگر جموں کشمیر کی طرز کا سیٹ اپ ملا نہ ہی آزاد کشمیر والے سیٹ اپ کے قابل سمجھا گیا۔ جس کے نتیجے میں خود ملک عزیز پاکستان کی پالیسیاں زیر سوال آتارہا۔

رہنماؤں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان کیجانب سے یوم آزادی کے دن گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کے اہم ترین فیصلے کا اعلان ہونا گلگت بلتستان کی محکوم عوام کے دیرینہ مطالبات کے حل کی طرف یقینا اہم ترین پیشرفت ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی قیادت کیطرفسے روز اول سے یہ مطالبہ واضح طور پر کیا جاتا رہا کہ گلگت بلتستان کو یہاں کی عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق مکمل حقوق فراہم کئے جائیں، خطے کو شناخت دی جائے، محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے اور نوجوان نسل کے ذہنوں میں اٹھنے والے سوالات اور کنفیوژن کا خاتمہ کیا جائے۔آمدہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے بنیادی ترین اور اہم ترین نکات میں یہی مطالبہ سرفہرست رکھا گیا اور اب الحمدللہ حسب وعدہ وزیر اعظم پاکستان کی طرفسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت اس اہم ترین مطالبے کو عملی جامہ پہنانے کیطرف پہلا قدم اٹھاچکے ہیں، جس پر خطے کے عوام کو یقینا خوشی ہے۔

آغا علی رضوی نے کہاکہ مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اس اہم اعلان پر وزیر اعظم پاکستان کو خراج تحسین پیش کرچکے ہیں، ہم گلگت بلتستان کے غیور عوام کیجانب سے اس اہم پریس کانفرنس کی توسط سے عوام کے دیرینہ مطالبے کو عملی جامہ پہنانے کیطرف اہم ترین پیش رفت اور جرات مندانہ فیصلے پر وزیر اعظم پاکستان  جناب عمران خان، انکی پوری ٹیم اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اس اہم ترین فیصلے سے یقینا عوام کو موجودہ حکومت پر اعتماد پہلے زیادہ مستحکم ہوگا، دشمن کی ملک دشمن سازشیں اپنی موت آپ مرجائیں گی، اور خطہ روشن مستقبل کا خواب دیکھے گا۔

انہوں نے کہاکہ عبوری آئینی صوبے کے قیام سے ملک کے دیگر صوبوں کی طرح گلگت بلتستان کو بھی ترقی کے مواقع میسر آئیں گے، صحت اور تعلیم کے ادارے مستحکم ہوں گے، میگا پراجیکٹس پر کام ہوگا ، انفراسٹرکچر بہتر ہوگا ، ملک کے اہم اداروں میں عوام کی نمائندگی ہوگی۔نیز فیصلہ ساز ادارہ جات، پارلیمان میں عوام کی نمائندگی ہوگی، این ایف سی اور مالیاتی اداروں و دیگر میں برابر حصہ ملےگا۔ہم توقع کرتے ہیں کہ وزیر اعظم پاکستان کیطرفسے اعلان ہوئے فیصلے پر عمل درآمد میں تاخیر نہیں ہوگی اور جلد عملا اس اہم فیصلے کے ثمرات عوام اور خطے کو پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکے ساتھ ساتھ ہم جناب وزیر اعظم پاکستان سے توقع کرتے ہیں کہ عوام کی اہم ترین ضروریات اوربڑے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ان میں اہم ترین معاملہ سی پیک میں گلگت بلتستان کیلئے جائز حصہ دلانے کا ہے۔ ہم وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سلسلے میں گلگت بلتستان کو جائز حصہ دلانے کو یقینی بنائی جائے۔جی بی میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کا قیام اہم ہے۔ بلتستان میں وومن یونیورسٹی ، میڈیکل اور انجنئیرنگ کالجز کے قیام کی ضرورت ہے جسکا ہم اس پریس کانفرنس کے توسط سے مطالبہ کرتے ہیں۔سکردو میں 250 بیڈ ہسپتال کی تعمیر وزیر اعظم کا اہم تحفہ ہے، جسکی قدر کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ ضلعی طبی ادارو ں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے۔ شتونگ نالے کو سد پارہ ڈیم میں شامل کرکے ڈیم کے قیام کے مقاصد کو حاصل کرنے کی ضرورت ہےہم توقع کرتے ہیں کہ وزیر اعظم اس سلسلے میں اقدامات اٹھائیں گے۔ سکردو شاہراہ کو ابتدائی نقشے کے مطابق مکمل کروانے خاص طور پر ٹنلز کے بنانے کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم پاکستان نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور کام کرنے والے ادارہ ایف ڈبلیو او کو نقشے کے مطابق کام مکمل کرنے کا پابند بنائیں۔

انہوںنے مزید کہاکہ گلگت بلتستان کی زمینوں کو خالصہ سرکار قرارد یکر عوام کو انکی زمینوں سے بےد خل کرنےکی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ اس سلسلے کے سد باب کی اپیل کرتے ہیں۔ ایسا کرنا عوام کیساتھ ظلم ہے۔ سرکاری تعمیرات کیلئے عوام کی مرضی کے مطابق جائز معاوضہ اداکرکے زمینیں حاصل کی جائیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree