وحدت نیوز(روندو)مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور سابق نامزد امیدوار برائے گلگت بلتستان اسمبلی ڈاکٹر مشتاق حکیمی ایک وفد کے ہمراہ حلقہ چار روندو سے منتخب شدہ نمائندہ راجہ ناصر عبداللہ کو مبارکباد دینے ان کی رہائشگاہ پہنچے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اپنی پارٹی، سپوٹرز اور ووٹرز کی طرف سے تبریک دیا۔
ڈاکٹر صاحب نے راجہ صاحب سے کہا کہ آپ کل تک راجہ تھے اور آج کے بعد قوم کے خادم ہیں، لہذا جب تک آپ عوامی امنگوں کے مطابق خدمت کرتے رہیں گے ہم آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، لیکن اگر کہیں انحراف آجائے تو پھر ہماری طرف سے سخت اپوزیشن کا مظاہرہ ہوگا۔
ڈاکٹر صاحب نے مزید کہا کہ اب راجہ صاحب کی انفرادی حیثیت نہیں بلکہ آپ کی ہر اچھائی پر روندو کی عوام فخر کریں گے اور ہر کمزوری ہمارے لئے شرمساری کا باعث بنے گی لہذا آپ کو دینی اقدار کی ترویج اور غیر دینی امور سے اجتناب کرنا ہوگا، اور معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام کے لیے کوشاں رہیں گے۔
ڈاکٹر صاحب نے مزید برآں کہ دیا کہ آپ کے منصب کا تقاضا ہے کہ بعض کام آپ کی پسند کے باوجود ترک کرنے ہونگے اور بعض کام نہ چاہتے ہوئے بھی انجام دینے ہونگے۔
ڈاکٹر صاحب نے دینی اقدار کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روندو مومنین کی سرزمین ہے اور امید ہے راجہ صاحب ایسا کام نہیں کریں گے کہ جس سے مومنین کی دل آزاری ہو۔
آخر میں راجہ صاحب نے ڈاکٹر صاحب اور ہمراہ وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر وقت ڈاکٹر کے مشورے سے استفادہ کریں گے۔وفد میں علامہ شیخ علی نقی حیدری، علامہ جوہر علی حکیمی، ایم ڈبلیو ایم رہنما آخوند اظہر، جی ایم، غلام عباس، روشن علی، چئیرمن محمال اور دیگر شریک تھے۔