وحدت نیوز(گلگت)گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقپون سے رہنما مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان و نو منتخب رکن جی بی اسمبلی محمد کاظم میثم ، ایم ڈبلیوایم ضلع کھرمنگ کے سیکریٹری جنرل اور رکن اسمبلی شیخ اکبر علی رجائی اور ایم ڈبلیوایم کی خاتون رکن اسمبلی محترمہ کنیز فاطمہ نے آج گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں گلگت بلتستان کی مجموعی سیاسی صورتحال بلخصوص حلقہ نمبر دو کی پسماندگی سمیت پینے کے صاف پانی کے مسائل، انفراسٹرکچر کے مسائل،صحت کے مسائل،تعلیمی مسائل اور دیگر تمام ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقپون نے کہا کہ حلقہ نمبر دو گلگت بلتستان میں محروم ترین حلقہ ہے اس حلقے کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے وفاقی حکومت بھرپور کردار ادا کرے گی۔
گورنر جی بی کا کہنا تھا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور وفاقی حکومت کی جانب سے جو اعلانات ہوئے ہیں انکی عملدرآمد کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔
گورنر جی بی نے آخر میں انتخابات میں میثم کاظم کی بھاری اکثریت سے کامیابی اور دیگر اراکین اسمبلی کے کامیابی پر آغا علی رضوی اور مجلس وحدت مسلمین کی قیادت کو مبارکبادپیش کی۔