وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنما اورصوبائی وزیر زراعت محمد کاظم میثم نے سانحہ اے پی ایس کی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ جو قیامت آرمی پبلک سکول پشاور میں برپا ہوئی اس کا غم کبھی ختم نہیں ہوسکتا۔ سانحہ اے پی ایس کی چھٹی برسی پر اپنے اخباری بیان میں انکا کہنا تھا کہ جنگ کی سنگین صورتحال میں بھی تعلیمی اداروں اور بچوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا مگر یہ شقی القلب درندے کمسن معصوم بچوں کو جدید ہتھیاروں سے نشانہ بنانے سے نہیں چونکے۔ جب جب اس دلخراش واقعے کا تذکرہ ہو انسانیت ہمیشہ ان درندوں پر لعنت برساتی رہے گی۔
در اصل اس دن ملک دشمنوں نے ملک عزیز کے مستقبل کے معماروں کو نشانہ بنا کر ہمارے مستقبل کو تاریک کرنے کی کوشش کی، جبکہ ان 144 خاندانوں نے اپنی استقامت اور ثابت قدمی سے ثابت کیا کہ وقت کے سفاک ترین درندے چاہے لاکھ کوشش کرے ملک عزیز کی نظریاتی سرحدوں پر کبھی آنچ آنے نہیں دینگے۔ ہمارا بچہ بچہ خون تو دے سکتا ہے مگر کبھی ریاست مخالف انتہاپسندوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب ہونے نہیں دے گا۔