وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے گلگت بلتستان کے سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ کلمہ لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر اسی عوام نے ڈوگرہ راج کو مار بھگایا تھا اور اس خطے کو آزاد کرایا تھا۔ یہاں کے عوام کی 70 سالہ جدوجہد پاکستان کا آئینی حصہ بننے کے لیے تھا۔ گلگت بلتستان کے عوام سے بڑھ کر کسی اور نے پاکستان کی سالمیت کے لئے قربانی نہیں دی۔
انہوں نے کہاکہ معرکہ کارگل میں یہاں کے عوام نے جو قربانی دی وہ تاریخ کا روشن باب ہے۔ یہاں کے سپوت ہی تھے جنہوں نے معرکہ کارگل میں انڈیا کو ناکوں چنے چبوائے تھا۔ گلگت بلتستان کے عوام کو حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کسی سے نہیں لینا اور نہ ہی ریاستی اداروں بالخصوص پاکستان آرمی کو اس خطے میں کمزور ہونے دینا ہے۔ یہاں کے عوام پاک فوج اور تمام ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ یہاں کے عوام پاکستان کی سالمیت کے لئے ہر طرح کی قربانی کے لئے تیار ہے۔
آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ منفی طاقتوں کا بیانیہ گلگت بلتستان کے عوام کی امنگوں کے برعکس ہے اور گلگت بلتستان میں اس سمیت دیگر ملک مخالف بیانیے کو جس سے وطن عزیز پاکستان کی سالمیت کے اداروں کو نقصان پہنچتا ہو ہم یکسرمسترد کرتے ہیں۔ ہم ہندوستان سمیت امریکہ و اسرائیل اور دیگر عالمی طاقتوں کو یہ پیغام دینا چاہیں گے کہ تم لاکھ کوششیں کرو نہ سی پیک جیسا گیم چینجر فارمولا جس سے گلگت بلتستان اور پاکستان کی تقدیر بدلنا ہے کو نقصان پہنچانے دیں گے اور نہ ہی پاکستان کی سالمیت پر آنچ آنے دیں گے۔