وحدت نیوز(سکردو) جنرل آغا علی رضوی نے سولہ مئی یوم مردہ باد امریکہ کی مناسبت سے احتجاجی جلسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسکی ناجائز ریاست مظلوم فلسطینی مسلمان پر ظلم و جبر کی انتہا ڈھانے پر تل گئے ہیں۔ غزہ میں شہری علاقوں پر مسلسل بمباری عالم انسانیت کی ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہے مگر واضح طور پر نظر آرہا ہے مقاومتی طاقتیں اب مظالم سہہ کر خاموش رہے والے نہیں، اسلئے اب میزائلوں کا جواب میزائلوں سے دیا جارہا ہے جسے روکنے میں استکباری طاقتوں کی تمام تر ٹیکنالوجی ناکام ہوچکی ہیں۔
آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک کو چاہئے کہ ہم آواز ہوکر استکباری طاقتوں کیخلاف اقدامات اٹھائے۔ بعض مسلم حکومتیں مجرمانہ خاموشی اختیار کئے بیٹھے ہیں مگر عوامی سطح پر تمام مسلم برادری اس ظلم و بربریت کیخلاف ہم آواز ہیں۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بلتستان ڈویژن اور مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام غاصب و جابر صیہونی رجیم اسرائیل کے ناپاک قیام یوم نکبہ اور شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے فرمان کے مطابق یوم مردہ امریکہ کی مناسبت سے سکردو میں منعقدہ احتجاجی جلسے سے صوبائی سکریٹری جنرل آغا علی رضوی اور دیگر مقررین نے خطاب کئے۔
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے اس موقع پر بائیک ریلی کا انعقاد کیا جو شہر کے مختلف چوک چوراہوں سے ہوتا ہوا یادگار شہداء پر جلسے کی صورت اختیار کرگئی۔ عالمی استکباری طاقتوں کیخلاف بالخصوص مشرق وسطیٰ میں جاری غاصیب صیہونی ریاست قتل و غارتگری کیخلاف بھرپور احتجاج کیا گیا۔ واضح رہے مرکزی سکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم مردہ باد امریکہ کے روز ملک کے گوش و کنار میں اسرائیل اور اسکے حواریوں کیخلاف احتجاج کی کال دے رکھی تھی۔ اس سلسلے میں سکردو میں منعقدہ اس جلسے میں مختلف مکاتب فکر اور تنظیموں سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام شریک ہوئے اور جلسے سے خطاب کئے۔
مقررین میں سکریٹری جنرل آغا علی رضوی کے علاوہ شیعہ علماء کونسل بلتستان کے صدر شیخ محمد رضا بہشتی اور رہنما ایس یو سی شیخ ذوالفقار انصاری اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے عہدیدار شامل تھے۔ جلسے میں ڈپٹی سکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شیخ احمد علی نوری اور شیخ علی محمد کریمی سمیت مختلف تنظیمی عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کیں۔ مقررین نے اس موقع پر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں بھرپور آواز اٹھانے، غاصب صیہونی ریاست کی بربریت کی مذمت اور عالمی استکباری طاقتوں سمیت بعض مسلم ممالک کی مجرمانہ خاموشی اور صیہونیوں کی پس پردہ حمایت کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع ہے ظالم اور مظلوم میں فرق جان کر مظلوم کی حمایت اور ظالم سے اظہار براءت کا۔
شیعہ علما کونسل کے صدر شیخ رضا بہشتی اور مولانا ذوالفقار انصاری نے کہا کہ غاصب صیہونی ریاست کا خاتمہ قریب ہے جس کی پیش گوئی رہبر معظم بارہا فرما چکے ہیں۔ اسرائیل کیخلاف مقاومتی طاقتوں کیجانب سے پتھر اور غلیل سے بڑھ کر میزائلوں کے ذریعے تل ابیب اور دیگر شہروں پر حملوں کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ظلم کا خاتمہ یقینی ہے جس کیلئے اب مظلوموں کے مددگار یکجا اور طاقتور ہورہے ہیں۔