وحدت نیوز(سکردو) سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد زیدی نے مجلس وحد ت مسلمین کے اراکین اسمبلی علامہ شیخ اکبر رجائی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے وومن ڈیویلپمنٹ محترمہ کنیز فاطمہ علی کے ہمراہ ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔ ہسپتال کو درپیش مشکلات و مسائل پر ایم ایس ڈاکٹر حیدر اور دیگر ذمہ داران کیجانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ایم ایس نے کہا کہ ہسپتال پر پورے بلتستان ریجن کی آبادی کا انحصار ہے جبکہ فنڈز ، سہولیات اور ویکنسیز کو دیکھا جائے تو گلگت بلتستان کے کسی ضلعی ہسپتال سے بھی انتہائی کسمپرسی کا شکار ہے۔
میڈیکل سپرنٹینڈنٹ نے اس دوران ارکان اسمبلی کو بتایا کہ صوبائی سطح پر اس اہم ترین ہسپتال کی بابت اہم کردار کرنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ چند اراکین کیجانب سے اے ڈی پیز سے حصہ دینا آٹے میں نمک کے مترادف ہوتا ہے، جس سے کوئی ایک بلاک تو کیا بہتر کوالٹی کی مشین بھی لانا ممکن نہیں ہوتا۔ لھاذا ضروری ہے کہ صوبائی سطح پر خصوصی اقدامات کیلئے تمام ممبران اسمبلی کو موثر کردار ادا کرنے کی گزارش کرتے ہیں۔