وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین ضلع سکردو کے زیر اہتمام جوانوں اور طلبہ کیلئے عالمی و فکری نشست کا انعقاد صوبائی سیکریٹریٹ سکردو ہوا۔ سابق امیدوار و معروف اسکالر ڈاکٹر مشتاق حکیمی، شگر کے ضلعی سیکریٹری جنرل معروف عالم دین شیخ اشرف شگری، ماہر تعلیم و ترجمان ایم ڈبلیو ایم رسول میر، ضلع سکردو کے سکریٹری جنرل شیخ فدا علی ذیشان اور شریف ولی کھرمنگی نے مختلف موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی۔ جوانوں اور عصر حاضر میں انکی ضروریات کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق حسین حکیمی نے کہا کہ جوانوں اور طلبہ کو زمانے کے تقاضوں کیمطابق اپنے آپ کو سنوارنے کی ضرورت ہے۔ شیخ اشرف شگری نے اپنی گفتگو میں کہا کہ یہ نوجوانی کا خوبصورت اور ولولہ انگیز دور ہے جس میں انسان ناممکن کو ممکن بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایک روزہ سیشن میں کرنٹ افیئرز پر گفتگو کرتے رسول میر نے کہا کہ عالمی منظر نامے میں پل پل تبدیلیاں رونما ہورہی ہوتی ہیں، تاہم ہم میں سے بہت کم لوگ ہیں جو اس بدلتے منظر نامے سے اپ ٹو ڈیٹ رہتے ہوئے اس کے تناظر میں اپنی ذمہداریوں کو سمجھ سکے۔ ضلعی سیکریٹری جنرل اور پروگرام کے مہتمم شیخ فدا علی ذیشان نے شرکاء اور خطباء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کیطرفسے مختلف علاقوں میں قایم چیک پوسٹوں کو ختم کرنے کی خبریں چل رہی ہیں ، یہ انتہائی تشویشناک بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے سدباب کیلئے سیکیورٹی اقدامات میں تسلسل کی ضرورت ہے۔ کیرئیر کونسلنگ کے عنوان سے شریف ولی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ نہم تا بارہویں کلاس تک کسی بھی طالبعلم کی تعلیمی کیریئر کا اہم ترین دور ہوتا ہے، اس دور میں کامیابی و ناکامی نوجوان کے مستقبل کی تعیناتی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ پروگرام میں شہر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایک سو کے قریب طلبہ شریک ہوئے جنہوں نے مقررین سے متعلقہ عنوانات سے متعلق سوالات پوچھے۔