وحدت نیوز (سکردو) یکم نومبر یوم آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایڈمینسٹریشن کمپلکس سکردو میں ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں صوبائی وزیر زراعت و رہنما مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کاظم میثم، وزیر سیاحت جی بی راجہ ناصر علی خان، کمشنر بلتستان، ڈی آئی جی بلتستان، ڈپٹی کمشنر سکردو، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس، صحافی حضرات اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کیں۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کیں اور سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہاں کے عوام نے اپنی مدد آپ اور بہترین حکمت عملی کے ذریعے گلگت بلتستان کو آزادی دی اور ان تمام شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں کے نتیجے میں ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ آج کا دن کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اسلاف کی نقش قدم پر چلتے ہوئے اس خطہ کی آزادی کو برقرار رکھنے اور اس کی تعمیروترقی کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت گلگت بلتستان اس خطے کی تعمیر و ترقی کے لئے پرعزم ہے اور اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں تاکہ یہاں کے عوام بھی وطن عزیز پاکستان کے دیگر شہریوں کی طرح زندگی کے تمام وسائل حاصل کر سکیں اور وطن عزیز پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔