وحدت نیوز(سکردو) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کی مناسبت سے صوبائی وزیر زراعت و رہنما مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے کہا کہ مفکر اسلام علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے عظیم خواب کی تعبیر نہیں ملتی اگر بر صغیر میں محمد علی جناح جیسی عظیم شخصیت نہ ہوتی۔انکی بابصیرت،ولولہ انگیز قیادت،مخلصانہ جدوجہد کے نتیجے میں وطن عزیز معرض وجود میں آیا۔
قائد اعظم کی کامیاب جدوجہد نے جو نقوش چھوڑے ہیں وہ مستضعف اقوام کے لئے امید کی کرن ہے۔کم ترین وسائل کے باوجود جو عزم کیا اس کو کامیابی سے ہم کنار کر کے ثابت کیا کہ اللہ پر غیر متزلزل یقین،عوام کا اعتماد،مخلصانہ اور حکمت عملی سے بھرپور جدوجہد ہو تو دنیا کی ساری مخالف طاقتیں ہیج ہیں۔وطن عزیز پاکستان کی پیشرفت اور استحکام بھی اس میں مرموز ہے کہ ملک کی خارجہ اور داخلہ پالیسی کے خطوط وہی ہوں جو جناح نے کھینچے تھے۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی قائدانہ صلاحیتوں کے معترف دوست دشمن سب ہیں۔آج ہم جس آزادی کی فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں وہ جناح اور جدوجہد آزادی میں شریک دیگر محسنوں کے احسانات ہیں۔تاریخ اقوام عالم میں جو روشن باب پاکستان کی صورت میں ہوا ہے وہ تابناک ترین باب ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں جب بھی جدوجہد آزادی کی تاریخ رقم کی جائیگی ان میں قائد اعظم اور علامہ اقبال کا نام جلی حروف میں رقم ہو گا۔