وحدت نیوز (گلگت) دہشت گردوں کو پھانسی کے پھندے سے بچانے کی بان کی مون کی سفارش قابل مذمت ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے طرزعمل نے ثابت کردیا کہ انہیں معصوم پاکستانیوں سے زیادہ دہشت گردوں سے ہمدردی ہے۔پاکستان ایک خود مختار ریاست ہے کسی کے ڈکٹیشن کی کوئی ضرورت نہیں،انسانی حقوق کی آڑ میں دہرا معیار قابل قبول نہیں۔
ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی، سیکریٹری سیاسیات غلام عباس اور سیکریٹری اطلاعات سعید الحسنین نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے موقع پر جب پوری پاکستانی قوم، حکومت اور پاک فوج ملک عزیز سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے پر متحد ہوچکی ہے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دہشت گردوں کو پھانسی دینے کے عمل کو رکوانے کی سفارش کرنا پوری پاکستانی قوم سے اعلان جنگ اور دہشت گردوں کی پشت پناہی کو ثابت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ گنتی کے چند ممالک کی نمائندگی کی بجائے عالم انسانیت کی نمائندگی کرنی چاہئے۔امریکہ اور اس کے اتحادی عالم انسانیت کے دشمن ہیں جو پوری دنیا میں انسانی حقوق کے نام پر دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں۔فلسطین،افغانستان، عراق ، مصر، لیبیا اور شام میں انسانی حقوق کی پائمالی پر تو اقوام متحدہ مکمل خاموش ہے اور اسرائیلی درندوں جو ہزاروں فلسطینی بچوں کے قاتل ہیں کو تحفظ فراہم کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہیں۔پاکستان قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہوچکی ہے اور اقوام متحدہ کے بے جان ادارے کی ڈکٹیشن کی محتاج نہیں،دہشت گردوں کو مہلت دینا انصاف کو قتل کرنے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کا تحفظ زیادہ عزیز ہے اور دفاع وطن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ دہشت گردوں کو پھانسی کے پھندے تک پہنچانے میں لیت و لعل سے کام لیا گیا تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہونگے ۔