وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین نے گلگت بلتستان قومی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے والے حتمی امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لینے والوں میں اسکردو حلقہ 1 سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم بلتستان شیخ زاہد حسین زاہدی، سکردو حلقہ دو سے کاچو امتیاز حیدر خان،سکردو حلقہ تین سے وزیر محمد سلیم،سکردو حلقہ چار سے راجہ ناصرعلی خان،سکردو حلقہ پانچ سے ڈاکٹر شجاعت حسین میثم، سکردو حلقہ چھ سے لیکچرار فدا علی شگری شامل ہیں۔ تمام امیدواران گلگت بلتستان کے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لیں گے ۔ مجلس وحدت مسلمین نے گلگت بلتستان میں نئے چہروں اور جوانوں کو سامنے لاکر نئی روایت قائم کی ہے۔ ٹکٹ جاری کرنے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن آغا علی رضوی نے کہا کہ تمام امیدواران مجلس وحدت مسلمین کی پالیسی اور منشور کے پابند ہونگے اور عوامی حقوق کی جنگ لڑنے کے لیے سب سے آگے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجلس وحدت مسلمین کا کوئی امیدوار انتخابات میں فتح یاب ہونے کے بعد عوامی امنگوں اور توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب نہ ہو جائے تو انہیں مجلس وحدت کی رکنیت سے معطل کیا جائے گا۔ مجلس وحدت ہر صورت میں عوامی حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی ۔