وحدت نیوز (گلگت) قومی مفاد کے سامنے جزوی اختلافات کوئی حیثیت نہیں رکھتے۔ مجلس وحدت مسلمین باکردارامیدواروں کو سامنے لائے گی اور الیکشن میں ہم خیال جماعتوں سے اتحاد کو یقینی بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائینگی۔ایم ڈبلیوایم ایک حقیقت کا نام ہے اور گلگت بلتستان اسمبلی کے الیکشن میں عوامی خدمت کے جذبے سے حصہ لے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کا حکمران جماعت نواز لیگ کے سوا باقی تمام جماعتوں سے انتخابی اتحاد خارج از امکان نہیں۔شیعہ علماء کونسل سمیت دیگرتمام جماعتوں سے انتخابی اتحاد کیلئے مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی حامی جماعت ہے جو مظلوموں کو انصاف دلوانے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ وفاقی حکمرانوں نے گلگت بلتستان کے عوام کا استحصال کیا ہے اور اس علاقے میں بسنے والے دو ملین عوام کو تاحال شناخت سے محروم رکھا گیا ۔وفاقی حکمرانوں نے گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ صرف زبانی وعدوں کے علاوہ کچھ نہیں کیا اور وزیر اعظم پاکستان کا حالیہ دورہ صرف الیکشن چرانے غرض سے تھا ۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل جھوٹے وعدے کرنے والی جماعتوں کا عوام خود احتساب کرینگے کیونکہ ماضی میں بھی حکمران جماعتوں نے الیکشن پر اثر انداز ہونے کی غرض سے بہت سے جھوٹے وعدے کئے تھے جو تاحال پورے نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مستقبل کا دارومدار اقتصادی راہداری پر منحصر ہے اور حکمران جماعت اس سنہرے منصوبے کو ہائی جیک کرنے کیلئے گلگت بلتستان میں چھوٹے موٹے منصوبوں کے اعلانات کے ذریعے عوامی مینڈیٹ چرانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا اگر نواز حکومت واقع گلگت بلتستان کے عوام سے مخلص ہے تو اقصادی راہداری کا ونڈو گلگت بلتستان میں قائم کرے ۔انہوں نے کہا مجلس وحدت مسلمین واحد سیاسی جماعت ہے جس کے پلیٹ فارم تمام مسالک کے سیاسی نمائندوں نے الیکشن لڑنے کیلئے فارم حاصل کئے ہیں۔