وحدت نیوز (گلگت ) ہراموش وین دھماکہ جو خالصتاً دہشت گردی کا واقعہ ہے کے تفتیشی رخ کو موڑنے کیلئے ضلعی ایڈمنسٹریشن کے آفیسران میڈیا ٹرائل پر اتر آئے ہیں جبکہ حکومت کا کہیں وجود نظر نہیں آرہا ہے۔ اتنے بڑے وقعے کو حکومت نے سنجیدہ نہیں لیا اور ضلعی آفیسران کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے اور وہ حکومتی ترجمان بن چکے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اس طرح کے بیانات خود قانون کی خلاف ورزی ہے۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے ایک بار پھر بیوروکریسی گلگت بلتستان پر مسلط ہوچکی ہے۔ دہشت گردی کے اتنے بڑے واقعے پر اب تک باضابطہ طور حکومتی موقف کا سامنا نہ آنا انتہائی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے ڈی سی گلگت، ایس ایس پی گلگت کے بیانات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات سے صرف دہشت گردوں کو ہی فائدہ ہوسکتا ہے ،اس سے اندازہ ہورہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ خود دہشت گردوں کی سپورٹ میں عوام کے خلاف فریق بننا چاہتی ہے۔ اگر دہشت گرد ان کو اتنے ہی پیارے ہیں تو پھر اپنی پوزیشن کو عوام پر واضح کریں پھر عوام جانیں اور دہشت گرد جانیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے تفتیش کا رخ موڑنے کیلئے گلگت سے بارود کے باکس اٹھائے ہیں اور رات کی تاریک کا فائدہ اٹھاکر موقع واردات تک پہنچایا ہے تاکہ توجہ کو دوسری طرف مبذول کیا جاسکے۔ یہ کیسا بارود تھا کہ گاڑی کا توپرزہ پرزہ ہوگیا ہے اور ان بارود کے باکسز کو کوئی خراش تک نہیں آیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعے کو حادثہ قرار دینا دہشت گردوں کو سپورٹ کرنے کے مترادف ہے اور اگر یہی روش جاری رہی تو سیکورٹی کے اداروں سے عوام کا اعتماد اٹھ جانے کا قوی امکان ہے لہٰذا اس غیر منطقی روش کو ترک کیا جائے بصورت دیگر عوام کو سڑکوں پر آنے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔