وحدت نیوز (گلگت) سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کا یمن کے عوام پر جارحیت دشمنان اسلام باالخصوص صیہونی ریاست (اسرائیل ) کی غلامانہ خدمت ہے۔آل سعود یمنی عوام پر شجاعت و جرات کے جوہر دکھانے کی بجائے مظلوم فلسطینی جو ایک عرصے سے اسرائیل کے وحشیانہ مظالم کا شکار ہیں کیوں مدد نہیں کررہا۔سعودی اتحاد میں شامل ہوکر نواز لیگ نے ثابت کردیا کہ وہ سب سے بڑی فرقہ پرست جماعت ہے۔مظلوم فلسطینیوں کو اسرائیلی درندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر صرف اور صرف یمن کے سابق صدر کو دوبارہ اقتدار دلوانے کیلئے یمنی عوام پر وحشیانہ بمباری اسرائیل کی نمک حلالی کے سوا کچھ بھی نہیں۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد بلال سمائری نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینی جو ایک عرصے سے مدد کیلئے پکار رہے ہیں اور آج بھی مدد کے طالب ہیں کیلئے سعودی حکمرانوں نے کچھ نہیں کیااور عرب حکمران صرف اور صرف اپنے اقتدار کو بچانے نیز اپنے آقاؤں اسرائیل اور امریکہ کی خوشنودی کیلئے اپنے ہی عوام پر مظالم کے پہاڑ گرائے جارہے ہیں۔کیا عربوں کیلئے اسرائیل سے کوئی خطرہ نہیں جبکہ غاصب اسرائیل نے فلسطین کے عوام کو اپنی سرزمین سے بیدخل کیا ہے جنہیں اپنی سرزمین فلسطین پر دوبارہ آباد کرنے کیلئے عربوں کی غیرت مرگئی ہے؟۔انہوں نے کہا کہ غاصب اسرائیل کے قبضے سے فلسطین کو چھڑوانے کیلئے تو عرب اتحاد وجود میں نہیں آیا اسرائیل کے وحشی درندے جب معصوم فلسطینی بچوں و خواتین کا قتل عام کررہے تھے تو یہی سعودی لابی عیش و طرب کی محفلیں سجارہے تھے۔جب انہی عرب ممالک کے عوام اپنے حقوق کیلئے میدان میں آئے تو انہیں کچلنے کیلئے اپنے آقاؤں کے اشاروں پر مسلمانوں کے خلاف جارحیت پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی لابی نے صیہونی حکومت کی خوشنودی کی خاطر پورے خطے کو فتنہ وفساد کی نذر کرکے مسلمانوں کی تباہی کا سامان فراہم کیا ہے۔ انہوں نے نواز حکومت کوخبر دارکرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے اشاروں پر بننے والے اس سعودی اتحاد کا حصہ بننے باز رہیں کیونکہ یہی سعودی لابی شام، عراق،ا فغانستان اور پاکستان میں دہشت گرد گروہوں کی مکمل پشت پناہی کررہی ہے اور ہماری پاک فوج ان دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہے نیزاس اتحاد میں شامل ہونے سے دہشت گرد گروہوں کو تقویت مل جائیگی اور ملک عزیز میں دہشت گردی میں اضافہ ہوگا۔انہوں کہا کہ آج یمنی عوام پر سعودی جارحیت اور اس پرائے جنگ میں حکومت کو باز رکھنے کیلئے مجلس وحدت مسلمین بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائے گی ۔