وحدت نیوز (شگر) مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار برائے حلقہ6شگر فدا علی شگری نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین شگر کی حالیہ الیکشن میں شکست کو آئندہ کیلئے کامیابی کی سیڑھی سمجھتا ہوں۔عید الفطر کے بعد پوری قوت کیساتھ علاقہ شگر میں تنظیم سازی اور یونٹ سازی کا عمل شروع کرینگے۔ایم ڈبلیو ایم کو ملنے والے پاکیزہ ووٹوں سے علاقہ شگر کی سیاسی عمارت کی بنیاد رکھے جائے گی جوکہ مستحکم اور مضبوط ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم بلتستان آغا علی رضوی سے ملاقات میں کیا. انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کو حالیہ الیکشن میں ملنے والی ووٹ پاکیزہ ہیں اور خالص پارٹی بنیاد پر ملے ہیں۔ہم ان ووٹوں سے ہم ایک مضبوط و مستحکم شگر کی بنیادیں اٹھائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد شگر میں ایم ڈبلیو ایم کی تنظیم سازی کی جائے گی۔ اس طرح حالیہ الیکشن میں ہونے والے غلطیوں کا ازالہ ہوگااور آئندہ الیکشن لڑنے کیلئے ایک مضبوط بنیاد میسر ہوگی۔ہماری خواہش ہے کہ پارٹی کارکن پارٹی کی مضبوطی کیلئے پوری دلجمعی کیساتھ کام جاری رکھیں ۔