وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے قمراہ میں نامور عالم دین، ایم ڈبلیو ایم قم کے سربراہ حجت الاسلام علامہ شیخ غلام محمد فخرالدین کی شہادت کی مناسبت سے منعقدہ مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجت الاسلام علامہ شیخ غلام محمد فخرالدین ملت اسلامیہ کا عظیم سرمایہ تھے، انکی زندگی جہد مسلسل سے عبارت تھی، وہ گلگت بلتستان میں مقاوت و مجاہدت کی مثال تھے، انہوں نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی سربلندی اور اسلامی اقدار کو احیاء کرنے کے لئے صرف کی۔ وہ بلند پایہ خطیب، عالم مبارز، مجاہد، محقق اور بلند پایہ معلم تھے۔ انکی المناک شہادت سے گلگت بلتستان میں جو خلا پیدا ہوا ہے اسے پر کرنا محال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ غلام محمد فخرالدین کی المناک شہادت پر امام دوراں،ؑ رہبر معظم، اہلیان گلگت بلتستان بالخصوص لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور لواحقین کو صبر و شکر کی تلقین کے ساتھ ساتھ تبریک بھی پیش کرتے ہیں، کیونکہ شہادت خدا کی جانب سے ایک عظیم تحفہ ہے جو وہ اپنے مقرب بندوں کو عنایت کرتا ہے۔