وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سربراہ علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی اور وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں ہونے والی تباہ کاریوں کا جلد نوٹس لے اور متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ گنگچھے اور اسکردو میں مختلف مقامات پر غریبوں اور محروموں کو ناقابل تلافی نقصانات پہنچے ہیں اور مزید یہ سلسلہ جاری ہے وفاقی حکومت ان مسائل کو سنجیدہ لیں اور فوری طور انکی بحالی کے لیے فنڈز مختص کرے اور انکی معاونت شروع کرے، صرف اخبارات میں بیانات دینے، تسلی دینے اور تصویریں لگوانے سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا۔ عوام کو اس وقت سر چھپانے کی جگہ، پینے کا صاف پانی، کھانے کے لیے خوراک اور ادویات کے علاوہ ریسکیو کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاک فوج کی خدمات لائق تحسین جبکہ انتظامیہ کا رویہ افسوسناک ہے۔ انتظامیہ کے پاس ہر مسئلے کا حل دفعہ 144 نافذ کرنا ہے۔ حکومتی ادارے جہادی بنیادوں پر میدان عمل میں رہیں۔ اگر گھروں سے محروم عوام کی بحالی کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومت سنجیدہ اقدامات نہ اٹھائے تو ہم خاموش نہیں رہیں گے اور صوبائی حکومت کو سکون سے رہنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے بھرپور مہم چلائی جائے گی عوام ذاتی طور پر اور اجتماعی طور پر ان سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات اٹھائے۔