وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے امام بارگاہ نیورنگاہ میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی صوبائی اور وفاقی حکومت نے ملک کے مختلف مقامات پر قومی ایکشن پلان کے نام پر عزاداری پر پابندی عائد کر دی ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے۔ عزاداری سید الشہداء ہمارا قانونی اور آئینی حق ہے، دنیا کی کوئی طاقت ہمیں عزاداری سے نہیں روک سکتی اور عزاداری کی راہ میں تاریخ میں جس نے بھی رکاوٹ کھڑی ہے، ہم ان رکاوٹوں کو روندتے آئے ہیں۔ ہم ان تمام یزیدی سوچ رکھنے والے افراد کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں، جو دہشتگردی کے خطرے کے نام پر عزادای کو محدود کرنا چاہتے ہیں، ہم نے چودہ سو سالوں سے عزاداری کے لئے جانیں قربان کیں ہیں اور ہر دور کی یزیدی اور دہشتگرد طاقتوں کی طاقت کے مقابلے میں خون دے کر عزاداری کو تحفظ دیا ہے۔ اب ہم کسی بھی دہشتگرد حملے کے خوف سے نہ عزاداری کو محدود ہونے دیں گے اور نہ کم ہونے دیں گے بلکہ دہشتگردوں کی سوچ سے کوئی مقابلہ کرسکتا ہے تو وہ عزادار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں عزاداران امام حسین ؑ کو یہ شرف اور کرامت حاصل رہی ہے کہ انہوں نے کبھی بھی ریاست پر حملے کئے اور نہ ایک لحظہ کے لئے دہشتگرد جماعتوں کو تسلیم کیا، بلکہ اول روز سے دہشتگردوں سے مذاکرات کو شیطان سے مذاکرات قرار دیتے رہے ہیں۔ ان عزاداروں کے خلاف لگنے والی پابندیوں سے حکومت کی نیتوں کا علم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری کو محدود کرنے کی کوشش کرنے والو سنو! عزاداروں کو موت اور شہادت سے مت ڈراو، عزادار تو وہ ہوتے ہیں جو شہادت کی موت کی تمنا کرتے ہیں۔ اس سے زیادہ خوش نصیب کون ہوسکتا ہے، جو کربلا کے پیغام کو زندہ کرتے ہوئے وقت کے یزیدوں کے ہاتھوں شہید ہو جائے اور راہی کربلا بن جائے۔ ہمیں شہادت، دھماکے اور اسارت سے ڈرانے والے شاید کربلا کی تاریخ سے ناواقف ہیں، یہ ظالم کی بھول ہے کہ وہ ہمیں خوفزدہ کرکے عزاداری سے پیچھے ہٹائیں گے۔