وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن کے آفس سے جاری ایک بیان میں ڈویژنل سیکریٹری اطلاعات میثم کاظم نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی جو ایک عرصے سے دہشتگردوں کی مخالفت اور ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن کی اخلاقی معانت کر رہے ہیں، نواز حکومت کی جانب سے انکی گرفتاری کی کوشش اور عدالت کی جانب سے انکی ضمانت کو مسترد کرنا ناقابل برداشت ہے۔ یہ کوشش نواز حکومت کی جانب سے انہیں دہشتگردوں کی مخالفت کرنے پر کی جا رہی ہے۔ علامہ امین شہیدی کے خلاف کاٹی گئی جھوٹی ایف آئی آر کے ذریعے پنجاب حکومت دہشتگردوں کے خلاف اٹھنے والی موثر آواز کو بند کرنا چاہتی ہے، جو کہ ممکن نہیں۔ علامہ امین شہیدی کی شخصیت مسلمہ ہے، انہوں نے ہمیشہ وحدت کی فضا قائم کرنے کی کوشش کی اور ملک دشمن عناصر دہشتگردوں کی مخالفت سب سے زیادہ کرتے رہے۔ انہیں دہشتگرد ثابت کرنے کی نواز لیگی کوشش افسوسناک ہے اور ایسے اقدامات کو نواز لیگی حکومت کی جانب سے دہشتگردوں کی عملی پشت پناہی سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ دہشتگردوں کے خلاف آواز بلند کرنے والوں کے ساتھ ایسا سلوک جاری رہا تو کل کوئی بھی دہشتگردوں کے خلاف بولنے والا نہیں ہوگا۔ ایک طرف یہ شخصیات دہشتگردوں کے نشانے پر اور دوسری طرف پنجاب حکومت کے نشانے پر ہے۔ علامہ امین شہیدی دہشتگردوں اور نواز حکومت دونوں کے نشانے پر ہے۔ ان کو پابند سلاسل کرنے کی سازش دراصل اتحاد بین المسلمین کو پابند کرنے کی سازش ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف موثر آواز نہ اٹھے اور دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن کی موثر اخلاقی پشت پناہی نہ ہو اور پاکستان آرمی یہ آپریشن ختم کرنے پر مجبور ہو۔