وحدت نیوز(گلگت) مجینی محلہ گلگت میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے نوجوانوں پر فائرنگ کرنے والے مجرموں کی تاحال عدم گرفتاری حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے۔واقعے میں ملوث حقیقی مجرموں اور ان کے پشت پناہوں کو گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے،خانہ پُری کرنے کی سازش کی گئی تو سخت احتجاج کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ترجمان محمد الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ لیگی حکومت کیلئے ٹیسٹ کیس ہے اور تمام تر مصلحتوں سے بالاتر ہوکر حقیقی مجرموں تک پہنچا جائے ۔مجرموں تاحال عدم گرفتاری سے واقعے میں زخمی ہونے والے نوجوانوں کے لواحقین تشویش میں مبتلا ہیں اور حکومت کی نا اہلی سے دہشت گردوں کے حوصلے بلند ہورہے ہیں۔دہشت گردوں کے خلاف موثر کاروائی نہ ہوئی تو یہ مجرم آئندہ اس سے بھی بڑے جرائم کا ارتکاب کرسکتے ہیں اور علاقے میں فرقہ واریت کو ہوا دیکر خطے کا امن تہ و بالا کرنے کا باعث بن سکتے ہیں ۔لہٰذا ضرور اس امر کی ہے کہ علاقے کی تعمیر و ترقی و خوشحالی کی خاطر بلا تفریق دہشت گردوں کے خلاف موثرکاروائی کی جائے اور امن عامہ کی بحال رکھنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات قبل از وقت اٹھائے جائیں۔