محرم حق و صداقت کی فتح اور ظلم و سرکشی کے زوال کا مہینہ ہے، شیخ نیئر مصطفوی

15 October 2015

وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام شیخ نیئر عباس مصطفوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ محرم حق و صداقت کی فتح اور ظلم و سرکشی کے زوال کا مہینہ ہے، ہر دور کے ظالم و جابر حکمران اپنے اقتدار کے چھن جانے کے خوف سے ماہ محرم میں بیجا پابندیاں عائد کرکے اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا والوں تک پہنچانے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتے رہے ہیں، لیکن یہ خون حسین علیہ السلام کی تاثیر ہے کہ آج پوری دنیا حسین کے عشق میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم صبر و استقامت، فداکاری اور ایثار و قربانی کا مہینہ ہے اور محرم کی مجالس میں شرکت کرکے اپنی زندگی کو بابرکت بنایا جاسکتا ہے۔ یہ ایسا بابرکت مہینہ ہے جس میں نواسہ رسول ؐ نے اپنے پورے خاندان کو دین اسلام کی آبیاری کیلئے خدا کی راہ میں قربان کر دیا اور رہتی دنیا تک ظلم و بربریت اور ناانصافی کے خلاف انسانیت کو استقامت و جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کرنے کا درس دیا، آج کوئی اسلام اور انسانیت کی بات کرتا ہے تو یہ خون حسین کا صدقہ ہے۔

شیخ نیئر عباس مصطفوی نے تمام خطباء، علمائے کرام اور ذاکرین عظام سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تقاریر اور وعظ و نصیحت کی محافل و مجالس میں واقعہ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ امن، محبت اور بھائی چارگی کے سنہرے اصولوں پر اظہار خیال کریں۔ تمام اسلامی مسالک کے مابین فروعی اختلافات کو موضوع بحث نہ بنائیں بلکہ مشترکات کے تذکرے سے مسالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی بھرپور کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتیں ہمارے اتحاد سے خوف زدہ ہیں اور نت نئی سازشوں کے ذریعے اسلامی مکاتب فکر کے درمیاں اختلافات کو ہوا دیکر فتنہ و فساد برپا کرنا چاہتی ہیں۔ لہٰذا علمائے کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے علاقے میں پائیدار امن کیلئے اپنی توانائیوں کا بھرپور استعمال کریں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree