وحدت نیوز(گلگت) مسلم لیگ نواز نے گلگت بلتستان میں حکومت سنبھالنے کے پہلے ہی روز دہشت گردی کا مظاہر کرتے ہوئے جدید آتشیں اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرکے گلگت شہر کے عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل خاموش نظر آئے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ترجمان محمد الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اسمبلی میں اپوزیشن کا بھرپور رول ادا کریگی، متحدہ اپوزیشن کے ذریعے سپیکر ،ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعلیٰ کے لئے باقاعدہ انتخاب لڑنے کا فیصلہ ہوا تھا اور دیگر جماعتوں نے اس فیصلے کو واپس لینے کا فیصلہ کیا تاہم مجلس وحدت نے اپنے ممبران اسمبلی کو شو کاز نوٹس جاری کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب پر ہوائی فائرنگ کرکے ثابت کردیا کہ ان کے پاس قانون کا کوئی احترام نہیں۔ ہم اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس طرح کی حرکتیں کرنے والوں کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے ورنہ آئندہ کیلئے یہ ایک قانون بن جائیگا اور جیتنے والے قانون کا مذاق اڑاتے ہوئے شہریوں کو ہوائی فائرنگ کے ذریعے خوفزدہ کرتے رہیں گے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان جرائم پیشہ افراد کے خلاف قانونی کاروائی کا کوئی جواز نہیں رہ جائیگا۔