وحدت نیوز (گلگت) گلگت شہر کے پرامن ماحول کو ایک بار پھر خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،بیگناہ لوگوں پر فائرنگ کرکے زخمی کرنا بد ترین دہشت گردی ہے حکومت کیلئے یہ ایک ٹیسٹ کیس ہے دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے حکومتی اقدامات شرمناک ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کو کسی سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ لینے کی چنداں ضرورت نہیں وقت بتائے گا کہ پاکستان کا وفادار کون ہے اور غدار کون۔ کل تک ایمپاورمنٹ آرڈر کی نفی کرنے والے آج اسی سیاسی پیکیج سے استفادہ کررہے ہیں۔ یمن کے مظلوموں کی حمایت میں نکالی جانیوالی ریلی سے حکمران جماعت کے درپردہ سازشیں بے نقاب ہوگئیں اور نواز لیگ کی سعودی عرب فوج بھیجنے کی خواہش پوری نہ ہوئی جس پر مجلس کے رہنماؤں کے خلاف جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ترجمان محمد الیاس صدیقی نے اپنے اخباری بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت کی ریلی مظلوم کی حمایت اور جارح کی مذمت کیلئے تھی جس میں ریاست کے خلاف نہ تو کوئی تقریر ہوئی ہے اور نہ ہی پاکستان کے خلاف کوئی نعرے بازی ،جبکہ اس ریلی میں افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار اور آپریشن ضرب عضب کی حمایت اور بھرپور تعاون کا اظہار کیا گیا جس سے متنازعہ گورنر برجیس طاہر بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بے بنیاد مقدمات قائم کروانے پر اتر آئے۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک کوریڈور کے مسئلے کو چھیڑنے اور گلگت بلتستان کو اکنامک کوریڈور میں مناسب حصہ دینے کے مطالبے پر مسلم لیگی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے اور اس آواز کو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک کوریڈور میں گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق دیئے بغیر یہ منصوبہ تکمیل تک نہیں پہنچے گا اور اگر گلگت بلتستان کے عوام کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی گئی تو ایم ڈبلیو ایم راستے کا دیوار بن جائیگی اور اس سلسلے میں اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں قرارداد بھی جمع کروائی جائیگی۔