وحدت نیوز(گلگت ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اپنے امیدواروں کے ہمراہ ایک بڑی ریلی کی شکل میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کیلئے ریٹرننگ آفیسر کے آفس پہنچے اور گلگت حلقہ 1، حلقہ2 اور حلقہ 3 کے امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے۔ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد ریلی یونیورسٹی روڈ سے گزرتے ہوئے دنیور چوک اور جوٹیال سے ہوتے ہوئے صوبائی سیکرٹریٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کے اختتام پر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے کارکنوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کے ان جذبات کی موجودگی میں الیکشن میں دھاندلی کے ذریعے عوامی ووٹ چرانے کی کوئی سازش کامیاب ہوتی دکھائی نہیں دیتی اور انشاء اللہ وحدت مسلمین کی الیکشن میں کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن جدوجہد کو مزید تیز کریں اور اتحاد بین المسلمین کے پیغام کو عام کرتے ہوئے تمام رکاوٹوں کو عبور کریں اور علاقے میں افراتفری اور بے چینی پیدا کرکے سیاسی مفادات حاصل کرنے والے پنڈتوں کوہمیشہ کیلئے سیاست سے دستبردار ہونے پر مجبور کریں۔
انہوں نے کہا کہ وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے تمام مسالک کے عوام کی نمائندہ جماعت ہے جس کے پلیٹ فارم سے آج اہل تشیع، اہل تسنن اور شیعہ امامی اسماعیلی امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے۔ گلگت حلقہ 1 سے محمد الیاس صدیقی، غلام نبی حلقہ 2 گلگت سے مطہر عباس، ایڈوکیٹ بہرام خان، علی رحمت، ڈاکٹر فرید بیگ اور حلقہ 3 گلگت سے نیئر عباس مصطفوی، امتیاز حسین، اور اکبر حسین نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے۔حلقہ 4 نگر سے ڈاکٹر علی محمد، ڈاکٹر مستان علی، پروفیسر یعسوب الدین اور شبیر حسین نے جبکہ نگر 5 سے ڈاکٹر علی گوہر،رضوان علی، شیخ محمد عیسیٰ ایڈوکیٹ اور اسلام الدین نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے۔ہنزہ سے شیخ موسیٰ کریمی اور جلال حسین سابق ممبر ڈسٹرکٹ کونسل ہنزہ نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے ۔اس کے علاوہ استور سے لیکچرار اکبر حسین تسنیم اور استور 2 سے عبداللہ خان نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے۔