وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے رہنما ڈاکٹر کاظم سلیم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کھرمنگ کے ضلعی ہیڈکواٹر کا تعین مکمل طور پر ایک انتظامی اور تیکنیکی مسئلہ ہے لہٰذا سیاسی رہنماء اس مسئلہ کو سیاسی اکھاڑے میں اتارنے سے اجتناب کریں، ڈپٹی کمشنر سمیت اعلٰی انتظامی افسران کے تقرر اور وزیراعلٰی کے ذریعے رسمی اعلان کے بعد اس نومولود ضلع سے متعلق سیاسی مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، اب اس سے آگے کے تمام مراحل تیکنیکی اور انتظامی نوعیت کے ہیں لہٰذا سیاسی رہنماوں کو چاہیے کہ انتظامیہ کو میرٹ کے مطابق کام کرنے دیا جائے تاکہ بغیر کسی تنازعہ کے کھرمنگ کے تمام عوام یکسان طور پر اس نئے ضلع کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ یہ بات ایم ڈبلیو ایم کے رہنما ڈاکٹر کاظم سلیم نے کھرمنگ انٹلیکچولز فورم کے ممبران سے ملاقات میں کہی، جنہوں نے آج اسکردو میں ان سے ملاقات کیں۔
انہوں نے مزید کہا ماضی میں بھی بعض سیاسی رہنماوں کی مداخلت نے اسکردو اور گانگچھے اضلاع کے خدوخال بگھاڑ دئیے تھے جس کا خمیازہ آج تک غریب عوام بگھت رہی ہیں، کیونکہ تاریخ میں جب بھی انتظامی معاملات سیاست کی نذر ہوئی اُ س نے ہمیشہ ترقی اور پیشرفت کے سفر میں قوموں کے مستقبل پر ناقابل تلافی اور کاری ضرب لگائی ہے، لہٰذا تمام سیاسی رہنماوں کو سیاسی بالغ نظری کا ثبوت دیتے ہوئے علاقے کے عظیم تر مفاد میں انتظامی معاملات میں بے جا مداخلت سے اجتناب کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر کاظم سلیم نے مزید کہا مجلس وحدت مسلمین ایک قومی پلیٹ فارم ہونے کے ناطے علاقے کے مشترکہ مفاد کی دفاع کریگی، اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ ہیڈکواٹر کو ایشو بنانا علاقائی مفادات کے منافی ہے۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے ڈپٹی کمشنر کی بروقت تعیناتی کو مستحسن قدم قرار دیتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ کو خوش آمدید کہا اور مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر تمام محکموں کے سربراہان کے تقرر کو یقینی بنانے کے لئے اقدام کریں بصورت دیگر صرف ڈپٹی کمشنر اور پولیس سربراہ کی تعیناتی کھرمنگ کے عوام کی دیرینہ مطالبہ کا جواب نہیں بن سکتے۔