وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویڑن کے سیکریٹری جنرل آغا سید علی رضوی نے ڈویژنل سیکرٹریٹ میں یمن کی تشویشناک صورتحال پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سعودی عرب کی جانب سے یمن پر فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور چونکہ سعودی عرب امریکہ کے ساتھ مل کر خطے میں اسرائیل کے مفادات کا تحفظ کررہا اس لیے پاکستان کو ہرگز یمن کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ سعودی عرب نے ماضی میں بھی اس روش پر عمل کی ہے اور مصری حکومت کے خاتمہ میں امریکہ کا ساتھ دیا تھا، سعودی عرب ہی وہ ملک ہے جس نے امریکہ کے ساتھ مل کر شام کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، پاکستان، عراق، افغانستان، یمن سمیت دیگراسلامی ممالک کے نامساعد حالات کے ذمہ دار سعودی عرب ہے انہوں نے وطن عزیز پاکستان کو فرقہ واریت اور دہشتگردی میں دھکیل کے رکھ دیا ہے۔اس موقع پر ایم ڈبلیوایم گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مظاہر علی موسوی، سیکریٹری فلاح وبہبود علامہ احمد علی نوری ، فدا حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔
آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق سعودی عرب نے یمن میں تحریک انصاراللہ کے خلاف لڑائی میں اتحاد کا حصہ بننے کے لئے پاکستان سے رابطہ کیا ہے، اس سلسلے میں ہم پاکستانی حکمرانوں کو باور کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان کو فرقہ واریت کی جنگوں میں ملوث نہیں ہونی چاہئے، اس سے نہ فقط پاکستان کا امیج خراب ہوگا، بلکہ داخلی طور پر دہشتگردی کا شکار ملک کو مزید مشکلات آئے گی۔پاکستان مقروض اور مجبور ملک ہے ،ہماری خارجہ پالیسی ہماری مرضی کے مطابق نہیں ہوتی، پاکستانی فوج صرف پاکستان کے دفاع کے لئے ہے، اگر پاکستانی فوج یمن میں گراؤنڈ آپریشنز میں حصہ لیتا ہے تو پاکستان کے اندر فرقہ وارانہ تناو میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کا ایک مضبوط ادارہ ہے ، یہ اسلام کا لشکر ہے اور اس وقت پا کستانی فوج دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے۔ جو کی ملکی سا لمیت اوراستحکام کی حفاظت کی جنگ ہے۔ لہٰذا نواز شریف اپنے ذاتی احسانا ت کا بدلہ چکانے کی خاطر ملکی سلامتی کو داو پر نہ لگائے۔انہوں نے حکمرانوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا رویہ بدلیں ورنہ ہم اپنی قیاد ت کے حکم کے منتظر ہیں اور اگر ہماری قیادت اجازت دے تو ہم ملک گیر احتجاج کریں گے اور ان حکمرانوں کی نیندیں حرام کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یمن کے اندر سعودی عرب کی جارحیت انسانی حقوق ،عالمی قوانین اور پڑوسی ملک کی سرحدوں کی خلاف ورزی ہے،سعودی عرب اسرائیل کے ایماء پر پاکستان کو اس جنگ میں گھسیٹنا چاہتا ہے جو انتہائی خطرناک ہے،پاکستان کے غیرت مند اور شجاع افواج رینٹ این آرمی نہیں جو کوئی بھی پیسوں کے بل بوتے پر خرید سکے۔
آغاعلی رضوی نے مشرق وسطیٰ کے ممالک خصوصاً خلیجی تعاون کونسل کو خبردار کیا کہ عمان کی پیروی کرتے ہوئے سعودی عرب کے اس ظالمانہ کاروائی میں شریک نہ رہے اورانکے ساتھ عسکری و سیاسی تعاون بند کرے۔کیونکہ سعودی عرب امریکہ کے ساتھ مل کر خطے میں اسرائیل کے مفادات کا تحفظ کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ یمن کے بدلتے ہوئے سیاسی حالات سے شدید خوفزدہ ہے۔ یمن میں امریکی سفارتخانے کا بند کیا جانا اور اس سے اہم یہ کہ وہاں موجود تمام اسناد و مدارک کو جلا دیا جانا اور حتی امریکیوں کے زیر استعمال اسلحہ کو بھی نابود کر دیا جانا، امریکہ کے شدید خوف کی نشاندہی کرتا ہے۔ صنعا میں امریکہ کے اہم انٹیلی جنس مراکز کی بندش ایک طرح سے یمن کے سیاسی حالات پر امریکی گرفت کے کمزور ہونے اور اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے سلسلے میں امریکہ کی مایوسی کو ثابت کرتی ہے۔لہذا امریکہ یمن میں بلاواسطہ فوجی مداخلت سے اظہار عجز کرنے کے بعد یمنی عوام کے خلاف بالواسطہ سکیورٹی اور فوجی مداخلت پر مبنی اقدامات انجام دے رہاہے۔سعودی سلفی افواج کا یمن پر حملہ دراصل یمنی عوام کے ارادے اور آزادی پر حملہ ہے ،جب کہ یمنی عوام کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں اور خالصتا عوامی تحریک انصاراللہ اور یمنی افواج کا سعودی و اسرائیلی پٹھو ہادی عبد الرب منصور کے خلاف حریت پسند تحریک چلانا عوامی حق خود ارادیت ہے اور اس کو دبانے کے لئے سعودی عرب نے یمنی عوام کو ٹارگٹ کیا ہے اور کل رات یمنی علاقوں میں جو شب خون مارا گیا اس سے سعودی سفاکیت کا واضح چہرہ دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے عالمی اداروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان کو چاہیے کہ وہ سعودی اور عرب ممالک کی اس بے جا مداخلت اور شب خون مارنے کے خلاف کاروائی کریں کیونکہ یہ یمن کے تشخص پر حملہ ہے، ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سعودی عرب کی اس بڑھتی ہوئی جارحیت کو لگام دے اور یمنی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا پورا حق دیا جائے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا بہتر فیصلہ کر سکیں۔انہوں کا مزید کہا کہ حکومت پاکستان ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے اپنی فوجی اور حکومتی صلاحیتوں کو برولے کار لائیں اور دوسروں کی جنگ میں شرکت ہو کر ملکی سلامتی اور داخلی وحدت کو درو پر نہ لگائیں۔