وحدت نیوز(لاہور) نے لاہور پریس کلب کے باہر ملت جعفریہ کے لاپتہ افراد کی بازیابی اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوۓ علامتی دھرنا دیا۔ دھرنے میں سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ حنا تقوی ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمیٰ نقوی، سیکرٹری نشرو اشاعت سیدہ توقیر بتول سمیت خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی محترمہ حنا تقوی نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوۓ وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جمہوری تقاضوں کو پورا کرتے ہوۓ لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ان لا پتہ افراد میں کوئی بھی مجرم ہوا تو ایم ڈبلیو ایم اس کی حمایت نہیں کرے گی۔ لیکن بغیر جرم ثابت ہوۓ اور بغیر قانونی کاروائی کے انسانوں کو گھروں سے اٹھا کر غائب کردینا اور ان کے خانوادہ کو اذیت سے دوچار کرنا جمہوری،آئینی اور انسانی حقوق کی پامالی ہے۔بہت سے بچے اپنے والد اور مائیں اپنے بیٹوں کے لۓ تڑپ رہے ہیں۔حکومت فورا ان کی بازیابی کے لۓ اقدامات کرے۔شیعہ قوم کو دیوار سے لگانے کی کوشش نہ کی جاۓ۔