وحدت نیوز(رگیول)سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین و رکن اسمبلی کنیز فاطمہ علی نے رگیول حلقہ دو کے خواتین کی دعوت پر دورہ کیا۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے وویمن ڈویلپمنٹ نے خواتین سے انکے مسائل سنے۔
انہوں نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں تعلیم اور صحت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور رگیول سمیت پورے حلقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو روزگار کے موقع فراہم کرنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے تحت جلد حلقے میں ایم سی ایچ سنٹر اور دستکاری سنٹرز کے قیام کے لئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔
آخر میں علاقہ رگیول کے خواتین نے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل و ممبر اسمبلی کنیز فاطمہ علی کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور انکو پارلیمانی سیکرٹری برائے وویمن ڈویلپمنٹ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔