The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی کابینہ اور صوبائی مسئولین کا اہم اجلاس علامہ ناصر عباس جعفری کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور حکومت مخالف الائنس کی تشکیل پر غور و خوض کیا گیا۔ اس موقعہ پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے زائرین کے مسائل پر بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ نواز حکومت جعلی مینڈیٹ کے ذریعے برسر اقتدار آئی ہے۔ لہذا اس کا اقتدار غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ طاہرالقادری اور اپوزیشن کی جانب سے دی گئی دعوت پر تفصیلی غور کے بعد ایم ڈبلیو ایم نے حکومت مخالف اپوزیشن الائنس کا حصہ بننے کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلے میں پانچ رکنی کور کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ممبران علامہ محمد امین شہیدی، سید ناصر شیرازی، علامہ مقصود علی ڈومکی اور علامہ عبدالخالق اسدی ہونگے۔ ایم ڈبلیو ایم نے تفصیلی غور و خوض کے بعد گرینڈ الائنس کے لئے پانچ نکاتی ایجنڈا تیار کر لیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ دہشتگرد ٹولہ دنیا میں اسلام کا امیج تباہ کر رہا ہے، رمضان المبارک کے دوران مسلمانوں پر سیاہ رات چھائی ہوئی ہے، عراق، شام، لبنان، مصر سمیت اسلامی ممالک میں اسلام کے نام پر مسلمانوں کو قتل کیا جا رہا ہے، دوسری طرف فلسطین میں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، مگر نہ صرف اسلامی ممالک کے حکمران بلکہ انسانی حقوق کے علمبردار بھی خاموش ہیں، جبکہ اسرائیلی محاصرے میں بیٹھے فلسطینی جھکنے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام میں 98 فیصد سے زیادہ سنی بستے ہیں، مگر انہیں بھی قتل و غارت گری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد میں صحافیوں، ٹی وی اینکرز اور میڈیا پرسنز کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی، مرکزی ترجمان علامہ سید حسن ظفر نقوی، پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، صوبائی ترجمان علامہ اصغر عسکری بھی موجود تھے۔

 

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ غزہ کی صورتحال نے نام نہاد مسلمان لیڈروں اور جہادیوں کو بے نقاب کر دیا ہے، پتہ چل گیا ہے کہ کون کہاں پر کھڑا ہے۔ اگر یہ نام نہاد جہادی واقعاً جہاد کرتے تو آج ان کا محاذ اور ہدف مسلمان ملک اور مسلمان افواج ہونے کی بجائے اسرائیل ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران فقط مذمتی بیانات نہ دیں بلکہ مظلوم فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو رکوانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں، ایٹمی طاقت پاکستان کو اپنا قائدانہ رول ادا کرنا چاہیے، نواز شریف کو چاہیے کہ یوم القدس کو سرکاری طور پر منانے کا اعلان کریں، اگر ہم یوم کشمیر منا سکتے ہیں تو اپنے فلسطینی بھائیوں کیلئے یوم القدس سرکاری سطح پر کیوں نہیں منا سکتے۔؟ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اس سال یوم القدس کے موقع پر پاکستان کے تمام طبقات کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور اس دن کو منائیں اور اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرکے اسرائیل اور اس کے آقا امریکہ کو پیغام دیں کہ ہم ایک ہیں۔ انہوں نے لاہور میں سانحہ ماڈل کی شدید مذمت کی اور تاحال ایف آئی آر درج نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں اپنے اہل سنت بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وحدت نیوز(کراچی) کراچی دہشت گردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے،سندھ حکومت کراچی میں قیام امن میں موثر کردار ادا کرے، ٹارگٹڈ آپریشن کے دائرہ کار کو وسیع کرنا ناگزیر ہے،شہید عدیل عباس ایک مخلص ، دین دار اور سماجی شخصیت کے مالک اور ایم ڈبلیوایم کے علاقائی زمہ دار تھے، کراچی ٹارگٹ کلنگ میں بھی تکفیری دہشت گرد عناصر ملوث ہیں،بے گناہ شہریوں کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے ، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل نے علامہ مختار امامی نے وحدت ہاوس میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔


 
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بعض علاقے ایسے موجود ہیں ، جہاں آج تک پولیس کا ایک کارندہ بھی نہیں پہنچ سکا، شہر کے مضافات میں واقع خیمہ بستیاں ، کچی آبادیاں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں، پولیس انتظامیہ اور سندھ حکومت نے نشاندہی کے باوجود اب تک نو گو ایریاز میں آپریشن کلین اپ نہیں کیا،شہر میں پہلے سے موجود دہشت گرد وبال جان تھے ، کہ اب آئی ڈی پیز کی آڑ میں وزیر ستان سے خطرناک دہشت گرد کراچی سمیت ملک بھر میں پھیلنا شروع ہو چکے ہیں ، جن کی کڑی نگرانی کی ضرورت ہے، ہم ایک مرتبہ پھر واضح کر رہے ہیں کہ طالبان کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں پہلے ہوئے ان کے ہمدردوں ، غم خواروں اور مددگاروں کے خلاف بھی جلد فوری کاروائی کا آغاز کیا جائے، وگرنہ پورا ملک وزیرستان بن جائے گا، کراچی ٹارگٹ کلنگ میں بھی تکفیری دہشت گرد عناصر ملوث ہیں جنہیں قانون کے شکنجے میں لینا ضروری ہے، انہوں نے گورنر سندھ ، وزیر اعلیٰ سندھ ، آئی جی پولیس اور ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا کہ شہید عدیل عباس سمیت دیگر بے گناہ شہریوں کے قتل عام میں ملوث ٹارگٹ کلرز کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ دراثنا شہید عدیل عباس کی نمازجنازہ بعد نماز جمعہ جامع مسجد ابوتراب عزیز آباد میں ادا کی جائے جبکہ شہید کی تدفین وادی حسین قبرسان میں ہوگی۔

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے پشاور اورایبٹ آباد میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں یکسر ناکام ہے، آئے روز ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں۔ وحدت ہاوس پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکن اور معروف نوحہ خواں صباح علی کا قتل حکومت کے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے دعووں پر سوالیہ نشان ہے، پشاور ملت تشیع کیلئے قتل گاہ بن چکا ہے، لیکن صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے اس حوالے سے آج تک کوئی کارروائی نہیں کی، کسی ٹارگٹ کلر کو حراست میں لیا گیا اور نہ ہی کوئی تحقیقاتی کمیشن بنایا گیا ، انہوں نے گذشتہ دنوں ایبٹ آباد میں ذاکر اہل بیت (ع) سید وسیم عباس شیرازی کی والد کے ہمراہ شہادت کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی، اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ علامہ وحید عباس کاظمی نے پشاور کے رہائشی محمد حسینی کی بلاجواز گرفتاری کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ہمارے ہی لوگ شہید ہورہے ہیں جبکہ دوسری طرف ہمیں ہی اسیر کیا جارہا ہے، جوکہ بہت بڑی ناانصافی ہے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل سید عباس علی موسوی نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی دنوں سے معصوم فلسطینی مسلمان عورتوں، بچوں اور نہتے عوام پر ظلم و بربریت کی انتہا کی جا رہی ہے۔ اسرائیلی فوجی اپنی طاقت کے نشے میں غرق شہروں کو بموں سے اُڑا رہے ہے۔ ایسے میں مسلمان ممالک اور باالخصوص عرب دنیا کی مجرمانہ خاموشی انتہائی قابل افسوس ہے۔ فلسطین کے شہر غزہ میں جسطرح مسلمانوں کا قتل عام اور نسل کُشی کی جا رہی ہے، تاریخ میں اسکی مثال کم ہی ملتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ مسلمانوں کی بد قسمتی رہی ہے کہ جب بھی انہوں نے ان ظالموں کے خلاف منظم طریقے سے صدائے احتجاج بلند کی ہے، انہی کے اندر موجود عناصر نے اُن تحریکوں کو کمزور کرنے کی ہمیشہ سے کوشش کی ہے۔ ایسے مفاد پرست اور امریکی ڈالروں پر پلنے والے عناصر ایسے موقعوں کی تلاش میں رہتے ہیں اور موقع ملتے ہی اپنے آقاوں کو خوش کرنے کیلئے میدان میں اُترتے ہیں۔ چند سال قبل 2010ء میں کوئٹہ کے اہل تشیع نے اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اسی طرح اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم القدس کے دن فلسطین کے مظلوم مسلمان بھائیوں کے ساتھ ہم آواز ہوکر مستکبرین جہان امریکہ اور اسرئیل کے خلاف ریلی نکالی تھی۔ جس پر اسرائیلی نمک خواروں نے خودکُش حملہ کرکے ساٹھ ستر کے قریب روزہ داروں کی شہید کر دیا تھا۔ جس کے بعد بعض سیاسی مفاد پرست پارٹیوں نے بجائے اس کے کہ دہشت گردوں کی مذمت کرتے، اپنے آقاوں کو خوش کرنے کیلئے شہداء کو مورد الزام ٹھہرانے کی کوششوں میں لگے رہے۔ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے حق میں آواز بلند کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وحدت نیوز(ایبٹ آباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع ایبٹ آباد کے زیر اہتمام نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت با سعادت کے موقع پر جشن اورافطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول (ص) کے بعد معروف ثناء خوان سید مظہر حسین شاہ اور سید نجم حسن کاظمی نے امام حسن مجتبیٰ (ع) کی شان اقدس میں منقبت پیش کی۔ بعد اذاں ذاکر اہلبیت (ع) سجاول خان جعفری نے اپنے مخصوص انداز میں جناب امام حسن (ع) کے فضائل بیاں کیے۔ جس کے بعد معروف مذہبی شخصیت سید فدا شاہ نے امام حسن مجتبیٰ (ع) کے اقوال سے شرکائے محفل کو مستفید کیا۔ جبکہ آخر میں ضلعی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین سید مدثر علی کاظمی نے امام حسن علیہ السلام کی حیات طیبہ اور ماہ صیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی

وحدت نیوز(ایبٹ آباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع ایبٹ آباد کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی سیکرٹری جنرل سید مدثر علی کاظمی نے گذشتہ دنوں شہید ہونے والے علامہ سید وسیم شیرازی اور ان کے والد کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کے ہم پرامن لوگ ہیں اور ہمارا یہ علاقہ بھی پرامن ہے، اسے پرامن ہی رہنے دیا جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان شہداء کے قاتلوں کو جلد از جلد بے نقاب کر کے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے قائدین کے حکم کے منتظر ہیں، اگر انہوں نے ہمیں حکم دیا تو یوم القدس کے بعد احتجاجی دھرنا دیں گے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ضلع ملیر کے زیر اہتمام سالہائے گذشتہ کی طرح امسال بھی قرآن سیمینار و دعوت افطار کا انعقاد مقامی لان میں کیا گیا، جس میں خصوصی خطاب ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی نے کیا ، جبکہ مہمان خصوصی ایم ڈبلیوایم کی سپریم کونسل کے چیئرمین علامہ شیخ حسن صلاح الدین تھے، اس دعوت افطار میں  مختلف دینی و سیاسی جماعتوں کے ضلعی رہنما وں نے شرکت کی ،جن میں مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری جنرل حسن ہاشمی، علامہ علی انور، مبشر حسن ،سجاد اکبر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات منظور عباس ودیگر، پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر غلام مصطفیٰ و دیگر،تحریک منہاج القرآن کے ضلعی صدر غلام حسین جتوئی و دیگر رہنماوں سمیت سپریڈینڈنٹ پولیس ملیر ڈاکٹر نجیب احمد خان  اس کے علاوہ مختلف مساجد کے ٹرسٹیز، ماتمی انجمنوں کی فیڈریشن مرکزی تنظیم عزاکے ضلعی رہنما او ر دیگر علمائے کرام و ذاکرین عظام شامل تھے۔ قبل از افطا ر نماز باجماعت کا اہتما م کیا گیا، بعد از افطار علامہ اعجاز بہشتی نے معرفت قرآن کے عنوان سے خطاب کیا،طعام کے بعدضلعی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم ملیر سید احسن عباس نے تمام معزز مہمانان گرامی کی آمد پران کا شکریہ اد اکیا۔

وحدت نیوز(جعفر آباد)۱۰  رمضان المبارک ۱۱ جولائی ایم ڈبلیوایم بلوچستان شعبہ روابط کی جانب سے غلام محمد جمالی تحصیل گنداخہ ضلع جعفر آباد میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں ۱۰۰ کے قریب افراد شامل ہوئے مولانا عبدالحق جمالی صوبائی رابطہ سیکریٹری،مولانا محمد علی جمالی صوبائی فنانس سیکریٹری،مولانا ثناء اللہ جمالی سیکرٹری جنرل ڈویژن نصیر آباد اور برادرعرفان علی ،ممبر ضلعی آرگنائیزنگ کمیٹی ضلع جعفر آباد نے بھی شرکت کی مولانا عبدالحق جمالی نے ایم ڈبلیوایم کی چند سالہ کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی اور کہا کہ انتہائی کم مدت اور کم وسائل میں ایم ڈبلیوایمنے ملت کی بہترین خدمت کی ہے ایم ڈبلیو ایم کے متعدد شعبہ جات فعال اور عوام کی خدمت میں مصروف ہیں ۔ایم ڈبلیوایم سیاسی سماجی،تعلیمی وتربیتی ،فلاحی شعبوں میں ملت کی بھر پور خدمت کر رہی ہے متعدد علاقوں میں اسکول ،کالج،ہاسپیٹل ،ڈسپینسری،پانی کے پراجیکٹ شروع کر چکی ہے جو عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ۲۰۰۹،سے ۲۰۱۳ ء تک کے سیلابوں میں ضلع جعفر آباد میں مستضعفین کی ہر ممکن امداد کی ۔مولانا عبدالحق جمالی نے مزید کہا ہے مستقبل میں بھی ایم ڈبلیوایمعوام کی خدمت جاری رکھے گی،آخر میں مولانا نے کہا ہم آنے والے تمام مہمانوں کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہماری دعوت قبول کی ۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ نے کہا ہے کہ گذشتہ روز عیسائی برادری کے ایک وفد نے ایم ڈبلیو ایم کے دفتر میں ایم پی اے سید محمد رضا اور پارٹی کے دیگر عہدے داروں سے ملاقات کی۔ سید محمد رضا، کونسلر کربلائی رجب علی، سیکرٹری جنرل عباس علی، سیکرٹری سیاسیات رشید علی، سیکرٹری جوانان حسین علی نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ وفد نے ایم پی اے اور پارٹی عہدے داروں کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ جس کے بعد ایم پی اے سید محمد رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی حمایت کرنے والی جماعت ہے اور ہم ہر ظالم کے خلاف اور مظلوم کی حمایت کرتے ہے۔ حلقہ پی بی 2 میں بسنے والے تمام اقوام کے مسائل برابری کی بنیاد پر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہے۔ ترقیاتی بجٹ میں حلقے کے تمام علاقوں کیلئے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ جس کے پہلے مرحلے میں حلقے کی تمام سڑکوں کی مرمت کا کام بڑی تیزی سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ ہمارے اہل سنت بھائیوں کے علاقے میں لڑکیوں کے سکول کا مسئلہ ہے۔ جس کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہے اور اُن کیلئے ایک نئی بلڈنگ کا پروجیکٹ زیر نظر ہے۔

 

اسکے علاوہ آپ لوگوں کے جو مسائل ہیں، اُن کے حل کیلئے انشاءاللہ ہر ممکن کوشش کرینگے۔ آپ ہمارے بھائی ہیں اور بطور ممبر صوبائی اسمبلی میرے اوپر آپ لوگوں کا اُتنا ہی حق ہے، جتنا حلقے کے دوسرے عوام کا حق ہے۔ مجھے آپ لوگ مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے ساتھ پائیں گے۔ ہم نے کبھی نفرتوں کی سیاست نہیں کی اور نہ ہی یہ ہماری پارٹی کا منشور ہے۔ ہماری سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور اسی جذبے کے تحت ہمارے تمام کارکنان دن رات محنت کر رہے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کوئٹہ شہر کو دوبارہ امن کا گہوارہ بنانا ہے۔ جس کیلئے یہاں پر بسنے والے تمام اقوام کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔ وفد نے ایم پی اے سید محمد رضا اور مجلس وحدت مسلمین کے تمام عہدے داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اپنی بستی آنے کی دعوت دی۔ جسکو قبول کرتے ہوئے پارٹی عہدے داروں نے کہا کہ ہم ضرور آپ لوگوں کیطرف آئینگے۔ جس پر وفد نے اُن کا شکریہ ادا کیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree