The Latest

وحدت نیوز(ایبٹ آباد) مجلس وحدت مسلمین یونین کونسل جھنگڑہ کے زیراہتمام یوم ضربت علی علیہ السلام کی مناسب سے مجلس عزا و افطار کا اہتمام کیا گیا، جس کا آغاز حسین علوی مشہدی نے زیارت عاشورہ پڑھ کر کیا۔ اس کے بعد ضلعی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم سید مدثرعلی کاظمی نے دعا توسل کی تلاوت کی اور شرکائے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی سیرت مقدسہ پرعمل پیرا ہونے میں ہی ہماری نجات ہے۔ علی علی کر کے جرم کرنا مولائے متقیان (ع) کو پسند نہیں۔ مولا علی (ع) اس کائنات میں انسانیت کو جرم سے چھٹکارہ دینے کے لئے آئے تھے نہ کہ مجرموں کو چھڑانے کے لئے۔ بعد ازاں حسین علوی مشہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام تقویٰ اختیار کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے بہترین عنایت ہے۔ اور مولا متقیان (ع) کو ماننے والا ہی متقی ہو سکتا ہے۔ جبکہ شاعر اہلبیت (ع) سید نجم الحسن کاظمی اور ایم ڈبلیو ایم یو سی جھنگڑہ کے سیکرٹری جنرل سید فراست شاہ نے بھی مولا کائنات (ع) سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ آخر میں نماز مغربین کے بعد افطاری کا اہتمام کیا گیا۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی شعبہ مالیات کے زیراہتمام ملتان میں صوبہ پنجا ب کے 12 جنوبی اضلاع پر مشتمل پانچ شعبوں (مالیات ، خیرالعمل ، روابط،یوتھ اور تنظیم سازی) کے مسؤلین کی تربیتی ورکشاپ اور افطار ڈنر کا اہتمام یوتھ ونگ کے مرکزی آفس میں کیا گیا۔مالیات کے شعبہ کولیکشن پروگرام کے مرکزی و شعبہ خیرالعمل فاونڈیشن پنجاب کے مسؤل سید مسرت حسین کاظمی،مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین ،مرکزی سیکرٹری امور جوانان و حدت سکاوٹس سید فضل عباس نقوی،مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی یعقوب حسینی،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور مسؤل امور اسیران ویلفئیر سید اسد عباس نقوی،صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی ظفر عباس چشتی،صوبائی سیکرٹری مالیات رائے نا صر،صوبائی سیکرٹری روابط علی رضا طوری،صوبائی سیکرٹری امور شہداء سید اظہر کاظمی کے ساتھ ساتھ پنجاب کے جنوبی اضلاع سے کثیر تعداد میں تنظیمی برادران نے شرکت کی۔

 

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے مالیات کے شعبہ کولیکشن پروگرام کے مرکزی و شعبہ خیرالعمل فاونڈیشن پنجاب کے مسؤل سید مسرت حسین کاظمی نے مجلس وحدت مسلمین کی خودانحصاری کا مرکزی مالیاتی پروگرام پیش کیا۔انہوں نے رہبر معظم کی تقریرکا حوالہ دیتے ہو ئے کہا کہ مادی نظریات کی بنیاد پر چلنے والی دنیا میں کمزور کی موت فطری امر ہے۔اگر قوم بیدار نہیں ہوتی، خود کو طاقتور نہیں بناتی تو دوسرے آکر من مانی کریں گے۔اس کے ساتھ زور زبردستی ہو گی،دنیا کی باج خواہ طاقتیں اس سے غنڈہ ٹیکس وصول کریں گی۔اگر ان کا بس چلے تو اس کمزور قوم کی توہین کریں اور بس چلے تو اس کو کچل دیں۔مادہ پرستانہ افکار کی بنیاد پر جودنیا چل رہی ہے اس کا مزاج یہی ہے۔جو بھی خود کو طاقتور پائے گا وہ کمزور دکھائی دینے والوں پر اپنی مرضی مسلط کرے گا، خواہ کمزور نظر آنے والا کوئی فرد ہو یا قوم ۔ بقول شاعر


ہے جرم ضعیفی کی سزا مرگ مفاجات


صرف ہتھیاروں کے بل بوتے پر کو ئی قوم طاقتور نہیں ہو سکتی۔کسی قوم کو طاقتور بنانے کے لئے تین عناصر بہت اہم ہیں۔ ایک ہے معیشت ،دوسرے ثقافت اور تیسرے علم و دانش۔رہبر معظم کی خواہش کے مطابق پہلے مرحلے میں ہم مزاحمتی معیشت یعنی اپنے ملک اور اپنی عوام کے اندر موجود صلاحیتوں اور استعداد و وسائل پر انحصار کرتے ہوئے اپنی قوم کو اس عوامی معیشت سے عوامی سرمائے اور عوامی شرکت سے خود انحصاری کیطرف گامزن کیا جائے گا۔جس کے لئے مجلس وحدت مسلمین نے ایک جامع مالیاتی پروگرام تشکیل دیا ہے ۔جس کا آغاز پورے ملک میں کردیا گیاہے۔اجلاس میں موجود تمام مرکزی ،صوبائی اور ضلعی مسؤلین نے اپنے آپ کو مجلس وحدت کے ڈونر کے طور پر اپنے آپ کو رجسٹرڈ کرایا۔

 

خیرالعمل فاونڈیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سید مسرت حسین کاظمی نے خیرالعمل فانڈیشن کے بارے میں بریفنگ دی، مختلف شعبوں اور طریق کار کے بارے میں بتایا۔ماہِ رمضان میں خدمات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہر ضلع اپنے وسائل کے زریعے کم از کم دو سو ضرورت مندوں تک راشن پہنچائے ، ایک مناسب مقدار میں ضروریات کی اشیا اس پیکج میں شامل ہوں ،ہم اس کام کا آغاز اپنے آپ سے کریں، پہلا راشن کا پیکٹ اپنی طرف سے دیں ، مستحقین وہ لوگ جو کسی کے آگے دستِ سوال نہیں پھیلاتے ، ہمارا ٹارگٹ ہیں ، غیر محسوس طریقے سے عزتِ نفس کو مدِ مظر رکھتے ہوئے ان تک رسائی حاصل کی جائے اور آئمہ اطہار کے پیروکار ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے کسی تشہیر کے بغیر ان کی مدد کی جائے ، یہ سلسلہ ڈونرز اور ضرورتمند کے درمیان رابطے کی صورت میں اگلے مہینوں میں بھی چلایا جا سکتا ہے ۔ رمضان کے آخری عشرے کو ایتام سے منسوب کیا جائے اور اس عشرے میں ملت کے یتیم بچوں بچیوں کی کفالت کے لئے انتظامات کئے جائیں ۔خیرالعمل فانڈیشن اس کام کا آغاز کر چکی ہے ،اس کام کو ماہِ مبارک رمضان میں مذید فعال بنایا جائے، ملت کا یہ طبقہ ہماری خاص توجہات کا متقاضی ہے، ملت کے مخیر حضرات کا ان ایتام سے رابطہ مستقل بنیادوں پر استوار کرانے میں ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

 

صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور مسؤل امور اسیران ویلفئیر سید اسد عباس نقوی نے اسیران ویلفئیر کی گزشتہ سال کی کارکردگی پیش کیا اور حاضرین کو بے گناہ اسیران اور ان کی فیملیزکی مشکلات سے آگاہ کیا اور مستقبل کے حوالے بے گناہ اسیران اور ان کی فیملیز کی معاونت کے بارے اپنے پروگرام سے آگاہ کیا۔

 

مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین اور صوبہ پنجاب کے سیکرٹری روابط برادر علی رضا طوری نے شرکا ورکشاپ کو روابط کے سہ ماہی پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ تمام سیکرٹری روابط نے نہ صرف اپنے اضلاع کی تفصیلی صورتحال بیان کی بلکہ اس عزم کا اظہار کیا کہ شعبہ روابط تنظیمی ہم آہنگی اور تنظیمی روابط کو مضبوط سے مضبوط تر کرے گا اور تمام شعبہ جات کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہوئے مجلس وحدت کے کاروان میں اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔مرکزی سیکرٹری روابط نے شعبہ جاتی فعالیت کے علاوہ مجلس وحدت کی کلی صورتحال سے بھی اضلاع کو آگاہ کیا ۔ اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہم انشااللہ ناصر ملت ، قائد وحدت کی دانشمندانہ قیادت میں ولایت کے پرچم تلے وحدت و استحکام کا سفر جاری رکھیں گے اور اس کاروان کو منزل تک پہنچائیں گے۔ مرکزی سیکرٹری روابط کے معاون برادر سید ممتاز نقوی نے بھی ورکشاپ کے انعقاد میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔

 

مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی یعقوب حسینی نے اپنے شعبے کے متعلق بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ الحمدللہ پاکستان کے تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان مجلس وحدت کا تنظیمی سٹریکچرموجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ شعبہ تنظیم میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے۔تمام اضلاع اپنے اپنے ضلع میں یونٹ سازی کا عمل تیز کریں۔

 

مرکزی سیکرٹری امور جوانان و و حدت سکاوٹس سید فضل عباس نقوی نے ضلعی مسؤلین کے سوالات کے جوابات دئیے۔ انہوں نے مجلس وحدت کی سیاسی، تنظیمی،شعبہ جاتی پالیسیوں سے آگاہ کیا اور ملت کو درپیش ملکی اور غیر ملکی مسائل خصوصاً عراق اور فلسطین میں جاری مشکلات سے مسؤلین کو آگاہی دی ۔اجلاس میں اسرائیل ،امریکہ اور امریکی نا جائز اولاد داعش کی پر زور مذمت کی گئی۔اور یوم القدس کو بھرپور جزبے کیساتھ منانے کی پلاننگ کی گئی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) خانہ فرہنگ کوئٹہ کے زیراہتمام (ماہ مبارک رمضان دنیا بھر کے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و وحدت کی علامت ) کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد ہوا، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان شہر اللہ یعنی اللہ کا مہینہ ، نزول قران کریم کا مہینہ ،امت مسلمہ کے درمیان وحدت و اتحاد کی علامت ہے کہ جس میں دنیا بھر کے مسلمان رنگ ،نسل اور فرقوں کی تفریق سے بالا تر ہوکر خدائے واحد کی اطاعت بجا لاتے ہوئے روزہ رکھتے ہیں۔ دنیا میں کروڑوں مسلمانوں کے درمیان یہ یکجہتی اور ہم آہنگی کی لازوال مثال ہے،انبیاء ؑ کی سر زمین فلسطین پر اسرئیلی جارحیت پر اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کے عالمی اداروں کی خاموشی قابل مذمت ہے، ہم مظلوم فلسطینی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ ہمارے دلوں میں بستے ہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں، اور آپ کی مظلومیت پر ہم سوگوار ہیں، انشاء اللہ نصرت الہی کا وعدہ جلد سچا ہوگا اور امت مسلمہ کی وحدت بیداری اور قیام للہ کے نتیجہ میں قبلہ اول جلد آزاد ہوگا۔

 

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالمتین آخونزادہ نے کہا کہ مسجد اقصی اور قبلہ اول کی بابرکت سرزمین پر اسرئیل کا غاصبانہ قبضہ، اور سر زمین انبیاءؑ پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ایران کی اسلامی نظام حکومت کو مسلکی اختلاف کے باوجود ہم اپنے لئے آئیڈیل سمجھتے ہیں۔ جمعیت اتحاد العلماء کے ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کہا کہ آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم قران کریم کے فرمان انما المومنون اخوہ سے ہدایت لیتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کے ذریعے تفرقہ اور انتشار کی ہر سامراجی سازش کو ناکام بنا دیں گے۔

 

سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے ایرانی کونسل جنرل آقائے سید حسن یحیوی نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام دہشت گردی کا شکار ہے جہاں مسجدیں اور نمازی تک محفوظ نہیں،ہم دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے معاشرے کے باشعور طبقات سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ قیام امن و فروغ اتحاد میں اپنا کردار ادا کریں۔ سیمینار سے معروف دانشور امان اللہ شادیزئی اور ڈائریکٹر خانہ فرہنگ سید ابوالفضل حسینی نے بھی خطاب کیا۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) حضرت علی علیہ السلام تاجدار شجاعت ، علم ، حلم و تقویٰ ہیں، خود پیغمبر گرامی قدر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں کہ میں شہر علم ہوں او ر علی اس کا دروازہ، میں شہر حکمت ہوں اور علی اس کا دروازہ، گویا پیغمبر ؐ یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ کسی طرح بھی مجھ تک پہنچنے کے لیئے علی ؑ کی ہر صور ت ضرورت پڑے گی، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ، سیکرٹری روابط مولانا سید حمید حسین نقوی ، سیکرٹری تبلیغات مولانا ممتاز علی حسینی، سیکریٹری تربیت مولانا سید افتخار الحسن گردیزی اور دیگر علمائے کرام نے وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد سے ایام امیرالمومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی مناسبت جاری اپنے بیان میں کیا۔



انہوں نے کہا کہ علی ؑ وہ ذات ہیں کہ جن کو پیغمبر نے اپنا بھائی کہا، جنگ ہو گھر، ہر طرف علی ؑ ہی علیؑ نظر آتے ہیں، علیؑ ابو الآئمہ، علیؑ بعد از پیغمبرؐ افضل البشر، لا فتیٰ الا علی لاسیف الا ذوالفقار کے مصداق ہیں علیؑ ، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ سیرت علیؑ کو سامنے رکھتے ہوئے کفار، صہیونیوں کی منظم سازشوں کو اپنے مقابلے اور اتحاد سے شکست فاش دیں، صہیونی جس طرح غزہ میں نہتے بچوں پر بموں کی بوچھاڑ کر رہے ہیں اس کی مثال اس سے قبل نہیں ملتی، مسلم ممالک کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، پتا نہیں کیا ہو گیا، حالانکہ مسلمان اس علیؑ کو مانتے ہیں جو بچوں کو بھوکا نہیں دیکھ سکتے تھے، راتوں کو اٹھ اٹھ کر یتیم بچوں کے ہاں اپنے کاندھے پر بوریاں اٹھا کر پہنچایا کرتے تھے، اور مولاعلی علیہ السلام کو 19رمضان المبارک ضربت لگی تو طبیب نے دودھ کو دوا کے طور پر تجویز کیا ، کوفہ کی بیواؤں نے اپنے بچوں سے کہا کہ جاؤ دودھ لیکر پہنچ جاؤ وہ ساری زندگی تمہاری خدمت کرتا رہا آج ذرا چل کر تم بھی اپنا حق ادا رکر دو، تو بچے پیالا اُٹھائے اس کوشش میں دوڑتے نظر آئے کہیں دوسرا مجھ سے پہلے نہ پہنچ جائے،



انہوں نے کہا کہ مولاامیرالمومنین ؑ کی اس سیرت کو سامنے رکھ کر کے مسلمانان جہان کو اٹھ کھڑا ہونا چاہیے ، غزہ کے ان مظلوم دودھ پیتے بچوں کے لیئے، عرب کے خائن حکمران عیاشیوں میں مصروف ادھر کچھ تو بچے قتل ہو رہے ہیں اور کچھ بچے یتیم، مسلم دنیا کے لیئے ضروری ہو گیا ہے کہ وہ کھل کر اسرائیل کی مخالفت کریں ورنہ ہم یہ سمجھنے پر مجبور ہیں کہ یہ بھی استعمار کے ایجنٹ ہیں، اسلام کا لبادہ اوڑھے مسلمانوں کے قتل و قتال پر خاموش ہیں، مجلس وحدت مسلمین ہر ظالم کے خلاف و ہر مظلوم کی حامی ہے ، یہ سنہری اصول بنیاد مجلس ہے، ہم یہ کہتے ہیں کہ فلسطین جہاں دیکھتے ہوئے بھی چشم پوشی کی جا رہی ہے، کہیں ایسا نہ کل یہ آگ چپ رہنے والوں کے دروازوں کا رخ کرے اور اس وقت کف افسوس ملتے رہ جائیں،مطالبہ ہے کہ تیل کی دولت سے مالا مال ممالک اپنے حصے کا کردار ادا کریں، ظلم جہاں بھی ہو مخالفت کریں، چاہے وہ کشمیر ہو یا عراق، شام ہو یا فلسطین ، ایک ہو کر نیک ہو استعمار اور استعماری قوتوں کو شکست دیں ، اور حقیقت میں تاجدار شجاعت کے ماننے والے بنیں ۔

وحدت نیوز(کراچی) شہر قائد میں ایک منظم سازش کے تحت شیعہ تاجروں کو بے دردی کے ساتھ قتل کیا جارہا ہے،گذشتہ تین روز میں دو شیعہ تاجرعدیل عباس اور حیدر رضوی کو ان کی دکانوں پراندھا دھند فائرنگ کر کے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا دیئے گئے، سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آئیں ، آپریشن کی سمت واضح کی جائے ، شہری علاقوں میں شیعہ تاجروں کا دکانوں پر قتل باعث تشویش ہے،قانون نافذ کرنے والے ادارے شیعہ تاجروں کو تحفظ دینے میں یکسر ناکام ہیں ،اگر ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے گئے تو بھر پور احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔ان خیالات کااظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجازحسین بہشتی نے شہید عدیل عباس کے جلوس جنازہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ شہدائے ملت جعفریہ کا خونِ ناحق ضرور رنگ لائے گا، شہادتیں ہماری کمزوری نہیں بلکے طاقت کا نام ہیں ،خد اکی راہ میں سرخ موت بستر پر تڑپ تڑپ کر مرنے سے زیادہ فضیلت رکھتا ہے،شہادت خدا وند متعال کا خاص لطف وکرم ہے جو اس کے خاص بندوں کو ہی حاصل ہوتا ہے،شہادت جس در پر دستک دے سمجھیں کے وہ گھر خدا اور اہل بیت ع کا محبوب گھرانا ہے،ایک کا نازک دور تقاضہ کرتا ہے کہ صبر و استقامت کے ساتھ ساتھ منظم بھی ہوا جائے ،اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنا ہوگا،ایک منظم دشمن کا مقابلہ غیر منظم قوم قطعاً نہیں کر سکتی، انہوں نے ایف سی ایریا میں شہید ہو نے والے دکاندارایم ڈبلیوایم کے ہمدرد عدیل عباس اورپی آئی بی کالونی میں شہید ہونے والےدکاندار ایم ڈبلیوایم کے ہمدرد حیدر رضوی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیااور سندھ حکومت خصوصاً وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد،ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ اگر وہ شیعہ مکتب سے تعلق رکھنے والوں کا تحفظ نہیں کر سکتے تو واضح کردیں ہم اپنی حفاظت کا انتظام خود کریں ۔دریں اثناء شہید عدیل عباس کی نماز جنازہ امام بارگاہ بوتراب عزیز آباد میں ادا کی گئی جس میں ایم ڈبلیو ایم اور امامیہ اسٹوڈنٹس کے رہنماؤں اور کارکنان کے علاوہ علماء و اکابرین نے شرکت کی۔ جنازہ کے ہمراہ شرکاء نے سپر ہائی وے علامتی دھرنا دیا اور شدید نعرے بازی اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا بعد اذاں شہید عدیل عباس کی تدفین وادی حسین قرستان میں کی گئی ۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت پر امت مسلمہ کی خاموشی اس آگ کے بڑھاوے کا باعث بن سکتی ہے۔ لاہور میں آئی ایس او کے زیراہتمام متحدہ طلبا محاذ کے رہنماؤں اور صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکی سرپرستی اور یہودیت کی آشیرباد سے جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مکڑی کے جالے سے بھی کمزور ہے لیکن وہ عرب حکمرانوں کی بے حسی کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ اسرائیل کو حزب اللہ کے جوانوں نے عبرت ناک شکست سے دو چار کیا اور حزب کو کمزور کرنے کے لئے ہی امریکہ اور اسرائیل نے داعش جیسی تنظیمیں  بنا کر ان کو مسلح کر کے مسلمانوں کے قتل عام اور شیعہ سنی تصادم کا ٹھیکہ دیدیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش سے عرب سنیوں نے بھی اعلان لاتعلقی کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ بہت جلد داعش کی بربریت کا سورج بھی غروب ہونے والا ہے۔

 

سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ داعش کی حالیہ اسرائیلی بربریت کے دوران حقیقت بے نقاب ہو گئی ہے، اگر داعش مسلمان تنظیم ہوتی یا یہ مجاہدین اسلام ہوتے تو اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لئے فلسطین پہنچتے اور اسرائیل کا مقابلہ کرتے لیکن انہوں نے ایسا نہ کرکے اسرائیلی نمک خوار ایجنٹ ہونے کا ثبوت دے دیا ہے۔ سید ناصر شیرازی نے مزید کہا اس صورت حال میں نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے،وہ خود بھی بیدار رہیں اور ملت اسلامیہ کو بھی بیدار کریں۔ انہوں نے طلبا رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ فرقہ واریت کے خاتمہ اور اتحاد امت کے لئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی ایسی فضا بنائی جا رہی تھی لیکن مجلس وحدت مسلمین نے سنی اتحاد کونسل کے ساتھ اتحاد کا پرچم بلند کر کے دشمن کی ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ معاشرے میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے متحدہ طلبا محاذ کے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جہاں طلبا کے تعلیمی اداروں میں بہت سے مسائل حل ہوتے ہیں وہاں اس پلیٹ فارم سے اتحاد ویکجہتی کا پیغام بھی جاتا ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) زرائع ابلاغ جس قدرآزاد ہیں اس سے کہیں زیادہ قیدبھی ہیں ،پرنٹ، ایکٹرونک اورسوشل میڈیاکا نوے فیصد سے زائد حصہ صہیونی قوتوں کے زیر اثر ہے، غزہ میں انسانیت سوز مظالم شام و عراق کی سنگین صورتحال سے اقوام عالم کی توجہ ہٹانے کی عالمی استعماری سازش ہے، مشرق وسطیٰ کی بیداری کی تحریکیں پر مغرب سوار ہو کر آگیاہے، غزہ کی روز بگڑتی صورتحال پر اقوام متحدہ کو چپ کا روزہ توڑ دینا چاہئے، اسرائیل ہو یا داعش دونوں کی ماں امریکہ ہے، یوم القدس مظلومین غزہ کی حمایت میں امت مسلمہ کے اجماع کا دن ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ذیر اہتمام مقامی ہوٹل میں زخمی زخمی قدس پکارا ۔۔۔اب تو مسلم جاگ خدارا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماسلیم ضیاء ، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر، ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی ، مسلم لیگ ق کے صوبائی رہنما حلیم عادل شیخ ،سنی تحریک کے مرکزی رہنما شاہد غوری، جمیعت علمائے اسلام (ف)کے صوبائی رہنما قاری عثمان ، عوامی مسلم لیگ کے صوبائی رہنما محفوظ یار خان ، جمعیت علمائے پاکستان کے صوبائی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی ،جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی ،جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما مظفر احمد ہاشمی اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے۔

 

اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے علامہ امین شہیدی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ خصوصاً غزہ اور عراق کی سنگین صورتحال کے مرکزی محرک امریکہ ، اسرائیل ، سعودیہ ، ترکی اور قطرہیں ، ان پانچوں ممالک کے عالمی مفادات اس خطے سے وابسطہ ہیں ، جرمن نازیوں کے ہاتھوں یہودیوں کی مبینہ نسل کشی کو بنیاد بناکر پچھلی سات دہائیوں سے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی وحشیانہ رویہ اختیار کیئے ہوئے ہے،عرب حکمرانوں کی خیانتوں اور عیاشیوں نے مظلوم فلسطینیوں کو آج اس حال پر پہنچا دیا ہے، پوری امت مسلمہ کو چاہئے کہ اس یوم القدس پر منظم انداز میں بلاتفریق رنگ و نسل، زبان ومکان غزہ کے مظلوم بچوں ، خواتین اور بزرگوں کے حق میں آواز اٹھا ئیں ۔

وحدت نیوز(کراچی) قرآن مجید مردہ دلوں کو زندہ کرنے والی کتاب ہے نہ کہ مردہ جسموں کو، امت مسلمہ کی جملہ مشکلات کی بنیادی وجہ قرآن کریم سے دوری ہے،اسلام دشمن قوتوں سے مبازہ قرآن کریم کی تعلیمات کا تقاضہ ہے، عالم اسلام نے یہود و نصاریٰ کو اپنا ولی و سرپرست بنا لیا ہے، ماہ رمضان المبارک قرآن سے انس کا بہترین موقع ہے، قرآن و اہل بیت ع میں جدائی امت مسلمہ کی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری تبلیغات علامہ اعجاز حسین بہشتی نے مقامی لان میں ایم ڈبلیوایم ضلع ملیر کے ذیراہتمام دعوت افطارسے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان عوامی تحریک،پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر مذہبی اور ملی تنظیموں، قانون نافذکرنے والے اداروں کے حکام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے بھی موجود تھے۔

 

علامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ قرآن ایک مظلوم کتاب ہے، اسے پروردگار عالم نے جس مقصد کے تحت امت محمدی ص پر نازل فرمایااس سے استفادہ نہیں کیا گیا، قرآن مجید کو فقط مردوں کو بخشنے اور بیماروں کو ہوا دینے کی غرض سے استعمال کیا جاتا رہا ، جب کہ احادیث کے مطابق قران مجید مکمل آئین حیات ہے، قرآن مجیدمردہ دلوں کو زندہ کرنے والی کتاب ہے نہ کہ مردہ جسموں کو، انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز، مشکلات ، مصائب اور سختیوں کی ایک بڑی وجہ روح قرآن ، منابع قرآن ، مناطق قرآن سے روگردانی بھی ہے، امت مسلمہ صریحاً احکامات قرآنی سے منکر ہے، بنی کریم ص نے واضح ارشاد فرمایا تھا کہ تمہاری رہنمائی کے لئے قرآن و اہل بیت ع چھوڑے جا رہا ہوں نے لیکن افسوس ہمارے اہل تشیع بھائیوں نے فقط اہل بیت ع کے دامن کو تھامہ اور قرآن کو کلی طور پر چھوڑ دیا، جب کہ اہل سنت بھائیوں نے قرآن مجیدسے تو اپنا رشتہ مضبوط رکھا لیکن اہل بیت ع کے دامن کو چھوڑ دیا،انہوں نے فلسطینیوں کی جملہ مشکلات اور اسرائیلی مظالم کی بنیادی وجہ بھی قرآن مجید سے قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہود و نصاریٰ سے دوستی کی مخالفت پردردگار عالم کا فیصلہ ہے، لیکن ہمارے نام نہاداسلام پرست حکمرانوں انہی یہود و نصاریٰ کو اپنا ولی و سرپرست قرار دے دیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) خیرالعمل فاﺅنڈیشن پاکستان کے چیئرمین نثارعلی فیضی نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی ظلم وبربریت پر عالمی انسانی حقوق کے دعویداروں کی خاموشی اس جر م میں شرکت کے مترادف ہے ۔غزہ میں اسرائیل پرتشدد اور جارحیت کے نتیجے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔نثار علی فیضی نے کہا کہ غزہ فلسطین میں ماہ مبارک رمضان میں اسرائیلی درندوں کی طرف سے فلسطینیوں کا وحشیانہ قتل عام افسوس ناک ہے اور اس سے بھی بڑھ کر تشویش ناک عرب و مسلم دنیا کے حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت ہے جو صہیونی و امریکی آقاﺅں کو خوش کرنے کے لیے اس ظلم و بربریت پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں جنگ مسلمانوں اور کفار کے درمیان نہیں بلکہ انسانیت اور بربر یت کے درمیان جنگ ہے چاہے وہ جنگ غزہ فلسطین میں جاری ہو یا شام و عراق میں داعش کی شکل میں معصوم مسلمانوں کے قتل عام کے ذریعے سریا ہو۔انسانیت کے قاتلوں کا انجام عبرت ناک ہو گا ۔ نثار علی فیضی نے کہا کہ حق پسند وانسان دوست لوگ پوری دنیا میں انکے مقابلے میں صف آراءہو رہے ہیں صہیونیوں کی اسلام دشمنی اب انسان دشمنی پر پہنچ چکی ہے جو زیادہ دیر باقی نہیں رہے گی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی کابینہ اور صوبائی مسئولین کا اہم اجلاس علامہ ناصر عباس جعفری کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور حکومت مخالف الائنس کی تشکیل پر غور و خوض کیا گیا۔ اس موقعہ پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے زائرین کے مسائل پر بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ نواز حکومت جعلی مینڈیٹ کے ذریعے برسر اقتدار آئی ہے۔ لہذا اس کا اقتدار غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ طاہرالقادری اور اپوزیشن کی جانب سے دی گئی دعوت پر تفصیلی غور کے بعد ایم ڈبلیو ایم نے حکومت مخالف اپوزیشن الائنس کا حصہ بننے کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلے میں پانچ رکنی کور کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ممبران علامہ محمد امین شہیدی، سید ناصر شیرازی، علامہ مقصود علی ڈومکی اور علامہ عبدالخالق اسدی ہونگے۔ ایم ڈبلیو ایم نے تفصیلی غور و خوض کے بعد گرینڈ الائنس کے لئے پانچ نکاتی ایجنڈا تیار کر لیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree