The Latest

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ شیخ محمد بلال سمائری نے کہا ہے کہ ڈاکٹر نجمہ نجم کی قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت میں دوبارہ تعیناتی سے علاقے میں بدامنی پھیلنے کا خدشہ ہے۔ قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تعیناتی خالص میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہیئے، سفارش اور میرٹ کی پائمالی سے اداروں میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہو رہی ہے جس کی وجہ سے آج پورے ملک میں آگ لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ وائس چانسلر کے دور میں یونیورسٹی میں مختلف ملازمتوں کے سلسلے میں میرٹ کی دھجیاں اڑائیں گئیں ہیں اور اپنے من پسند امیدواروں کو اہم عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے جس کی بابت حکام بالا کو آگاہ کیا جا چکا ہے، نیز یونیورسٹی کے پرامن ماحول کو خراب کرنے میں سابقہ وائس چانسلر کا براہ راست ہاتھ ہے، جس کے نتیجے میں گلگت شہر کئی دفعہ میدان جنگ بنا رہا اور کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو گئیں۔ ان کی دوبارہ تعیناتی وفاقی حکومت کی گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی تصور کی جائے گی۔ صوبائی حکومت اس معاملے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے بصورت دیگر وفاق کی امن دشمن پالیسیوں میں صوبائی حکومت بھی برابر کی شریک تصور کی جائے گی۔

وحدت نیوز( مظفرگڑھ) ہزاروں مسلمانوں کے قاتلوں سے مذاکرات نہیں بلکہ بھرپور کاروائی کے ذریعے سے نمٹا جاتا ہے۔حکومت وقت کی پشت پناہی میں کالعدم جماعتوں نے دہشتگردی کا بازار گرم کر رکھا ہے اور پورے پاکستان کے عوام ان مٹھی بھر عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔طالبان سے مذاکرات شیطان سے مذاکرات کے مترادف ہیں۔مذاکرات کا مطلب پچپن ہزار شہداء کے خون سے غداری کا نام ہے ان خیالات کا اظہار علامہ عسکری الہدایت ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب نے مظفرگڑھ میں ضلعی شورٰی کے اجلاس کے دوران شورٰی کے اراکین سے کیا۔اجلاس سے صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید فضل نقوی نے بھی خطاب کیا جبکہ صوبائی سیکرٹری روابط علی رضا طوری اس موقع پر موجود تھے۔

 

ضلعی شورٰی کا اجلاس دو نشستوں پر مشتمل تھا۔ پہلی نشست کا آغاز تلاوت کلام پاک سے میاں ناصر عباس نے کیا جبکہ نعت اور قصیدے کا شرف محمد عباس اورشہباز کو ملا۔اجلاس میں ضلع بھر سے تقریبا پچیس یونٹس نے شرکت کی اور اس کے علاوہ معززین علاقہ بھی شریک ہوئے۔مہمانان خصوصی صوبائی کابینہ کے اراکین علامہ عسکری الہدایت، سید فضل نقوی، اور علی رضا طوری تھے۔پروگرام کی سیکیورٹی اور دیگر امور مجلس وحدت مسلمیں اور آئی ایس او کے دوستوں نے ملکر ادا کی۔پروگرام کے آغاز میں ڈسٹرکٹ آرگنائزر میاں ناصر عباس نے ضلعی صورتحال پر اور تنظیمی فعالیت کے حوالے سے گفتگو کی۔جبکہ صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید فضل نقوی ایڈوکیٹ نے مجلس وحدت مسلمین کا سیاست میں کردار کی ضرورت پر گفتگو کی۔ یونٹس کی جانب سے ایک نام مولانا مرید عباس کا پیش کیا گیا،جبکہ سید شفقت علی کاظمی اور مولانا نذر عباس کا نام ضلعی کابینہ کی طرف سے پیش کئے گئے۔نماز کے وقفے کے بعد تینوں نامزد نمائندگان کو تعارف کا موقع دیا گیا۔اور پولنگ کاآغاز کیا گیا۔ پولنگ کے مرحلے کے بعد علامہ عسکری الہدایت ڈپٹی سیکرٹری صوبہ پنجاب نے شورٰی کے اجلاس سے ملت جعفریہ کو درپیش مشکلات اور مجلس وحدت کے کردار کے حوالے سے گفتگو کی۔ آخر میں منتخب امیدوار کا علان کیا گیا جس کے مطابق مولانا مرید عباس کامیاب ہوئے۔اختتام پر نو منتخب سیکرٹری جنرل ضلع مظفر گڑھ مولانا مرید عباس نے شورٰی سے خطاب کیا اور دوستوں کو ہر وقت میدان میں موجودگی کا عزم کیا۔

 

وحدت نیوز(ایبٹ آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ایبٹ آباد کے زیر اہتمام ایم ڈبلیوایم تحصیل حویلیاں یونٹ میں تنظیم سازی کامرحلہ مکمل کر لیا گیا۔تنظیمی اجلاس میں اراکین کیاکثریت نے یم ڈبلیو ایم تحصیل حویلیاں کے لئے رائے شماری کے زریعے نیاسیکرٹری جنر ل سید سبطین حسین شاہ کو منتخب کر لیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخواہ کے سیکرٹری جنرل تنظیم سازی مولانا آغا سید وحید عباس کاظمی ، سیکرٹری جنرل تحفظ عزاداری ایبٹ آباد سید شجر علی کاظمی ، سیکرٹری جنرل فلاح و بہود ضلع ہزارہ سید اظہر حسین شاہ اور سینئر رہنما ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد سید محمد نواز شاہ صاحبان موجود تھے۔ جبکہ ان سے حلف سیکرٹری جنرل ضلع ایبٹ آباد سید مدثر علی کاظمی نے لیا۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن شعبہ خواتین کی ایک میٹنگ بلائی گئ جس کی صدارت ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین سندھ اور کراچی کی سیکرٹری جنرل خواہر زہرە نجفی نے کی. آپ نے آنے والے اہم پروگرامز کے حوالے سے ایجنڈا پیش کیا . اجلاس  کا باقائدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے خواہر زرین نے کیا.ایجنڈے کے مختلف امور کے بارے میں گفتگو اور مشاورت کرتے ہوۓ پروگرامز کو حتمی شکل دی گئ، میٹنگ میں خصوصیت کے ساتھ ربیع الاول کے مبارک مہینے کے حوالے سے ایک متبرک محفل میلاد کے انعقاد کا پروگرام بھی ترتیب دیا گیا.محفل میلاد کی تاریخ و جگہ وغیرہ کو حتمی شکل دی گئ.جو کہ إنشاٴالله February 16th کو آرٹس کونسل میں ہونا طے پایا. محفل میلاد میں اسوہ رسالت صلی الله علیہ وآلہ وسلم اور اسوہ وحدت کے حوالے سے روشنی ڈالنے کہ لیے شعیہ مکاتب فکر کے ساتھ ساتھ اہل سنت مکاتب فکر کو بھی دعوت خصوصی دی جاۓ گی.اور اسکے علاوہ بارگاہ رسالتمآب صلی الله علیہ وآلہ وسلم میں نزرانہ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف نعت خواں اور منقبت خواں کو بھی دعوت دی جاۓ گی۔

 

خصوصیت کے ساتھ شہدائے  ناموس رسالت صلی الله علیہ وآلہ وسلم کے خانودہٴ کو مدعو کیا جاۓ گا.میٹنگ میں اس پروگرام کے حوالے سے مختلف امود ترتیب دیے گیے.ساتھ ہی ڈویژن ممبران کے درمیان زمہ داریاں بھی پروگرام کے حوالے سے تقسیم کی گئیں ،اس کے علاوہ شعبہ خواتین کے حوالے سے ہونے والے دیگر پروگرامزپر بھی گفتگو اور مشاورت کی گئ، میٹنگ کا اختتام دعاۓ سلامتی امام زمانہ علیہ سلام سے کیا گیا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات شیطانوں ،فرعونوں، ظالموں اور قاتلوں سے مذاکرات ہیں،نواز شریف ملک میں یزید کی شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں،طالبان سے طالبان مذاکرات کررہے ہیں،مذاکرات کا ڈھونگ ختم کیا جائے اور دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایم ڈبلیوایم کوئٹہ ڈویژن کے تحت کوئٹہ میں علمدار روڈ شہداء چوک پر منعقدہ پیام شہدا و اتحاد ملت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد مرد و خواتین اور بچوں اور بوڑھوں نے سخت سردی اور بارش میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے طالبان سے مذاکرات نامنظور ، امریکہ مردہ باد، نواز حکومت شرم کرو کے نعرے بلند کئے۔

 

 علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان سے مذاکرات شیطانوں سے مذاکرات ہیں ، فرعونوں، ظالموں اور قاتلوں سے مذاکرات ہیں، ہم اپنا خون دیدیں گے لیکن وطن کے ساتھ خیانت کو قبول نہیں کریں گے، انہیں پاکستان کی مظلوم عوام اور شہداء کے خانوادے مسترد کرتے ہیں، یہ شہداء کے خون سے خیانت کے مترادف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضیائی اسٹیبلشمنٹ کے فیصلوں کو آج اس ملک میں نافذ کیا جارہا ہے اور امریکہ اور سعودی عرب کی سرپرستی میں پاکستان کو بدامنی کا شکار کیا جارہا ہے، دہشت گردوں کے حامی اب ایکسپوز ہوچکے ہے، داڑھی والے اور کلین شیو طالبان عیاں ہورہے ہیں، نواز شریف اور اس کے ساتھی اور خاص مسلک کے دہشت گرد ایک ہورہے ہیں لیکن آج شیعہ و سنی مظلوم بیدار ہیں اور ضیائی اسٹیبلشمنٹ کے ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے او ر طالبان اور ان کے حامیوں کو رسوا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ طالبان سے طالبان مذاکرات کررہے ہیں، ہمیں ایک بڑی جدوجہد شروع کرنے لئے اپنے آپ کو آمادہ کرنا ہوگا جس کا رخ اسلام آباد کی طرف ہوگا، پاکستان کی تمام محب وطن قوتوں کو اکھٹا ہونا ہوگا، ہمارے حکمرانوں سے پاکستان کو خطرہ ہے، ہم اس کو بچانے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کریں گے، فرعون اور یزید کے فرزند پاکستان کی سالمیت کیلئے خطرہ ہیں۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا رضوی نے کہا ہے کہ آج چند قوتوں کو یہ گمان تھا کہ کوئٹہ میں منعقد ہونے والی کانفرنس شدید بارش کی وجہ سے ملتوی ہوجائے گی اور اس ضمن میں مجھے کافی فون کالز بھی موصول ہوئی۔ لیکن میں نے سبھی سے یہی کہا کہ حسینیت ایک ایسا جذبہ ہے جس کی تپش بارش تو کیا طوفان میں بھی قیام کا حوصلہ فراہم کرتی ہے۔ میں نے آپ سے کہا تھا کہ کوئٹہ میں کسی بھی صورت میں‌ ہم پاکستان دوست قوتوں کا اجتماع منعقد کرکے دکھائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں منعقدہ پیام شہداء و اتحاد امت کانفرنس نے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ چند روز قبل جب وزیراعظم میاں محمد نواز شریف صاحب کوئٹہ تشریف لائے تو گورنر ہاؤس میں تمام اراکین اسمبلی کو اپنا چہرہ دکھایا۔ اس اجلاس میں تمام اراکین  وزیراعظم سے گیس، بجلی، پانی سمیت دیگر وسائل مانگنے لگے۔ انہیں ایک بھکاری سے بھیک مانگتے ہوئے ذرا بھی شرم نہیں آئی۔ جو وزیراعظم خود سعودی عرب کے پیسوں پر پلتا ہو، بھلا وہ کیا دوسروں کو کچھ دے سکے گا۔ میں نے وہاں وزیراعظم میاں نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر لوگ آپ سے زندگی کے بنیادی وسائل کیلئے سوال کر رہے ہیں، لیکن میں آپ سے کس چیز کا تقاضا کروں جب آپ ہمیں جینے کا حق تک نہیں دے سکتے۔

 

آغا رضا نے مزید کہا کہ میں نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ دہشتگردوں کی بجائے مظلوم عوام کا ساتھ دیں۔ یہ مُٹھی بھر دہشتگرد عناصر ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ میں نے ان سے سوال کیا کہ جب ایک سابق آمر پر کورٹ میں مقدمہ چلایا جاسکتا ہے، تو پھر ملک دشمن دہشتگردوں کیخلاف مقدمہ کیوں چلایا نہیں جاتا۔ ستم بالائے ستم تو یہ ہے کہ اب انہی طالبان سے مذاکرات کیلئے طالبان کو بھیجا جارہا ہے، لیکن ہم آج ان تمام قوتوں کیلئے واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کو بچانے کیلئے ان دہشتگردوں کیخلاف ہمیں کسی بھی حد تک جانا پڑے، تو ہم اس سے گریز نہیں کرینگے۔

 

وحدت نیوز(کوئٹہ) سنی اتحاد کونسل کے چیئر مین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا ہے منور حسن نے اسامہ بن لادن کو سیدالشہداء کہہ کر دین کے وقار کو مجروح کیا ہے،پاکستانی عوام کیلئے صرف اسلام پر قربانیاں دینے والے، نبی (ص) کے دین کیلئے اپنا سب کچھ لٹا دینے والے، پیغمبر اسلام (ص) کے نواسہ حضرت امام حسین (ع) کی ذات ہی سیدالشہداء ہے، نہ کہ ملک اور انسانیت دشمن اسامہ بن لادن۔ اب ہم کسی کو بھی اسلام کے نام پر مزید ٹھیکہ داری کی اجازت نہیں دے سکتے،دہشتگرد قوتوں اور ہم میں یہ فرق ہے کہ وہ اسامہ اور حکیم اللہ محسود کو روتے ہیں لیکن ہم کربلا کے مظلوموں کی یاد میں روتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے زیر اہتمام علمدار روڈ پر منعقدہ پیام شہداء و اتحاد مت کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

 

ان کاکہنا تھاکہ میں ان حکمرانوں سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ جو قوتیں پاکستان اور قائداعظم کو نہیں مانتیں، آپ انکے پاس تو ہاتھ جھوڑ کر جاتے ہیں، لیکن کوئٹہ میں بیٹھے مظلوم عوام کی دل جوئی کرنے کیلئے آپ کے پاس وقت نہیں ہوتا۔ ہم طالبان، ظالمان، لشکر جھنگوی، سپاہ صحابہ اور کسی بھی دہشتگرد قوت کو نہیں مانتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کی مظلوم عوام اسلام آباد کا رخ کریگی اور ان سعودی نواز حکمرانوں کو بھاگنے کا راستہ بھی نہیں ملے گا۔ اگر حکومت نے دہشتگردوں کیساتھ اب بھی مذاکرات کئے تو اس بار ہم اپنے گھروں کو واپس نہیں جائیں گے اور اس ملک سے دہشتگردوں سمیت انکے سیاسی و مذہبی سپورٹروں کو بھی ملک بدر کردینگے۔

 

صاحبزادہ حامد رضا کا مزید کہنا تھا کہ آج کا یہ جلسہ یہ مطالبہ کرتا ہے کہ ملا فضل اللہ کی باقاعدہ حوالگی کا حکومت افغانستان سے مطالبہ کیا جائے اور اسی چوک پر اُس مُلا فضل اللہ کو ہمارے شُہداء کے قتل کے جرم میں پھانسی دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بہت جلد اسلام آباد کا رخ کرینگے، چوہدری صاحب آپ فرار کا راستہ تلاش کریں۔ آپ کے بزرگوں اور بڑوں کا بھی یہی شیواء تھا اور آپکے ساتھیوں کا آج بھی یہی شیوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس دنوں سے کچھ لوگ طالبان کی مخالفت کے ٹھیکیدار بن گئے ہیں اور ٹویٹ سیاست شروع کر دی ہے۔ طالبان نے مذاکراتی کمیٹی کا اعلان بھی کر دیا اور ابھی تک آپکی مذمتی بیان جاری نہیں ہوئی۔ مجھے یقین ہے کہ اُس کمیٹی میں پانچویں کے بعد چھٹا نام آپ کا ہی ہے۔ جو مولوی ٹی وی پر کہہ رہے ہیں کہ رسول خدا (ص) نے بهی کافروں سے معاہدے کیے تهے تو انہیں بتا دو کہ ان طالبان کو کافر مانو تو ہم بھی مذاکرات کی مخالفت نہیں کرینگے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) وائس آف شہداء کے ترجمان سینیٹر سید فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ طالبان کی شریعت یزید کی شریعت ہے، نواز شریف ملک میں یزید کی شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں، ایسی جمہوریت پر لعنت بھیجتا ہوں کہ جس کی آغوش میں ملک کی پاک افواج اور عوام کے گلے کاٹے جا رہے ہیں اور قاتل دہشت گردوں سے مذاکرات ہو رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم آخری جنگ کی تیاری کر رہے ہیں، طالبان سے مذاکرات کرنیوالوں پر لعنت بھیجتا ہوں اور ایسے افراد کو مسترد کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے زیر اہتمام علمدار روڈ پر منعقدہ پیام شہداء واتحاد امت کانفرنس سےخطاب کر تے ہو ئے کیا

۔

 فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ شہداء کے خانوادے اور ملک کی مظلوم عوام پاک فوج کو اجازت دیتے ہیں کہ طالبان پر فوری حملہ کر دیا جائے، جس طرح شام میں تکفیریوں کو ہم نے شکست دی ہے، بالکل ویسے ہی پاکستان کو بھی تکفیریوں کا قبرستان بنائیں گے۔طالبان درندوں سے مذاکرات کی حکومتی کوششیں نا صرف ناکام ہو ں گی بلکہ اس کے نتیجے میں مذید لاشو ں کے تحفے قوم کو ملیں گے، نواز لیگ اپنی ہچکولے کھاتی نااہل حکومت کو سہارا دینے کے لئے مذاکرات کا ڈرامہ رچا رہی ہے، افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان کے نام نہاد سیاسی و مذہبی  رہنما اور اسلام کے ٹھیکدار طالبان کے ہمددرد اور معاون بن کر میدان میں اتر آئیں ہیں ۔ پاکستان کو دہشت گردی اور دہشت گردوں سے نجات دلانے کے لئے سنی اتحاد کونسل ، مجلس وحدت مسلمین اور وائس آف شہداء نے حکمت عملی مرتب کر لی ہے ، اگر طالبان کو مظلوم عوام پر مسلط کرنے کی کوشش جاری رہی تو ہم اسلام آباد کا رخ کریں گےاور پھر ہم اکیلے نہیں ہو نگے، دہشت گردی کا شکار دیگر سیاسی جماعتیں اور عوام بھی ہمارے ہمراہ ہو نگیں ۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)  تحریک منہاج القرآن پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کا راج ہے، محب وطن قوتوں پر حملے عالمی استعماری ممالک کا بین الاقوامی ایجنڈہ ہے، طالبانی سوچ کو ہم پر مسلط کر نے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان میں شیعہ سنی لڑائی جھگڑا قطعاً کہیں نہیں ، ایک مخصوص انتہا پسند سوچ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کر نے میں مصروف ہے ،ہمارے دل پاکستان میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والےشیعہ  ہزارہ بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، تحریک منہاج القرآن امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کی قومی مہم میں مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کو نسل کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کے خوارج کیلئے واحد علاج شیخ الاسلام علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا وہ تاریخ ساز فتویٰ ہی ہے جس پر عمل کرکے پاکستانی قوم اس ناسور سے نجات پاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام علمدار روڈ پر منعقدہ پیام شہداء و اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔

 

ان کاکہنا تھا کہ یزیدی سوچ و فکر کے حامل خارجی دہشت گردو ٹولے کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے، ملک میں مسلسل دہشت گرد کاروائیاں پاکستان کی جڑوں کو کھوکلا کر نے کی شازش ہے، حکومت اور ریاستی ادارے پاکستان کے استحکام اور بقاء کی خاطر اپنا مخلصانہ کردار اداکرے، عالمی سطح پر پاکستان کو بد نام کر نے کے لئے بیرون ممالک سے دہشت گردوں کی بٹالین تیار کر کے پاکستان میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کے لئے اتاری گئی، طالبان ناسور کائنات ہیں ، مختلف ممالک میں طرح طرح کے نقاب اوڑھ کر یہ مفصد فی ارض مظلوموں کے قتل عام میں مصروف ہیں ۔ انہو ں نے طالبان سے حکومتی مذاکرات کو قومی خیانت قرار دیتے ہو ئے کہا کہ ۵۰۰۰۰سے زائد بے گناہ عوام اور افواج پاکستان کے کون سے ساتھ حکمرانوں کی غداری کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ جن کا عقیدہ جمہوری اقدار کے منافی ہو ان کے مذاکرات بے سود ہیں ۔

 

بلوچستان میں دہشت گردی کا شکار ہو نے والے شیعہ ہزارہ بھائیوں کے غم میں تحریک منہاج القرآن بھی شامل ہے، پاکستان میں بے گناہو ں کے قتل عام کی سخط الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، ہزارہ برادری اور شیعہ برادری پاکستان کے آئینی شہری ہیں جن کے حقوق تمام مسالک کی طرح مساوی ہیں ، دہشت گردی کے خلاف اور پاکستان میں امن کے قیام کے لئے پوری تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کے شانہ بشانہ ہرمیدان میں حاضر ہے، جب کبھی کسی میدان میں ہماری ضرورت ہو گی ہم حاضر ہو نگے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) بلوچستان کےصوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وطن عزیز اپنی تاریخ کے انتہائی خطرناک دور سے سے گذر رہا ہے ، ملک و ملت کا دشمن پوشیدہ حالت میں حملہ آور ہے ، دہشت گردی سے کوئی شخص ، ادارہ ، مسلک ، مذہب اور مقام محفوظ نہیں ، ایسے مخدوش حالات میں ایسے اہم موضوع پر کانفرنس کا انعقاد قابل تحسین ہے ، ان خیالات کا ظہار انہوں نےعلمدار روڑ پر مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام منعقدہ پیام شہداء و اتحاد امت کانفرنس سے  خظاب کر تے ہو ئے کیا ۔

 

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان ایک دھکتا انگارہ بن چکا ہے، عالمی ایجنسیوں نے اس جنت نظیر وادی کو اپنی تجربہ گاہ بنا دیا ہے ، کسی کی جان ، مال ، عزت ، آبرو محفوظ نہیں ، سابقہ ادوار میں حکمرانوں  کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے اس خطے کے عوا م کا استحصال ہوا ، ملک دشمن قوتو  ں نے یہاں دہشت گردی کی ترویج کے لئے سرمایہ کاری کی ، جس کا خمیازہ آج پورا بلوچستان بھگت رہا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ بلوچستان میں آباد مختلف اقوام اس خطے کی خوبصورتی کا باعث ہو اکر تی تھی، مسلکی اور لسانی تفرقہ کے بارے میں سوچنا بھی اس وادی میں محال تھا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ شیعہ  ہزارہ برادری پر منظم حملے اور نسل کشی ایک عالمی سازش کا حصہ ہے، ہزارہ برادری کا بلوچستان سے قائم رشتہ کوئی دو چار سال نہیں بلکہ صدیو ں پرانا ہے، اگر کو ئی یہ سمھجتا ہے کہ سانحہ مستونگ طرز کی بزدلانہ کاروائیاں کر کے ہزارہ برادری کو بلوچستان سے بے دخل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا تو اس کی خام خیالی ہے۔ بلوچستان کے تمام قبائل ہزارہ برادری کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے لئے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اتحاد بین المسلمین اور تمام مذاہب کے مابین بھائی چارے اور وحدت کے قیام کے لئے مجلس وحدت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو بلوچستان حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اس نازک وقت میں اتنے اہم اشو پر کامیاب کانفرنس منعقد کرنے پر ایم ڈبلیو ایم مبارک باد کی مستحق ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree