The Latest

وحدت نیوز(بلتستان) ملک بھر کیطرح بلتستان میں بھی سانحہ مستونگ کیخلاف اور کوئٹہ میں شہداء کے لواحقین کے مطالبات کی منظوری کے لیے بلتستان میں احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے تمام شیعیان حیدر کرار (ع) کو احتجاجی دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ واضح رہے کہ اسوقت اسکردو میں سردی اپنی جوبن پر ہے اور پاکستان میں سب سے زیادہ سردی اسکردو میں ہے، اس کے علاوہ شدید برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اسکردو کے نشیبی علاقوں میں اب تک دس انچ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے۔ جذبہ ایمانی سے سرشار مومنین برف کے فرش پر بیٹھ کر دھرنا دےرہے ہیں ، اور مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کے خللاف شعار بلند کر رہے ہیں  ۔

وحدت نیوز(فیصل آباد) سنی اتحاد کونسل نے مستونگ میں زائرین کی بس پر ہونے والے حملے اور بیگناہ زائرین کی شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے دھرنوں کی حمایت کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ حکومت فی الفور دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا باقاعدہ آغاز کرے اور مستونگ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے مطالبات فوری طور پر تسلیم کئے جائیں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو سنی اتحاد کونسل بھی مجلس وحدت مسلمین کے دھرنون میں شامل ہوجائے گی۔

وحدت نیوز(لاہور) گورنر ہاؤس لاہور کے باہر مجلس وحدت مسلمین اورامامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام سانحہ مستونگ اور ملک بھر میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف دھرنا جاری ہے۔ احتجاجی دھرنے میں مظاہرین کی کثیر تعداد شریک ہے، جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ مظاہرین پنجاب حکومت اور دہشت گردی کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں جبکہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں قیام امن میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، ملت جعفریہ کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ حکمران سوائے مذمتی بیانات جاری کرنے کے عملی طور پر کچھ بھی نہیں کر رہے۔

 

دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملت تشیع پاکستان کو تحفظ فراہم کیا جائے، کوئٹہ تفتان روڈ پر واقع دہشت گردوں کے تربیتی کیمپوں کو ختم کیا جائے، سانحہ مستونگ کے ملزموں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ رہنماؤں نے کہا ہم مطالبات کی منظوری تک گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر دھرنے کے شرکاء لبیک یاحسین (ع)، لبیک یاحسین (ع) کے شعار بلند کرتے رہے۔ مظاہرین نے مال روڈ کو چاروں طرف سے بند کر دیا ہے، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے اور جامہ تلاشی کے بعد ہی دھرنے کی شرکاء کو آنے کی اجازت دی جا رہی ہے جبکہ پولیس ٹریفک کے لئے مال روڈ کو الحمراء ہال اور دوسری جانب کلب چوک سے بند کر دیا ہے۔

وحدت نیوز(ملتان) سانحہ مستونگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ ملتان میں سانحہ مستونگ کے خلاف امام بارگاہ زینبیہ سوتری وٹ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو چوک نواں شہر پہنچ کر احتجاجی دھرنے میں تبدیل ہوگئی۔ احتجاجی ریلی اور دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری تہور حیدری، محمد عباس صدیقی اور دیگر نے کی۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ اقتدار نقوی کا کہنا تھا کہ جب تک شہداء کے ورثاء کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے ہمارا دھرنا جاری رہے گا، اُنہوں نے مزید کہا کہ جب تک کوئٹہ کے شہداء کی تدفین نہیں ہوجاتی ہمارا دھرنا اور احتجاج جاری رہے گا۔ اس موقع پر مرد، خواتین، بچے، بوڑھے اور جوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ دھرنے کے شرکاء کے لیے لنگر، نیاز، چائے اور سوپ کا اہتمام کیا گیا ہے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)ّ سانحہ مستونگ کے خلاف کوئٹہ کے علمدار روڈ پر ہزارہ برادری کی جانب سے شہید ہونے والے افراد کی میتوں کے ہمراہ دھرنے کو چوبیس گھنٹے سے زیادہ ٹائم ہوگیا ہے۔ ہزارہ برادری کے ہزاروں افراد دھرنا دیئے انصاف کی دہائی دے رہے ہیں۔ دھرنے کے شرکاء کا مطالبہ ہے کہ وفاقی نمائندے کے آنے اور ملزموں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن نہ ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔ سانحہ مستونگ کے خلاف جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور ہزارہ برادری کے افراد میتوں کے ہمراہ بدھ کی صبح دس بجے علمدار روڈ کے شہداء چوک پر جمع ہوئے تھے اور وہاں دھرنا دے دیا تھا جو کہ چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی جاری ہے۔ سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونے والے 28 افراد کی میتیں رکھ کر ان لواحقین اور ہزارہ برادری کے افراد سخت سردی میں کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔ دوسری جانب بلوچستان شیعہ کانفرنس کے قائم مقام صدر سید مسرت حسین نے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ پر وفاقی حکومت کے ردعمل کا انتظار ہے، ان کا کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف نتیجہ خیز آپریشن ہوگا تو ہی ہم دھرنا ختم ہوگا۔

 

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک سانحہ مستونگ کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیلئے شہداء چوک پہنچے۔ انہوں نے دھرنے کے شرکاء سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ بعد ازاں وزیراعلٰی بلوچستان اور ہزارہ کمیونٹی کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے۔ مذاکرات کے دوران وزیراعلٰی بلوچستان نے ہزارہ کمیونٹی سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کو چاروں طرف سے دہشتگردوں نے گھیر رکھا ہے۔ حکومت کے بس میں جو کچھ ہوا وہ کرے گی۔ ہزارہ کمیونٹی کی جانب سے عبدالخالق ہزارہ نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو تحفظات سے آگاہ کیا اور دہشتگردوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا مطالبہ کر دیا۔ دھرنا ختم کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔ ہزارہ کمیونٹی کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ ہوگا جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی آغا رضا رضوی نے کہا کہ جب تک وفاقی حکومت کا نمائندہ مذاکرات کیلئے نہیں آئے گا دھرنا جاری رہے گا۔

وحدت نیوز(کراچی) سانحہ مستونگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام کراچی بھر میں پُرامن احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں نیشنل ہائی وے ملیر 15، شاہراہ پاکستان انچولی، عباس ٹاؤن، نمائش چورنگی سمیت مختلف علاقوں میں دھرنے دیئے گئے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم ضلع ملیر اور آئی ایس او ملیر و جعفر طیار یونٹ کے زیراہتمام جعفر طیار سوسائٹی ملیر سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس نے نیشنل ہائی وے ملیر 15 پہنچ کر پُرامن احتجاجی دھرنے کی صورت اختیار کر لی ہے۔ احتجاجی دھرنے میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہے جبکہ دھرنے کے شرکاء مسلسل ماتم داری و سینہ زنی کر رہے ہیں۔ دھرنے میں شریک شہریوں کی بڑی تعداد پاکستان بھر میں جاری سنی شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے ہیں۔

 

احتجاجی ریلی و دھرنے سے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کی مرکزی شوریٰ کے سربراہ مولانا شیخ حسن صلاح الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر بلوچستان بالخصوص مستونگ، دشت اور اختر آباد کے علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کرے جبکہ اسلام و پاکستان دشمن طالبان دہشتگردوں کے خلاف ملک بھر میں فوجی آپریشن شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عوام کا قتل عام کیا جا رہا ہے مگر حکومت ان دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کی بجائے ہزاروں پاکستانیوں کے قاتل طالبان دہشتگردوں سے مزاکرات کی بات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نااہل اور بزدل ہے اگر طالبان دہشتگردوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع نہیں کیا جاتا تو عوامی احتجاجی دھرنے اس نااہل حکومت کے اقتدار کو بہا لے جائیں گے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ جب تک شہدائے سانحہ مستونگ کے لواحقین کے مطالبات پورے نہیں کئے جاتے احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تحت سانحہ مستونگ کے خلاف ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی دھرنا جاری ہے۔ جڑواں شہروں کے سنگم پر واقع فیض آباد پل کو ہر طرح کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ شرکائے دھرنا سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ اصغر عسکری اور دیگر نے خطاب کیا۔ شدید سردی اور بارش کے باوجود دھرنے میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہے۔ شرکائے دھرنا کا کہنا تھا کہ سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والوں کے ورثا کے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔

وحدت نیوز(ملتان) وحدت یوتھ پاکستان کے مرکزی چیئر مین سید فضل عباس نقوی ایڈووکیٹ نے سانحہ مستونگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن دہشت گرد وں کی بزدلانہ کاروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں، ان کاکہنا تھا کہ زائرین کی بس پر ملک دشمن دہشت گردوں کی جانب سے کیا جانے والا حملہ طالبان دہشت گردوں کا اسلام دشمن ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

 

وحدت یوتھ کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ دشمنان اسلام اور دشمنان پاکستان ملت جعفریہ کو دیوار سے لگانے کی گھناؤنی سازشیں کر رہے ہیں تاہم دشمن یہ بات جان لے کہ ہمارا سر تن سے جدا تو ہو سکتا ہے لین ہم اپنے عقیدے سے انحراف نہیں کر سکتے، وحدت یوتھ پاکستان کے مرکزی ذمہ دار نے ملک بھر میں سیکورٹی فورسز اور ٹارگٹ کلنگ سمیت مستونگ میں زائرین کی بس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کو امریکہ اور اسرائیل کی گھناؤنی سازش قرار دیتے ہوئے مملکت خداداد پاکستان کے خلاف سنگین سازش قرار دیا ہے اور پاکستان کے جوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردوں کے ناپاک منصوبوں کو خاک میں ملانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں،
سید فضل عباس نقوی نے کہا کہ ملک بھر میں وحدت یوتھ پاکستان کے جوان مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے ملک بھر میں احتجاجی دھرنوں کا انعقاد کیا جائے اور احتجاجی دھرنوں کی سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے۔

وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کے سیکرٹری جنرل علامہ غلام محمد فخرالدین نے منگل کی شام کو مستونگ کے علاقے میں زائرین کی بس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم، افواج پاکستان کے سربراہ اور بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مظلوم پاکستانیوں کے دلوں کی آواز کو سنیں اور پاکستان اور اسلام دشمن طالبان دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کریں۔ علامہ غلام محمد فخرالدین نے ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں اور سکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملوں سمیت کراچی میں پولیو کے قطرے پلانے والے رضاکاروں کی شہادت اور لاہور میں معروف مصنف اصغر ندیم سید پر ہونیوالے قاتلانہ حملے، پشاور میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے جانے والے معروف عالم دین مولانا عالم شاہ موسوی کی شہادت کو ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردوں کی کارروائی قرار دیا اور کہا کہ طالبان مملکت خداداد پاکستان کے لئے کینسر بن چکے ہیں، جن کے خلاف سوائے فوجی آپریشن کے کوئی اور علاج ممکن نہیں۔

وحدت نیوز (گلگت) مستونگ میں زائرین کی بس پر حملہ پوری قوم پر حملہ ہے۔ اس سے پہلے بنوں اور راولپنڈی میں افواج پاکستان اور پیرا ملٹری فورسز پر حملوں نے پوری قوم کو اذیت میں مبتلا کیا ہے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان طالبان کے انسان کش حملوں کو پوری انسانیت پر حملوں سے تعبیر کرتی ہے اور شروع دن سے یہ مطالبہ کرتی آئی ہے کہ ملک اور انسان دشمنوں سے مذاکرات بے معنی اور پوری پاکستان قوم کے ساتھ مذاق ہے۔ دنیا میں کہیں پر بھی دہشت گردوں کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوتے ہیں بلکہ ان دہشت گردوں کو طاقت سے کچل دیا جاتا ہے۔ پاک افواج کے آفیسروں اور جوانوں کے قاتلوں کے ساتھ مذاکرات یقیناًبزدلی اور بے غیرتی ہے۔ طالبان کے سفاک قاتل کسی رحم کے قابل نہیں۔ ان سفاک قاتلوں نے مسجدوں، امامبارگاہوں، جلوس عزا، جلوس میلاد ، مارکیٹوں، مندروں، گرجا گروں، حساس اداروں کے مراکز ، اہم فوجی تنصیبات پر حملے کرکے پاکستان دشمن ہونے پر مہر ثبت کردیا ہے۔ یہ کیسے حکمران ہیں کہ جن کے ہاتھ پورے پاکستانیوں کے خون سے رنگین ہیں، سے امن کی بھیک مانگتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے مستونگ میں بیگناہ زائرین کے بہیمانہ قتل کے خلاف گلگت میں جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔


انہوں نے کہا کہ بے حس اور بزدل حکمرانوں کا رویہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ ملک کی سالمیت کو داؤ پر لگانے والوں سے اب بھی مذاکرات کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی سرزمین مظلوم ملت تشیع کے خون سے رنگین ہے اور اب ہم مزید تحمل نہیں کرسکتے کہ ہمارا خون بہایا جائے اور ہم خاموش رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم افواج پاکستان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ از خود فوری طور پر ان سفاک قاتلوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرے ، پاکستان عوام اپنی بہادر فوج کا بھرپور ساتھ دے گی۔


انہوں نے مزید کہا کہ طالبان آئین پاکستان کے مجرم اور ریاست کے دشمن ہیں ، ایسے ظالموں سے جنگ کی جاتی ہے نہ کہ مذاکرات۔ اب بھی حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے اور 24 گھنٹوں کے اندر اندر آپریشن کا فیصلہ نہ کیا گیا تو مظلوموں کا یہ سمندر حکمرانوں کو بہا لے جائیگا۔ یہ دھرنے اس وقت تک ختم نہیں ہونگے جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہونگے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree