The Latest
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہزارہ کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کیلیے کوئٹہ پہنچ گئے۔ انہوں نے کل کہا تھا کہ بلوچستان میں بے گناہ افراد کا قتل قابل مذمت ہے اور وہ متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کوئٹہ جائیں گے اور وہاں احتجاج میں شرکت کریں گے۔ عمران خان نے یہ بات گورنر ہاوس لاہور کے سامنے سانحہ کوئٹہ کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کے دھرنے میں کہی تھی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے وزیراعلٰی کو فوری برطرف کیا جائے، بیگناہ افراد کو مارنا قابل مذمت ہے۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی رہنماء ناہید خان نے کہا کہ حکومت سانحہ کوئٹہ کے متاثرین کے مطالبات پر غور کرے، تاکہ لوگ اپنے پیاروں کو احترام کے ساتھ سپرد خاک کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام روادری کا درس دیتا ہے، بیگناہ لوگوں کے ساتھ ظلم وستم کیوں روا رکھا جا رہا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی نااہل حکومت فوری طور پر مستعفی ہو جائے۔ انھوں نے کہا کہ قتل عام کرنے والے مسلمان کہلانے کے حقدار نہیں ہیں۔ ہم کوئٹہ کے مظلوموں کے ساتھ ہیں، اس ظلم پر ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کوئٹہ میں دھرنے میں شریک ہوکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ لوگ کوئٹہ چھوڑنے پر مجبور ہیں، فوری طور پر گورنر راج نافذ کیا جائے، امن وامان کے قیام کے لیے فوج کی ضرورت پڑے تو ضرور تعینات کی جانی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت پیسے بنانے میں لگی ہوئی ہے۔ غیر جانبدار پولیس ہو تو 90 دن میں دہشت گردی ختم ہوسکتی ہے۔ انتخابات کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے دھاندلی نہ روکی تو تباہی مچ جائے گی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے لاہور میں گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے، آئے روز بےگناہ لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے اور بےحس وزیراعلیٰ بلوچستان بیرون ملک سیر سپاٹوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کو فوری طور پر معزول کر کے گورنر راج نافذ کیا جائے اور دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کے لئے فوج شہر کا چارج سنبھالے۔ سید منور حسن نے کہا کہ آج دشمن اپنی غلط فہمی دور کر لے کہ پاکستان کے شیعہ اور سنی الگ الگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ اور سنی میں کوئی لڑائی نہیں، ہم سب ایک اللہ، ایک رسول ایک قرآن کے ماننے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن چاہتا ہے کہ ملک میں فرقہ واریت پھیلے اور اس تفرقے بازی سے وہ فائدہ اٹھائے لیکن ہم ان پر واضح کرتے ہیں کہ شیعہ سنی بھائی بھائی ہیں اور پاکستان کے سالمیت کے لئے متحد ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کوئٹہ کی ہزارہ برادری جہاں دہشت گردوں کے مظالم کا شکار ہے وہاں صوبائی حکومت بھی اس ظلم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوئٹہ کے مظلوموں کیساتھ ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سید منور حسن نے کہا کہ آج مجھے خوشی ہوئی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں نے بھی آ کر مجلس وحدت کے اس دھرنے میں ملت تشیع سے اظہار یک جہتی کیا ہے اور واقعی ہمارا باہمی اتحاد وقت کی ضرورت بھی ہے۔
آج کی شب پو رے پاکستان میں شب عاشور ہے اور کل آنے والا دن یوم عاشورہ ہے۔علامہ راجہ ناصرعباس کا کوئٹہ مظلوم شہدا کے جنازوں کے پاس سے اعلان
قوم تیار رہے لگتا ہے اگر جلد بلوچستان حکومت کو برطرف نہ کیا تو پھر ہم مرکزی حکومت کی برطرفی کی کال دینگے
سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حکومت کو کل دوپہر بارہ بجے تک کی ڈیڈلائن دی جس کے بعد کوئی بھی شیعہ گھر میں نہیں رہے گا اور تمام ہم وطنوں سے بلا تفریق مذہب قوم و علاقہ اپیل کی جاتی ہے کہ سڑکوں پر نکل آئیں
کوئٹہ میں سو سے زائد افراد کے وحشیانہ قتل عام اور نسل کشی کیخلاف نہ صرف پورے ملک میں احتجاج ہورہا ہے بلکہ بیرون ملک بھی شدید احتجاج اور دھرنے جاری ہیں ،ہر مکتبہ فکر اور ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے فریاد کی نہ کی تو حکمران جماعت نے ،خاموش رہی تو حکمران جماعت ، کوئٹہ ہسپتال میں کے زخمیوں سے لیکر ،شہداکے لواحقین تک اور پھر تین درجہ تحت صفر سردی میں بیٹھے مظلوموں کی دادرسی تک ۔لیکن جب شور اٹھا اور اقتدار خطرے میں نظر آنے لگا تو حکمران جماعت کی دوڑیں شروع ہوگئیں ۔
اگرچہ ملک بھر اور بیرون ملک احتجاج میں اصلی اور مرکزی کردار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا ہے کہ جن کے سربراہ اس وقت کوئٹہ دھرنے میں شریک ہیں لیکن اس سانحے پر ہرشخص دکھی اور احتجاج کرتا نظر آتا ہے ۔
انسانی حقوق کمیشن پاکستان ،اقوام متحدہ ،سول سوسائٹی ،سیاسی رہنما ،مذہبی رہنما ،سیکولر جماعتیں صحافی حضرات ہر شخص چیہخ رہا ہے لیکن حکمران جماعت کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگی افسوس صد افسوس بقول حکمران جماعت کے ایم این اے ناصر علی شاہ صاحب یہ صدر زرداری کے ووٹر ز ہیں جنکا قتل عام ہورہا ہے ۔۔
کراچی کے دیگر علاقوں،اسلام آباد،لاہور،گلگت،سکردو،جھنگ،حیدر آباد ،سکھر،جیکب آباد،جاموشورو نوابشاہ،بھکر،ملتان ،لیہ ،اٹک،مورواور پنڈی ،ٹوبہ ٹیک سنگ میں احتجاج کا اعلان باقی شہروں سے بھی خبریں موصول ہورہی ہیں
پورے ملک میں عوام گھروں سے باہرنکلیں اور احتجاج کریں کوئٹہ سے اپیل
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ دھرنے سے خطاب میں اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک کی مظلوم عوام خاص کر ملت تشیع پاکستان اور بالخصوص مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں وہ گھروں سے باہر نکلیں اور اس قتل عام کے خلاف احتجاج کریں
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری جو کہ آج صبح ایک اعلی رکنی وفد کے ہمراہ کوئٹہ تشریف لے آئے تھے نے گذشتہ روز سے 86جنازوں کے ساتھ سخت سردی میں دھرنا لگائے ہوئے مرد وزن کے اجتماع میں شرکت کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ پورا ملک آپ کے ساتھ ہے ہر شریف انسان آپ کے ساتھ ہے ،اس وحشیانہ قتل عام اور بربریت پر ہر انسان دکھی ہے لیکن جن کو کسی قسم کا دکھ نہیں وہ یہاں کی حکومت ہے
انہوں نے کہا کہ خون جمادینے والی اس سردی میں آپ کے اس دھرنے نے ،آپ کی استقامت نے ،آپ کے حوصلے نے ،آپ کی شجاعت نے ہر باضمیر انسان کو دنیا بھر میں جھنجوڑاہے ۔جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے اس دھرنے کو جاری رہنا چاہیے ،ہم ان نالائق اور بزدل حکمرانوں کو ایوانوں میں گھسنے نہیں دینگے ،یہ ہمارے صبر وحوصلے کا امتحان لے رہے ہیں ،یہ لٹیرے،یہ بدعنوان اتنے قتل عام کے باوجود ٹس سے مس نہیں۔
دھرنا اپ ڈیڈ
ٌکوئٹہ میں حکومت کی برطرفی اور فوج کے کنٹرول تک دھرنا جاری رہے گا
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سربراہ بھی دھرنے میں پہنچ رہے ہیں
آج ملک کے دوسرے شہروں میں بھی دھرنے متوقع ہیں
لندن ہائے کمیشن آف پاکستان کے سامنے سینکڑوں پاکستانی ہم وطنوں نے کوئٹہ دھرنے کی حمایت میں دھرنا لگا یا ہوا ہے مختلف افراد سے ہمارے نمایندے کی گفتگو کے دوران دھرنے کے شرکا کا کہناہے کہ جبتک کوئٹہ کا دھرنا ختم نہیں ہوتا ہائے کمیشن کا سامنے بھی دھرنا ختم نہیں ہوگا ،شرکا کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں فوری طور پر حکومت کو مستعفی ہونا چاہیے
کوئٹہ میں قتل عام اور لانگ مارچ کے بارے میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی سربراہی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی ہنگامی اہم پریس کانفرنس
محترم صحافی حضرات!
السلام علیکم! آپ کے شکر گزار ہیں کہ آپ یہاں تشریف لائے اور ہمیں موقع دیا کہ اپنی آواز آپ کے ذریعے حکمرانوں اور پاکستان کے مظلوم عوام تک پہنچا سکیں۔ آپ جانتے ہیں کہ ہمارا ملک مسلسل ناامنی کے دور سے گزر رہا ہے۔ یہاں ہر قسم کے بحران جنم لے چکے ہیں، جیسے کہ سیاسی بحران، معاشی بحران، انرجی کا بحران اور امن کا بحران بھی ہے۔ کل کا دن پاکستان کے عوام کے لیے ایک انتہائی بدقسمت دن تھا، جس میں سینکڑوں بے گناہ، پاکستان سے محبت کرنے والے پاکستانی اور مسلمان مارے گئے اور کچھ زخمی ہوئے۔ سوات میں حملہ ہوا اور وہاں پر بھی کچھ بے گناہ مارے گئے، کراچی میں بے گناہ مارے گئے اور پھر کوئٹہ کے اندر تین دھماکے ہوئے جن میں باچا خان روڈ پر، علمدار روڈ پر دو دھماکے کیے گئے جس میں ایک سو سے زائد بے گناہ مسلمان شہید ہوئے اور ڈیڑھ سو سے زائد مسلمان زخمی ہوئے۔ اس ساری صورتحال کے باوجود ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارے حکمران جن کی گزشتہ 5 سالہ کارکردگی سے پتہ چلتا ہے کہ اتنے نالائق، مجرم اور بے حس حکمران کل کراچی میں جمع تھے اور اپنی کرسی و اقتدار کے کھیل میں مصروف تھے لیکن ان کو اتنی فرصت میسر نہ آسکی کہ یہ قاتلوں کے خلاف کوئی اقدام اٹھاتے۔
کوئٹہ میں ایک ہی دن چار بم دھماکوں میں سو کے قریب افراد کی شہادت پر سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ان افسوس اور دکھ کے ساتھ کہا کہ
انا للہ و انا الیہ راجعون
کوئٹہ میں رونما ہونے والے انتہائی دل خراش سانحوں سے اس وقت حکمران طبقے کے علاوہ پوری قوم کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے
بلوچستان خاص کر کوئٹہ میں شیعہ نسل کشی کا اصلی سبب وہاں کا انتہائی نااہل عجوبہ وزیر اعلی ہے ،یہ اس صوبے اور یہاں کی عوام کی انتہائی بدقسمتی یا پھر وفاقی حکومت کی جانب سے ظلم و ستم ہے کہ اس مظلوم صوبے کے مظلوم عوام پر ایک ایسے شخص کو مسلط کیا گیا ہے جسے نہ اپنا ہوش رہتا ہے اور نہ اپنے اطراف کا ۔انہوں نے علمدار روڈ اور باچاخان رود پر بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات طے ہے کہ کوئٹہ کی سرزمین پر گرنے والے بے گناہوں کے خون کا ہر قطرہ ایک طرف جہاں عوام کی مظلومیت کو بیان کرتا ہے وہیں پر تاریخ کے اوراق کو حکمرانوں کے ظلم و ستم سے بھی بھر لیتا ہے ۔اس قدر قتل عام کے باوجود چین کی نیند سونے والے وزیر اعلی ٰ کو ایک منٹ بھی اس کرسی پر بیٹھنے کا حق نہیں اس فورا ہٹادیا جانا چاہیے ۔
ہم افواج پاکستان اور اہم محب وطن قومی ذمہ دار اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک کے تمام ان حصوں میں فورا آپریشن شروع کریں جہاں ملک دشمن دہشت گرد موجود ہیں ۔انہوں نے مزید کہا ملکی سرحدوں پر بھارتی فوج افواج پاکستان پر حملہ کرتیں ہیں اور اسی وقت بھارتی ایجنٹ کوئٹہ سوات میں محب وطن پاکستانی بے گناہ عوام کو نشانہ بناتے ہیں
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے اس المناک واقعے پر تین دن سوگ منایا جائے گا ۔جبکہ ایک سوال کے جواب پر سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل کل اعلان کیا جائے گا