The Latest

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر اورقائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی محمد کاظم میثم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پہاڑوں کو لیز پہ دینے کے حوالے سے ہم ایک سال سے چیختے رہے لیکن ہمارے احتجاج کو سیاسی رنگ دیکر جھٹلانے کی کوشش ہوتی رہی، ضلع سکردو سے پچاس جگہوں کی لیز پروسز میں ہے جبکہ گلتری سمیت کھرمنگ سے بیس سے مقامات کو بھی لیز کے لیے پروسز میں ڈال دیا گیا ہے۔ ایک بیان میں کاظم میثم کا کہنا تھا کہ میرے حلقے میں حکومت نے عوام کو ایک ٹیچر کے ٹرانسفر پہ لگا کر سدپارہ اور گمبہ کے پانچ سے زائد مقامات کو لیز پہ دیا ہے، موجودہ لیز پالیسی کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ خطے کو بحران کی طرف نہ دھکیلیں، مقامی مائنر کی مائننگ کو روک کر پہاڑوں کو بیچ کر حکومت عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتی ہے، لینڈ ریفارمز بل کا نیا مسودہ باضابطہ طور پر ہمیں نہیں موصول ہوا تاہم عوام زیادہ خیر کی توقع نہ رکھیں، لینڈ ریفارمز بل پر عوامی تحفظات برقرار رہے تو آئینی ترمیم کی طرز پر زبردستی پاس کرانے کا مشورہ دینے والوں کو عوام رسوا کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لینڈ ریفارمز عوامی امنگوں کے عین مطابق ہو تو بھرپور ساتھ دیں گے، موجودہ حکمران جماعتوں کے چند فیصلے سامنے کے بعد جلد عوام کے ساتھ یہ لوگ حالت جنگ میں ہوں گے، سکردو سٹی کی ٹریفک منیجمنٹ کے لئے سکمیدان کے عوام اور انجمن تاجران کو اعتماد میں لیکر ہی اقدامات اٹھائے جائیں، دیامر ڈیم متاثرین کے ساتھ وفاق کا مذاکرات نیک شگون ہے تاہم تحریک کے قائدین کو ٹیبل پر ہوشیار رہنے کی تلقین کرتے ہیں، ڈیم متاثرین کی استقامت ضرور رنگ لائے گی۔ میدان میں کامیابی مبارک ہو تاہم ٹیبل پر کامیابی کے لیے نیک خواہشات ہیں، گلگت بلتستان میں ادارے یکطرفہ ہونے کی بجائے عدل و انصاف قائم کرنے اور عوامی اعتماد کی بحالی میں کردار ادا کریں، متنازعہ خطہ گلگت بلتستان کے عوام نظام سے مایوس ہو رہے ہیں جو سب ٹھیک ہے دکھا رہے ہیں وہ درست نہیں کر رہے ہیں، ایسے ظالمانہ اور عوام دشمن اندرون خانہ اقدامات ہو رہے ہیں جو پبلک ہو جائے تو بڑا طوفان برپا ہو گا۔ ان تمام اقدامات کو روکنا ہوگا جو عوامی امنگوں کے برخلاف ہو، جنکی مختلف سطح پر ہم نے شواہد کے ساتھ نشاندہی کی ہے۔

کاظم میثم نے کہا کہ عوامی ترجمانی اور مقتدر ایوان کے اہم بینچ کو نظرانداز کیا گیا تو پانچ جولائی سے اب تک کی وارداتوں کا وائٹ پیپر شائع ہو گا، حکمران سیاسی جماعتوں کے رویے پر انتہائی افسوس ہوتا ہے کہ اتنی بھی کیا مجبوری ہے کہ اس خطے کی بربادی کا سامان دیدہ و دانستہ طور پر فراہم کریں، یہ عوام یہ خطہ ہمارا ہے تو ہماری سیاست اور کرسی ہے ورنہ فلسطین ہمارے سامنے ہیں، جان جاتی ہے چلی جائے لیکن اس خطے کو بیچنے کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کریں گے، گلگت بلتستان کی معدنیات بیچنے کا اعلان کرنے والی وفاقی حکومت اور اتحادی جماعت اپنی پوزیشن واضح کر دے کہ وہ یہاں کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے یا اس خطے کے سوداگر کے ساتھ۔ گلگت بلتستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت آخری دم تک کرتے رہیں گے۔

وحدت نیوز(سکردو) ممبر جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے پہاڑوں میں موجود معدنیات یہاں کے باسیوں کی ملکیت ہیں، لینڈ ریفارمز، گرین ٹورزم کے نام پر غداروں کو گلگت بلتستان کا سودا کرنے نہیں دیں گے، ہر فورم پر عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی معدنیات بیچنے کا اعلان کرنے والی وفاقی حکومت اور اتحادی جماعتیں اپنا موقف واضح کریں کہ وہ یہاں کے عوام کے ساتھ کھڑی ہیں یا اس خطے کے سوداگروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ گلگت بلتستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارا شرعی فریضہ ہے۔ رجیم چینج کے ذریعے ملک کے کرپٹ لوگوں کو ہمارے اوپر مسلط کر کے ہمارے وسائل پر قبضے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ ایسے عوام دشمن پالیسیوں کو گلگت بلتستان کے غیور عوام ہرگز کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔

وحدت نیوز(کراچی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی مجلس وحدت مسلمین پاکستران کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری سے ملاقات کی اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے 13 اپریل کو شاہراہ فیصل پر عظیم الشان ”یکجہتی غزہ مارچ“ میں شرکت کی دعوت دی۔ ملاقات کے دوران غزہ کی تباہی، اسرائیلی جارحیت اور امت مسلمہ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پر علامہ صادق جعفری نے 13 اپریل کو شاہراہ فیصل پر ”یکجہتی غزہ مارچ“ کی بھرپور حمایت اور عوام سے شرکت کی اپیل کی ہے۔ ملاقات میں ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ مبشرحسن، ناصرالحسینی، جماعت اسلامی کے رہنما مسلم پرویز اور زاہد عسکری سمیت دیگر بھی شریک تھے۔

وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر میں یوم انہدام جنت البقیع منایا گیا، اسلام آباد، لاہور، کراچی اور دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے زیرِاہتمام سالانہ یوم انہدام جنت البقیع ریلی گھنٹہ گھر چوک سے نواں شہر چوک تک نکالی گئی، ریلی میں خواتین، مرد اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت صوبائی صدر عزاداری ونگ ممبر ڈویڑنل امن کمیٹی انجینئر سخاوت علی سیال، علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ اقتدارحسین نقوی، سلیم عباس صدیقی، علامہ طاہر نقوی مخدوم حسن مشہدی نے کی۔ ریلی کے شرکا نے جنت البقیع کی دوبارہ تعمیر کا مطالبہ کیا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماوں نے کہا کہ ایک سو سال ہوگئے ہیں جنت البقیع کے مزارات کو شہید کیا گیا لیکن عالم اسلام خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، جنت البقیع میں آل رسول، صحابہ کرام اور ازواج مطہرات کی قبروں کی بے حرمتی کی گئی، عالم اسلام سے مطالبہ کرتے ہیں جنت البقیع کی دوبارہ تعمیر کے لیے اپنی آواز بلند کریں، اس موقع پر علامہ فضل محمدی، علامہ غلام جعفر انصاری، مولانا علی حسنین، صابر حسین بلوچ نے خطاب کیا۔ جبکہ ریلی میں سید اقبال مہدی زیدی، عون رضا انجم، وسیم عباس زیدی، حسنین انصاری، فخر نسیم صدیقی، عقیل ترگڑ، علی مصدق، ظفر زیدی، جواد جعفری، تیمور علی، کمیل زیدی اور دیگر موجود تھے۔ ریلی کے شرکا نے نوحہ خوانی اور ماتم داری بھی کی۔ ریلی کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 8 شوال 1926ء کو جنت البقیع اور جنت المعلی میں واقع بی بی فاطمہ زہرا بنتِ رسول اللہؐ، آئمہ اطہارؑ، امہات المؤمنینؓ، اور صحابہ کرام ؓ کے مقدس مزارات کی مسماری کو قابلِ مذمت اقدام قرار دیا ہے۔

 ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے نے کروڑوں کلمہ گو مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنت البقیع اور جنت المعلی میں موجود مقدس مزارات پوری انسانیت کا مشترکہ ورثہ ہیں، اور ان کی مسماری امت مسلمہ کے قلب پر زخم کے مترادف ہے۔

سینیٹر علامہ ناصر عباس جعفری نے مطالبہ کیا کہ ان مقدس مقامات کی عظمت رفتہ کو بحال کیا جائے تاکہ نہ صرف عالم اسلام کی عظمت دوبارہ بحال ہو، بلکہ رسول اللہ (ص) کے دکھی دل کو بھی تسکین مل سکے۔ انہوں نے مسلم امہ سے اپیل کی کہ وہ ان مزارات کی تعمیر نو اور ان کی سابقہ شان و شوکت کی بحالی کے لیے اپنا ایمانی فریضہ ادا کرے۔

وحدت نیوز(اصفہان) مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ اصفہان کی جانب سے8 شوال المکرم کے موقع پر انہدام جنت البقیع کے حوالے سے جاری بیان میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ 1344 ہجری کو آج ہی کے دن مدینہ منورہ کے تاریخی قبرستان جنت البقیع، جہاں اہل بیت اطہار (ع) اور متعدد صحابہ کرام کی قبور کو منہدم کر دیا گیا تھا۔

مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان نے اس اقدام کو "اسلامی تاریخ کا سب سے بڑا سنگین جرم" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے بلکہ اسلامی ورثے کے تحفظ کے اصولوں کے بھی منافی ہے۔  بیانیہ میں مزید کہا گیا: جنت البقیع کی تخریب اسلامی امت کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے،اس سانحہ کو نئی نسل تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اسلامی مقدسات کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہےتنظیم نے عالمی برادری اور اسلامی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ اسلامی تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کریں۔

وحدت نیوز(کراچی) وحدت یوتھ پاکستان کراچی ڈویژن جناح ٹاؤن کی جانب سے سرزمینِ غزہ و فلسطین پہ جاری امریکی و اسرائیلی غیر انسانی جارحیت کے خلاف، مظلومینِ غزہ و فلسطین سے اظہارِ ہمدردی و یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلی کا انعقاد مسجدِ شاہِ خراسان سے نمائش چورنگی تک کیا گیا۔

احتجاجی ریلی سے مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ صادق جعفری، مولانا ہادی ولایتی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری برادر صابر ابو مریم اور تحریکِ بیدارئ امتِ مصطفی کے رہنما برادر یاور عباس نے خطاب کیا۔

ریلی میں معروف منقبت خواں و نوحہ خواں برادر شاہد علی شاہد نے خصوصی کلام پیش کیا، احتجاجی ریلی میں وحدت یوتھ کراچی ڈویژن کے صدر برادر حسن رضا، ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری برادر کاظم عباس، ڈویژنل کابینہ سمیت مومنین و مومنات کی کثیر تعداد نے شرکت کی، ریلی کے اختتام پہ امریکہ و اسرائیل کے پرچموں کو نذرِ آتش کیا گیا۔

مقررین نے اسرائیلی جنایت کاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 60 ہزار سے زائد بے گناہوں کے قتل عام پر عالمی براداری خصوصاً اقوام متحدہ اور او آئی سی کو سانپ سونگھا ہوا ہے، انسانی حقوق کے دعویدار تماشائی بنے ہوئے ہیں، غزہ کے عوام نے استقامت کی اعلیٰ مثال قائم کردی ہے ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع اسلام آباد عزادری ونگ کے زیر اہتمام 8 شوال المکرم یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے اور غاصب اسرائیل کی غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر جاری بربریت کے خلاف نیشل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مظاہرین کی بڑی تعداد شریک تھی جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکہ واسرائیل اور انکے حواریوں کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین عزاداری کونسل کے مرکزی صدر ملک اقرار حسین علوی نے کہا کہ آل سعود کی جانب سے جنت البقیع میں برگزیدہ ہستیوں کے مزارات کا انہدام عالم اسلام کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف عمل تھا، ایک صدی قبل اس گھناؤنے عمل کے پیچھے یہودی سازش کارفرما تھی، جو آج بھی شب و روز غزہ کے معصوم بچوں اور نہتے شہریوں پر آگ و بارود کی بارش کر رہے ہیں، ہم سعودی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان مقدس مقامات کو تعمیر کروا کر کروڑوں کلمہ گو مسلمانوں کے دلوں کو راحت پہنچانے کا سبب بنے،  ہمیں بحیثیت مسلمان عالم اسلام کے دشمنوں کے خلاف متحد ہوکر انکے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا، ہمارے لاکھوں کروڑوں سلام ہوں اے بنت رسول اللہ، آپ س کی ویران قبر کو دیکھ کر کلمہ گو مسلمانوں کے دل افسردہ اور دلگیر ہیں، آج رسول خدا کی بیٹی کی قبر پر اندھیرا ہے، جنت البقیع کومسمار کر کے عالم اسلام کے دلوں کو دکھی کیا گیا، حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سفارتی سطح پر سعودی حکومت سے جنت البقیع کی تعمیر کے لئے دباؤ ڈالے۔

ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ سید زاہد کاظمی نے کہا کہ 1924 سے 1926 کے سیاہ دور میں جنت البقیع کی مقدس قبور کا انہدام کیا گیا، ان مزارات سے کیا خوف تھا یہی کہ اگر ان پاکیزہ ہستیوں کی قبور باقی رہتی ہیں تو ان کے ذکر سے حکومت آل سعود کی بنیادیں کمزور پڑ جاتیں، میرا سعودی حکومت سے پر زور مطالبہ ہے کہ وہ ان مقامات مطاہرہ کو دوبارہ تعمیر کرے، اہلبیت کرام ،ازواج رسول و اصحاب رسول اللہ کے مزارات کو تعمیر کر کے سعودی حکومت مسلمانوں کے دلوں کی بے چینی دور کرے، آج حق و باطل کا معیار فلسطین کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، اسرائیل اور اس کے حواریوں نے ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں، حکومت پاکستان کی اسرائیل کی بربریت کے خلاف خاموشی مجرمانہ عمل ہے۔

وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور چئیرمین مرکزی بقیتہ اللہ کنونشن برادر سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کا مرکزی کابینہ و کنونشن کمیٹی کے رکن برادر اقرار ملک ،اجرائی امور کے ذمہ دار برادر آصف رضا کے ہمراہ جنوبی پنجاب، ملتان کا  مرکزی کنونشن بقیہ اللہ ،18 تا 20 اپریل، 2025  بمقام اسلام اباد کی رابطہ مہم کے حوالہ سے اہم دورہ۔

صوبائی صدر علامہ اقتدار نقوی نے استقبال کیا اور صوبائی کابینہ ،ونگز ،شعبہ جات کے ذمہ داران اور ملتان ضلع کے مسولین کی بھرپور میٹنگ میں صوبہ جنوبی پنجاب کی بھرپور شرکت اور بہترین مہم کا وعدہ کیا ۔مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری برادر سلیم صدیقی نے بھی جنوبی پنجاب میں بھر پور وقت دینے کی یقین دہانی کروائی۔

صوبائی کابینہ کے بھرپور اجلاس اور شعبہ جات کی شرکت پر مرکزی جنرل سیکرٹری نے صوبائی صدر کو مبارکباد پیش کی اور کنونشن کی اہمیت اور تنظیم کی توسیع کے حوالے سے بہترین راہنمائی کی ۔اختتامی خطاب میں انہوں نے ایک آگاہ اور ذمہ دار ملت بننے کے لئے مجلس وحدت کو بھر پور فعال بنانے کی ذمہ داری پر زور دیا۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے ملک میں بدامنی اور موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث سندھ کے شہری مکمل طور پر غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔ معزز شخصیات پر قاتلانہ حملے بدامنی کی بدترین مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابقہ صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی میر غالب حسین خان ڈومکی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میر غالب ڈومکی نے جیکب آباد میں علامہ مقصود علی ڈومکی کی رہائش گاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث شہری مکمل طور پر غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ضلع شکار پور میں میر غالب حسین خان ڈومکی پر قاتلانہ حملہ ملک میں جاری بدامنی کی بدترین مثال ہے۔ جس سے ثابت ہوا کہ یہاں کوئی معزز شہری محفوظ نہیں ہے۔ جب تک قانون کی بالادستی مجرموں کا تعاقب اور سزا و جزا پر عملدرآمد نہ ہو، امن کا قیام ایک خواب رہے گا۔ انہوں نے بلوچی تاریخ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ من حیث القوم اہل بیت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طرفدار تھے اور واقعہ کربلا کے بعد بلوچوں کا حضرت امام حسین علیہ السلام کی محبت میں یزیدی سلطنت کے خلاف قیام اور حلب سے ہجرت تاریخی حقیقت ہے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے میر غالب حسین خان کو بلوچی تاریخی کلینڈر کا تحفہ بھی پیش کیا۔

اس موقع پر میر غالب حسین ڈومکی نے بلوچی تاریخی کلینڈر کو زبردست علمی کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچی تاریخ کا مطالعہ کرکے عرق ریزی کے ساتھ اس کا خلاصہ پیش کرنے پر میں علامہ مقصود علی ڈومکی اور ان کے ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے سندھ میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوری ڈاکے اور اغواء برائے تاوان روز کا معمول بن چکے ہیں۔ اپنے اوپر قاتلانہ حملے کے حوالے سے میر غالب حسین خان ڈومکی نے بتایا کہ میں نے شکارپور ضلع کے متعلقہ قبائلی شخصیات سے مطالبہ کیا ہے کہ مجھ پر حملہ میں ملوث عناصر کے نام دیئے جائیں تاکہ ان کے خلاف قبائلی روایات کی روشنی میں راست اقدام اور قانونی کارروائی کی جا سکے۔

Page 4 of 1548

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree