The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا دستوری اجلاس جامعۃ الرضا بارہ کہو اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان کے صدر علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے کی، جس میں تمام صوبائی صدور سمیت مرکزی کابینہ کے عہدے داران نے شرکت کی، اجلاس میں شعبے کی کارکرگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لئے اہم فیصلہ جات بھی کئے گئے۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی درندگی جاری ہے، انسانیت سوز حملوں میں پوری دنیا نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، صہیونی سفاکیت سے غزہ کا آخری ورکنگ ہسپتال بھی تباہ ہو چکا ہے، انتہائی شرمناک بات ہے کہ نام نہاد مسلم حکمران الٹا غاصب ریاست کی سہولت کاری کر رہے ہیں، اسرائیل غزہ میں شب و روز آگ و بارود کی بارش کر رہا ہے جس میں درجنوں معصوم شہری قتل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پارہ چنار میں چھ ماہ گزرنے کے باوجود راستے نہیں کھل سکے، لاکھوں افراد کٹھن محاصرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، صوبائی و وفاقی حکومت سمیت سیکورٹی فراہم کرنے والے ریاستی ادارے اب تک راستے کھلوانے میں بے بس اور ناکام رہے ہیں، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی زندگیوں کا تحفظ اور اشیاء خوردونوش فراہم کرے۔
وحدت نیوز(جعفرآباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع جعفر آباد کے گاؤں میر سیف اللہ خان وزیرانی ڈومکی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف قبائلی و سماجی شخصیات سے ملاقات کی، جن میں میر حبیب اللہ وزیرانی، مور خان ڈومکی، نصیب اللہ ڈومکی اور معروف صحافی نظیر احمد سمیت دیگر معززین شامل تھے۔
علامہ ڈومکی نے موجودہ ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی بگڑتی ہوئی کیفیت نے عوام کی زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ تاجر، کسان اور زمیندار مکمل طور پر عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی زرعی معیشت کو جان بوجھ کر تباہی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ "کسان کی سونے جیسی گندم رل رہی ہے، کسان کو اس کی محنت کا صلہ نہیں مل رہا، جبکہ کھاد، زرعی ادویات اور پیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔"انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زراعت کے شعبے کو سہارا دیا جائے تاکہ ملک کی غذائی خود کفالت قائم رہ سکے۔
تعلیم کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ ڈومکی نے سندھ اور بلوچستان میں تعلیمی نظام کی زبوں حالی پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا: "نقل کا ناسور تعلیمی ڈھانچے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ میٹرک اور ایف اے پاس نوجوان اردو میں چند سطریں لکھنے سے قاصر ہیں، جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔" اس موقع پر حاجی شاہ مراد ڈومکی گلبہار ٹالانی رحمدل خان ان کے ہمراہ تھے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے جیکب آباد کے مقامی شادی ہال میں شاہد علی ٹالانی کی دعوت ولیمہ میں بھی شرکت کی اور دلہا کو نکاح کے مبارک بندھن میں بندھنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے نکاح کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: "یہ ایک مقدس اور پاکیزہ رشتہ ہے جو کئی نئے رشتوں کو جنم دیتا ہے، بیوی اور شوہر۔ والدین اولاد و دیگر مقدس رشتے نکاح سے وجود میں آتے ہیں۔ اور شریعتِ مقدس نے انسان کو نکاح اور شریک حیات کے انتخاب میں مکمل اختیار دیا ہے۔"اس موقع چیئرمین میونسپل کمیٹی میر غلام عباس خان جکھرانی سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے ضلع صدر مقبول احمد لاشاری و دیگر سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ ولایت حسین جعفری نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم مظلوم پاکستانی عوام کے لئے آواز بلند کرنے والی جماعت ہے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل سیاسی جماعتوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے حالیہ مسائل، وفاقی حکومت کی مائنز اینڈ منرل پالیسی اور معدنیات پر قبضہ گیری کے خلاف تحریک تحفظ آئین پاکستان کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بی این پی رہنماء ساجد ترین، پشتونخوا میپ کے عبدالرحیم زیارتوال، بی این پی رہنماء آغا حسن بلوچ، پی ٹی آئی رہنماء داؤد شاہ کاکڑ اور دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر علامہ ولایت حسین جعفری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ عوامی مینڈیٹ اور قومی و بین الاقوامی سطح پر ہمیشہ مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے پاراچنار میں جاری مظالم کے خلاف ملک گھیر دھرنے دیئے گئے۔ کراچی میں حکومت اور انتظامیہ نے دھرنوں پر لاٹھی چارج کرکے مظلوم عوام کی آواز دبانے کی کوشش کی۔ تاہم آج بھی ہم تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جماعتوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور آخر تک ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل جماعتوں کی حمایت کا اعلان کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ہدیہ الھادی کے سربراہ، دربار میاں میر کے گدی نشین جناب پیر سید ہارون گیلانی کی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ آمد۔ مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ اور مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
بعد ازاں علامہ احمد اقبال رضوی مرکزی وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی رہنما برادر اقرار ملک حسین ،برادر آصف رضا ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔
اس موقع پردو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وحدت اسلامی کے ذریعے ہی وطن عزیز میں عالمی سازشوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے ،فلسطین کی آزادی میں مسلم حکمران رکاوٹ ہیں ،پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ فلسطین کی حمایت میں ہر عنوان سے فعالیت کرے ۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کی ضرورت پر زور دیا ۔آخر میں معزز مہمانوں کو قرآن مجید کے نسخے تحفے میں پیش کیے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اعلیٰ سطح وفد نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے چیئرمین اور پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ایم ڈبلیوایم کے وفد نے انہیں 20 اپریل بروز اتوار جامع الصادق ؑ جی نائن اسلام آباد میں منعقدہ استحکام پاکستان کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
وفد میں مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصرعباس شیرازی، قومی اسمبلی میں ایم ڈبلیوایم کے پارلیمانی لیڈر انجینئر حمید حسین، مرکزی رہنما سید اسدعباس نقوی، ملک اقرار حسین علوی ، آصف رضا ایڈوکیٹ ودیگر شریک تھے۔
وحدت نیوز(کراچی) صدر مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن علامہ محمد صادق جعفری کی اپیل پر آج بروز جمعہ غزہ پراسرائیل کی تازہ بمباری اور بےگناہ فلسطینی مسلمانوں کے بہیمانہ قتل عام کےخلاف ایم ڈبلیوایم کاکراچی کے مختلف اضلاع میں احتجاج ۔
ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کی جانب سے ضلع وسطی، ضلع غربی ، ضلع گورنگی ،ضلع جنوبی میں بعد نماز جمعہ جامع مسجد حیدری اورنگی ٹاون نمبر دس،
جامع مسجد جعفریہ نیو کراچی،جامع مسجد باب النجف بفرزو ن ،جامع مسجد ابوالفضل العباس لانڈھی، جامع مسجد خوجہ شیعہ اثناءعشری کھارادرکے باہراحتجاجی مظاہرے کیئے گئے، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
احتجاجی مظاہروں سے ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری،علامہ مختارامامی، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ ملک غلام عباس، علامہ مبشر حسن ، علامہ کامران حیدر عابدی، علامہ شیخ غلام محمد سلیم، ناصرالحسینی ودیگر نے خطاب کیا۔
مرکزی احتجاجی مظاہرہ سے جامع مسجد خوجہ شیعہ اثناءعشری کھارادر پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ سید حسن ظفرنقوی نے کہا کہ صہیونیوں نے آج پورے خطہ کے حالات خراب کر دیئے ہیں، خطے میں فلسطینی مسلمانوں کے خلاف چند خیانت کار حکمرانوں نے بھی اپنا کردار ادا کیا، صہیونیت نے انسانیت سوز مظالم ڈھائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل میں بسنے والے یہودی اور عیسائی بھی آج صہیونیت کی انسانیت دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج، اسرائیل انسانیت کا قاتل ہے، پوری دنیا میں مٹھی بھر صہیونیوں نے انسانیت کا چہرہ مسخ کر دیا ہے، سارے مسلمان مل کر اسرائیل پر ایک گلاس پانی ڈالیں تو اسرائیل ڈوب جائے گا، خطے میں فلسطین کی جنگ صرف فلسطین تک محدود نہیں، یہ آگ ملک میں بھی آئے گی، پاکستان ایٹمی ملک ہے مگر عالمی استعمار کیلئے یہ اسلامی ایمٹی طاقت ہے، خطے میں پاکستان کو اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر حکمت عملی بنانی ہوگی، ہمارا خطہ زرخیر ہے مسلم ممالک کو ایک مضبوط اقتصادی، معاشی و تعلیمی نظام پر کام کرنا چاہیئے، مسلم ممالک کو عالمی سطح پر حکمت عملی بنانی ہوگی اور اسے ہمارا ملک لیڈ کرے۔
رہنماؤں نے کہا کہ اللہ ظالم کے خلاف میدان میں نکلنے کو پسند کرتا ہے، مظلوم کے حق میں، ظالم کے خلاف آواز بلند کرنا اللہ کا محبوب عمل ہے، مظلوم کے ساتھ میں باہر نکلنا کسی پر احسان نہیں، امریکہ کی کوشش ہے کہ دنیا کو یونی پولر ورلڈ کے ساتھ سنکرونائز کیا جائے، مذموم مقاصد کے حصول کے لئے اسرائیل کا بڑا بنایا جانا ضروری ہے، چھوٹی ریاستوں کو اسرائیل کے زیر تسلط دیا جانا طے کیا گیا ہے، یہ جنگ پوری امت مسلمہ کی جنگ ہے، امریکہ و ویسٹ کی پوری کوشش ہے کہ شفٹ آف پاور کو مسلمانوں کے حق میں نہ ہونے دیا جائے، ترکی، شام، ایران، سعودیہ توڑنا صیہونیت کے مقصد کا حصہ ہے، عالم کفر نے شام میں حکومت گرائی اور اب اسرائیل کو اسپینڈ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شام کی نیوی، آرمی، ایئر فورس تباہ کردی مگر کوئی نہیں بولا، اسرائیل کے مقابلہ میں مسلمان ممالک کیوں نہیں بولتے، عالم اسلام پر اسرائیل قبضہ کرتا جا رہا ہے اور سب خاموش ہیں، ایک سرخ لکیر کھینچ دی گئی ہے، ایک طرف حق والے ہیں اور دوسری طرف عالم کفر برسر پیکار ہے، ہم فلسطین کے لئے نکلے ہیں تاکہ دنیا پر واضح کر دیا جائے کہ ہم حق والے ہیں، یمن کے لوگوں کو سلام پیش ہے، ہماری جانیں مزاحمت کے لوگوں پر قربان ہیں، مزاحمت کی قیادت نے حق اور باطل کے درمیان سرخ لکیر کھینچ دی ہے، پاکستان میں سنی شیعہ لڑائی کروانے کی سازش کی جا رہی ہے، ہم ظلم کے مقابلے میں ہر مظلوم کے مددگار ہیں اور رہیں گے، ہر ظالم کے گریبان میں ہاتھ ڈالنے والے ہم ہوں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کی پریس کلب آمد، نومنتخب صدر نیشنل پریس کلب اظہر خان جتوئی کو بھاری اکثریت سے دوسری بار نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے انتخابات جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کو بھی ان کے تمام پینل کی شاندار کامیابی پر بھی دلی مبارکباد پیش کی، صحافتی برادری کا جرنلسٹ پینل کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروانا ان پر اعتماد کا بھر پور اظہار ہے۔
اس موقع پر صدر پریس کلب نے مرکزی جنرل سیکرٹری کو تزئین نو کے بعد نیشنل پریس کلب کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا، پریس کلب کے گیم روم ،لائبریری، میں ہال، میس اور دیگر حصوں میں اس خوشگوار تبدیلی پر سید ناصر عباس شیرازی نے پریس کلب کے صدر اور ان کی پوری ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وحدت نیوز(گلگت)رہنما مجلس وحدت مسلمین ضلع سکردو صداقت عبداللہ نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کا قرضہ وہی اتاریں جن خاندانوں نے قرض لیکر ہڑپ کیا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی معدنیات،پہاڑ،زمینیں یہاں کے باشندوں کی ملکیت ہیں ہم ان پر کسی کو قابض ہونے نہیں دینگے۔حکمران پہلے گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی و بنیادی سہولیات فراہم کریں پھر یہاں سے فائدے لینے کی بات کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں کے لئے گلگت بلتستان میں موجود معدنیات تو نظر آتے ہیں لیکن یہاں کے عوام کی غربت اور بنیادی سہولیات سے محرومی نظر نہیں آتے جو کہ شرمناک ہے۔
وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان اسمبلی کے رکن اور صدر مجلس وحدت مسلمین کھرمنگ شیخ اکبر علی رجائی نے اپنے بیان میں کہا کہ واضح ہورہا ہے کہ گرین ٹورزم اور لینڈ ریفارمز کی طرح گلگت بلتستان کے معدنیات اور ذخائرپرقبضہ بھی رجیم چینج کے مذموم مقاصدمیں شامل ہے۔ عوام کو اندھیرے میں رکھ کر کرنے والےمائنز اینڈ منرلز کے معاہدے آئینی اور بنیادی حقوق سے محروم عوام اور متنازعہ خطے کے ساتھ واضح نا انصافی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے عوام دشمن اقدام کے خلاف صوبائی اسمبلی سمیت ہرہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ مخلص قیادت اور علاقے کی غیور عوام کیساتھ ملکر ان کےمذموم مقاصد کوخاک میں ملانے کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اس اہم معاملے میں سہولت کاری کرنےوالوں کوبھی عوام کیساتھ ملکر عبرت کانشان بنا کر دم لیں گے انشاللہ۔
وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ موجودہ نصاب تعلیم کے سلسلے میں اہل تشیع کے موقف کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ قوم کو متعلقہ اداروں میں نمائندگی دی جائے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں مرکزی رہنماء مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور چیئرمین نصاب تعلیم کمیٹی علامہ مقصود علی ڈومکی نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مکاتب فکر کو نصاب تعلیم کونسل، اسلامی نظریاتی کونسل، وفاقی شرعی عدالت سمیت قومی، تعلیمی اور دینی اداروں میں برابری کی بنیاد پر نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام اور نصاب میں اہل تشیع کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، جو کہ آئینِ پاکستان اور اسلامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
علامہ ڈومکی نے سات مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ علماء بورڈ کے ایکٹ کی شق 6، جز 3 میں ترمیم کی جائے تاکہ فیصلے اکثریتی دباؤ کے بجائے تمام مکاتب کے عقائد کی روشنی میں اتفاق رائے سے ہوں۔ انکا مطالبہ ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کی سفارشات کی روشنی میں صدیوں سے رائج متفق علیہ درود شریف میں تبدیلی کا عمل روکا جائے، اور متنازعہ نصاب تعلیم کے حوالے سے ملک کے کروڑوں شیعہ سنی مسلمانوں کے مطالبات شامل کرتے ہوئے 1975 کی طرز پر نیا نصاب تعلیم مرتب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان میں اہل تشیع کو مساوی نمائندگی دی جائے، جیسا کہ متحدہ علماء بورڈ میں ہے۔
انکا مطالبہ ہے کہ قومی نصاب کونسل اور نصاب تعلیم کمیٹیز میں بھی تمام مکاتبِ فکر کے علماء کو برابر نمائندگی دی جائے۔ ٹیکسٹ بک بورڈز کی دینی کتب کی جائزہ کمیٹیوں میں چاروں مکاتبِ فکر کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلامیات کے ماہرین مضمون چاروں مسالک سے لیے جائیں۔ اسلامیات کے مسودات کی منظوری کے لئے تمام مکاتب فکر پر مشتمل علماء کی کمیٹی کی اجازت اور اتفاق رائے لازمی قرار دیا جائے۔ اکثریت کی بنیاد پر کسی مسلک پر زبردستی اپنے عقائد مسلط کرنے کا عمل کسی طور پر درست نہیں۔
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ اہل تشیع کی مسلسل نظراندازی، آئین پاکستان بنیادی شہری حقوق اور ملی وحدت کے منافی ہے۔ پاکستان میں بسنے والے تقریباً سات کروڑ اہل تشیع شہری اس وقت مختلف ریاستی اداروں میں نمائندگی سے محروم ہیں۔ شریعت کورٹ، اسلامی نظریاتی کونسل اور دیگر اہم پلیٹ فارمز پر اہل تشیع علماء کی نمائندگی نہ ہونا تشویشناک امر ہے۔ بعض اداروں میں صرف ایک یا دو افراد کو نمائندگی دی جاتی ہے، جو انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت واقعی مذہبی ہم آہنگی، اتحادِ امت اور مساوات پر یقین رکھتی ہے تو تمام فیصلے اور تقرریاں مساوی نمائندگی کے اصول کے تحت کی جائیں۔ اور متنازعہ نصاب تعلیم کو 1975 کے نصاب تعلیم کو فرقہ وارانہ تعصب سے پاک کرتے ہوئے 1975 کے نصاب تعلیم کی طرز پر از سر نو ترتیب دیا جائے۔