The Latest

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی پشتون قبائلی جرگہ کے چیئرمین سردار محمود خان اچکزئی جمعیت غرباء اھل حدیث کے صوبائی امیر مولانا فضل ربی نے پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی دفتر میں صوبائی صدر عبدالقہار ودان و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی اور انہیں 25 رمضان المبارک جمعہ الوداع عالمی یوم القدس کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی دعوت دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین اور غزہ کے مظلوم عوام پر اسرائیل نے ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے۔ اسرائیلی ظلم و بربریت کی تاریخ انسانی میں مثال ملنا مشکل ہے۔ ہر سال دنیا بھر کے غیرت مند مسلمان مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے جمعہ الوداع کو عالمی یوم القدس مناتے ہیں جس کا مقصد فلسطین میں جاری اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف احتجاج ہے۔

انہوں نے پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر جناب عبدالقہار ودان کو جمعہ الوداع عالمی یوم القدس کوئٹہ میں شرکت کی دعوت دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالقہار ودان نے کہا کہ فلسطین میں جاری مظالم پر پوری امت مسلمہ رنجیدہ ہے۔ مسلم حکمرانوں کی بے حسی اور خاموشی کے سبب گذشتہ 6 ماہ سے اسرائیلی جارحیت جاری ہے۔ پاکستان سمیت مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ فلسطینیوں کی عملی مدد کریں۔انہوں نے عالمی یوم القدس میں فلسطینیوں کی حمایت میں نکلنے والے احتجاجی ریلی اور مظاہرے میں شرکت کا وعدہ کیا۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان وحدت یوتھ ونگ کے زیر اہتمام علامہ اقبال ٹاؤن واقع حویلی میجر شاہ ، ٹھوکر نیاز بیگ میں  ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں مقامی ٹاؤن کے جوان کثیر تعداد میں شریک ہوئے ۔ جناب راجہ مصطفی حیدر جعفری مرکزی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان وحدت یوتھ ونگ مہمان خصوصی تھے ۔ جبکہ جناب رانا کاظم علی ضلعی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور ، جناب سید فخر حسنین رضوی ایڈووکیٹ ضلعی صدر عزاداری کونسل ضلع لاہور ، جناب نقی حیدر ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین وحدت یوتھ ونگ ضلع لاہور ، جناب ذیشان حیدر ضلعی جنرل سیکرٹری وحدت یوتھ ونگ ضلع لاہور طور مبصر اجلاس میں شریک ہوئے ۔ تقریب میں جوانوں کی  اکثریت سے حیدر کھارا کو صدر جبکہ سید وسیم شاہ کو نائب صدر علامہ اقبال ٹاؤن منتخب کرلیا گیا ۔ جناب راجہ مصطفی حیدر مرکزی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان وحدت یوتھ ونگ نے ان سے حلف لیا ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسرائیل کی طرف سے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل خطے میں ایک خطرناک اضافے کی نشاندہی کرتا ہے، بین الاقوامی سفارتی اصولوں کو صریحاً نظر انداز کرنا تنازعات میں اضافے باعث ہے، اسرائیلی جارحیت، جس میں غزہ کے چھ ماہ کے المناک محاصرے کے نتیجے میں تقریباً 33,000 ہلاکتیں ہوئیں، خودمختاری اور انسانی زندگی دونوں کی شدید بے عزتی کو ظاہر کرتی ہے، یہ جارحیت صہیونی ریاست کو امریکہ، برطانیہ اور دیگر مغربی حکومتوں سے ملنے والی غیر متزلزل حمایت سے ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی قونصلیٹ پر حملے جیسی کارروائیاں نہ صرف شام کی خودمختاری اور ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں بلکہ علاقائی استحکام کیلئے بھی خطرہ ہیں، شام میں حملے سے اسرائیلی بوکھلاہٹ اور شکست عیاں ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور وسیع تر عالمی برادری کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس لاپرواہ رویے کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کریں، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور خطے میں مزید عدم استحکام کو روکیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان تحریک انصاف کے اپوزیشن اراکین نے سیکریٹری قومی اسمبلی کو چیف الیکشن کمشنر اور ججوں کی تقرری کے قوانین میں ترامیم کا مسودہ حوالے کردیا۔

ایم ڈبلیوایم کے پارلیمانی لیڈر انجینئر حمید حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر کے ہمراہ سیکریٹری قومی اسمبلی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کا دورانیہ پانچ سال ہو لیکن اس منصب کیلئے روٹیشن پالیسی ہو تاکہ ہر صوبے کے ممبر کو موقع مل سکے اور چیف الیکشن کمشنر کے منصب پر دباؤ کم ہو ۔ دوسرا ججوں کی تقرری مقابلے کے امتحان پر ہونا چاہئے تاکہ اقرباپروری کی جگہ میریٹ پر قابل ترین ججوں کی تقرری ہو ۔

ہماری روایت ہے جو وزیر اعظم کا الیکشن لڑتے ہیں تو ایک وزیر اعظم منتخب ہو جاتا ہے اور دوسرا قائد حزب اختلاف بن جاتا ہے اسپیکر قومی اسمبلی سے توقع رکھتے ہیں کہ جلد از جلد ہمارے قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے ۔

وحدت نیوز(کراچی)غزہ میں جارحیت کے خاتمہ کے ساتھ غزہ سے تمام اسرائیلی قابض فوجی باہر نکل جائیں، 25 رمضان المبارک یوم جمعتہ الوداع عالمی یوم القدس منایا جائے گا، بعد نماز جمعہ ملک بھر کی طرح صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں احتجاجی ریلیاں مظاہرے کئے جائیں گے، غیور عوام ملک بھر میں نکالی جانے والی القدس ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں، عوام غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں، وفاقی حکومت جمعتہ الوداع ”یوم القدس“ کو سرکاری سطح پر منائے اور عام تعطیل کا اعلان کرے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے کراچی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے انسانوں کی جان بچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر خوارک اور ادویات سمیت ضروریات زندگی کی اشیاء کی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اکتوبر 2023ء سے شروع ہونے والی جنگ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجہ میں تینتیس ہزار سے زائد فلسطینیوں کو قتل کیا گیا ہے جس میں بائیس ہزار خواتین اور معصوم بچے شہیدہیں جبکہ 75 ہزار افراد زخمی ہیں، 200 کے قریب مختلف ممالک امدادی کارکن شہید ہوچکے ہیں جو کسی بھی جنگ میں اتنے عرصے میں سب سے زیادہ ہے، غزہ، رفع، ویسٹ بینک سمیت دیگر علاقوں سے 17 لاکھ افراد رفع کراسنگ پر کھلے آسمان تلے بے گھر اپنی ہی سرزمین پر پناہ گزین ہیں، 81 فیصد فلسطین ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے جس میں سر فہرست اسپتال، مساجد، اسکول، رہائشی املاک شامل ہیں، ہم فلسطین کے مظلوم عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اسرائیل کے آگے سر نہیں جھکایا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں مکمل اور مستقل جنگ بندی کی جائے اور تباہ شدہ مکانات اور عمارتوں کی تعمیر کے لئے مسلم دنیا اور عالمی دنیا اپنا کردار ادا کرے، مسلمان ممالک عرب اور غیر عرب ممالک سب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غاصب صیہونی حکومت اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تیل، گیس اور کھانے پینے اور دیگر اشیاء کی ترسیل روک دیں، حکومت پاکستان غزہ میں جارحیت کے خاتمہ کے لئے عملی اقدامات انجام دے، فلسطینی عوام کی مدد کے لئے امدادی ترسیل کو یقینی بنایا جائے، فلسطین، فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک ناجائز صیہونی ریاست ہے جس کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح نے کہہ دیا تھا کہ پاکستان اسے کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کے حق واپسی کی حمایت کرتے ہیں اور فلسطین کا فیصلہ فلسطینی عوام کی امنگوں یعنی ریفرنڈم کے ذریعہ یقینی بنانے کی حمایت کرتے ہیں، غزہ کے ساتھ یکجہتی کرنے والی خطے کی اسلامی مزاحمتی تحریکوں تمام گروہوں سلام پیش کے حل کے لئے دو ریاستی حل کی بات کرنا دراصل اپنے مقام کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقا کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں، پاکستان میں ایسی تمام مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہیں جن کا فائدہ براہ راست یا بلا واسطہ غاصب صیہونی حکومت تک پہنچتا ہے۔ کانفرنس میں علامہ مختار امامی، مولانا حیات عباس نجفی، مولانا ملک عباس، علامہ مبشر حسن، مولانا نشان حیدر سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔

وحدت نیوز(لاہور) حلقہ پی پی139 شیخوپورہ میں ضمنی الیکشن ہورہے ہیں ۔اس حلقہ پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار جناب اعجاز بھٹی صاحب ہیں مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اس حلقے (پی پی139 شیخوپورہ) میں جناب۔ چوہدری اعجاز بھٹی صاحب کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے چوھدری اعجاز بھٹی کے اعزاز میں استقبالیہ رکھا گیا جس میں حلقہ 139 کے امیدوار جناب چوھدری اعجاز بھٹی کے علاؤہ اسی حلقے کے ایم این اے کے ٹکٹ ہولڈر علی اصغر منڈا صاحب اور پی پی 138 کے ابوزر مقصود چدھڑ بھی تشریف لائے اور اس استقبالیہ میں شرکت کی ۔

 استقبالیہ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے صوبائی جنرل سیکرٹری جناب سید حسن رضا کاظمی صوبہ پنجاب ،ضلعی صدر جناب عرفان حیدر نقوی ضلع شیخوپورہ اور ضلعی جنرل سیکرٹری جناب سید زین رضوی۔ضلع لاھور کے جنرل سیکرٹری برادر نقی مہدی نے شرکت کی اور حلقہ پی پی 139 میں باقاعدہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جناب چوھدری اعجاز بھٹی صاحب کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ۔

اس موقعہ پر چوھدری اعجاز بھٹی صاحب نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب صوبائی جنرل سیکرٹری جناب سید حسن رضا کاظمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین جناب علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو بکھرنے سے بچایا ہے ۔تحریک انصاف پاکستان کا ہر کارکن راجہ صاحب قبلہ کی پالیسیوں کی مکمل حمایت کرتا ہے ۔ان کے وژن اور افکار کے ہم سب معترف ہیں ۔ وہ ایک سچے انسان ہیں ۔ ایسے نڈر لیڈر اور مخلص لیڈر دنیا میں بہت کم ملتے ہیں ۔ میں ذاتی طور پر ان کے بیانات بڑے غور سے سنتا اور پڑھتا ہوں ۔ وہ جب بات کرتے ہیں تو ہمیں حوصلہ ملتا ہے ۔میں سید حسن رضا کاظمی اور ان کی پوری ٹیم خصوصا سید عرفان نقوی ضلعی صدر ضلع شیخوپورہ اور سید زین رضوی ضلعی جنرل سیکرٹری ضلع شیخوپورہ  کا شکریہ ادا کرتا جن کی بدولت آج ہم اس جگہ اکھٹے ہوئے ہیں ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےمرکزی سیکریٹریٹ سےتمام صوبائی، ضلعی او ریونٹ مسئولین کے نام جاری اعلامیئےمیں کہا ہے کہ اس سال کا یوم القدس پہلے سے کہیں ذیادہ اہمیت کا حامل ہے لہذا اس جمعتہ الوداع کو یوم القدس بھرپور انداز میں منایا جائے۔

انہوں نے کہا ہے کہ رمضان المبارک اپنی تمام تر برکتیں اور رحمتیں سمیٹے ہوئے اپنے آخری ایام میں داخل ہوچکا ہے، رمضان المبارک کے آخری ایام ہم سے تقاضہ کرتے ہیں کہ ہم اپنے فلسطینی مسلمان بھائیوں کو یاد رکھیں جوکہ گذشتہ سات دھائیوں سے زائد عرصے سے صیہونیت کےمظالم کا شکار ہیں۔ موجودہ دور میں فلسطینی عوام نے اپنی مقاومت ، عزم وحوصلے کی نئی مثال قائم کی ہے۔ 7 اکتوبر 2023 سے آج تک ہرروز درجنوں کے حساب سے شہید ہورہے ہیں۔ ان کی سویلین آبادیوں ، عبادت گاہوں ، اسکولوں اور اسپتالوں پر بمباری کی جارہی ہے ۔

فلسطین میں اس وقت قحط اور انسانی المیہ ہے اس کے باوجود بھی وہاں کے بچے مرد وزن بجائے خوف اور ڈر کے ابھی تک اسرائیلی فورسزکے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں اور وہ تمام عالم اسلام سےاپیل کرتے ہیں کہ ان کے حق میں آواز اٹھائی جائے۔

رمضان المبارک کے آخری جمعتہ الوداع کو یوم القدس ہر سال کی طرح امسال بھی بھرپور طریقے سے منانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ تمام یونٹس اور تحصیل بھی اس دفعہ مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں اور ان کے حق میں عوامی شرکت سے بھرپورریلیوں کا انعقاد کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کا حامی و ناصر ہو۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے بلوچستان کے عوام سے جمعتہ الوداع کو فلسطینی عوام کی حمایت میں بھرپور انداز میں یوم القدس منانے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ سات اکتوبر 2023 سے فلسطین کے مظلوم عوام پر غاصب اسرائیل ظلم ڈھا رہا ہے۔ انکی رہائشگاہ، اسکول، مساجد اور ہسپتالوں پر بم برسا رہا ہے۔ جس میں ہزاروں فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ علامہ ظفر عباس شمسی نے کہا کہ اس وقت فلسطین بلخصوص غزہ میں قحط ہے۔ بھوکے پیاسے فلسطینی عوام صہیونی ظالم اور غاصب اسرائیل کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم رہنماء نے بلوچستان بھر کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے حق میں آواز اٹھائی جائے۔ اس سال بھرپور اندار میں رمضان المبارک کے آخری جمعتہ الوداع کو فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور ریلیاں نکالی جائیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مّسلمین پاکستان کی میزبانی میں ایم ڈبلیوایم کے سربراہ سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی رہائش گاہ پر 6 جماعتی گرینڈ اپوزیشن الائنس کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں پاکستان تحریک انصاف ، سنی اتحاد کونسل پاکستان، جماعت اسلامی پاکستان ، بلوچستان نیشنل پارٹی، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی قائدین نے شرکت کی۔

اجلاس میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، عبد الرحیم زیارت وال ، سردار شفیق خان ترین ، ریاض خان، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل، ساجد خان ترین  ، پرویز ظہور، جمعیت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ، امیر العظیم، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ  مُحمد رضا، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، سید اسد عباس نقوی، ناصر شیرازی، محسن شہریار، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما بیرسٹر گوہر علی خان ،عمر ایوب خان ، اسد قیصر ، حامد خان ،روف حسن شریک تھے۔

اجلاس میں حالیہ الیکشن میں تاریخ کی بدترین دھاندلی، سیاسی کارکنان پر ظلم و جبر اور چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ حالیہ الیکشن میں بدترین دھاندلی اور ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے گرینڈ احتجاجی تحریک کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئی اور اس حوالے سے مزید غور و خوص کیلئے سیاسی رابطے بڑھانے پر سب نے اتفاق کیا۔

اجلاس میں آئین کی مکمل بحالی ، قانون کی عملداری ، آزاد انہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے جمہوریت کی مکمل بحالی ، عدلیہ کی آزادی اور سول بالادستی کے بنیادی اصولوں پر اتفاق پایا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ ان مقاصد کے حصول کے لئے مشترکہ جدو جہد کی ضرورت ہے نیز پاکستان کی دیگر جماعتوں سے بھی ان مقاصد کے پیش نظر رابطہ کیا جائے گا۔

 آئین اور جمہوریت کے لئے حقیقی خطرات جنم لے چکے ہیں۔ جمہوریت اور ریاست کا نظام اب فوجی مداخلت کے وجہ سے مکمل طور پر مفلوچ ہو چکا ہے۔ فوجی جرنیلوں کے غیر آئینی بالادست سیاسی کردار اور مداخلت کی وجہ سے عوام اور ریاست میں خوفناک فاصلے پیدا ہو گئے ہیں۔ عوام کا غصہ اب اس سطح پر پہنچ گیا ہے کہ سیاسی قیادت نے آئین کی بالا دستی اور جمہوریت کی بحالی کے لئے کردار ادا نہ کیا تو ملک کے مستقبل کے لئے بڑے خطرات پیدا ہو جائیں گئے۔اجلاس کے اختتام پر 13 نکاتی اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس کے نکات درج ذیل ہیں۔

۱۔ آج کا یہ اجلاس ملک کے تمام بحرانوں کی بنیادی وجہ ملک کے متفقہ آئین سے انحراف اور کروڑوں عوام کے منتخب پارلیمنٹ کی بے توقیری کو سمجھتا ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ کہ آئین کا ہر قیمت پر تحفظ اور دفاع کیا جائیگا اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور یہ کہ پاکستان کی اندرونی اور بیرونی معاملات کی تشکیل کا اصل منبع اور مرکز عوام کی حقیقی منتخب پارلیمنٹ ہو گی۔ کوئی بھی فیصلہ پارلیمنٹ کی منشا اور مرضی و منظوری کے بغیر نہ قبول ہوگا اور نہ کسی کو کرنے دیا جائیگا۔

۲۔ یہ اجلاس 08 فروری 2024 کے عام انتخابات کے تبدیل کئے گئے نتائج کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ جن میں حقیقی الیکشن کے نتائج کو زر زور اور انتہائی بھونڈے انداز میں تبدیل کر کے سارے جہاں میں  ملک کی بدنامی اور جگ ہنسائی کی بنیاد رکھی گئی اور ساتھ ہی موجودہ جعلی حکومت عوام پر تھونپ دی گئی۔

۳۔اجلاس نے قرار دیا کہ موجودہ جعلی حکومت کو مصنوعی استحکام اسٹیبلشمنٹ نے بخشا ہے اور غیر منتخب لوگوں کو الیکشن میں دھاندلی کے ذریعے عوام پر مسلط کیا۔ اجلاس نے اسٹیبلشمنٹ کے سیاست میں بڑھتے ہوئے عمل دخل پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسے ملک کی سلامتی اور قومی اداروں کےلئے خطرہ قرار دیا ۔اجلاس نے مطالبہ کیا کہ اسٹیبلشمنٹ سیاست میں ہر قسم کی مداخلت فوری طور پر بند کرے۔ اسٹیبلشمنٹ سمیت  تمام ادارے آئین کے تحت لیئے گئے حلف اور اس کے متعین کردہ حدود کی پابندی و پاسداری کرتے ہوئے سیاست میں مداخلت سے باز رہیں۔

۴۔ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ ملک میں  شفاف، آزادانہ ، غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے اس مقصد کے حصول کےلئے فی الفور انتخابی اصلاحات کی جائیں جس میں مسلح افواج اور ایجنسیز کا کوئی غیر آئینی  عمل دخل نہ ہو۔

۵۔ اجلاس اعادہ کرتا ہے کہ 1973 کا آئین ، اٹھارویں ترمیم اور موجودہ این الف سی ایوارڈ قومی اتفاق رائے کا مظہر ہے ان پر حملوں کا بھر پور مقابلہ کیا جائیگا اور پوری قوت سے صوبائی خودمختاری کا تحفظ کیا جائےگا اور ان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔

۶۔اجلاس ملک میں صدارتی نظام رائج کرنے کے مذموم ارادے کو رد کرتا ہے اور حقیقی وفاقی پارلیمانی جمہوریت کو پاکستان کے تحفظ کا ضامن سمجھتا ہے۔ اجلاس د و ٹوک انداز میں واضح کرتا ہے۔ کہ پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائیگی اور نہ ہی اس پر کوئی سمجھوتہ کیا جائیگا۔

۷۔اجلاس عمران خان اور دوسرے سیاسی قائدین ، رہنمائوں اور سیاسی کارکنان کے خلاف سیاسی انتقام پر مبنی بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات قائم کرنے ، انکی گرفتاریوں اور قید وبند کی صعوبتوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور انکی بلا شرط رہائی کا مطالبہ کر تا ہے۔ اجلاس میڈیا کے باہمت افراد اور سیاسی انتقام کا سامنا کرنے والے تمام قائدین اور کارکنان کی جرأت ، بہادری اور استقامت پر داد تحسین پیش کرتا ہے۔

۸۔ اجلاس سیاسی کارکنوں، رہنمائی اور میڈیا پرسنز جن میں خواتین بھی شامل ہیں اس طرح سیاسی جمہوری و کلاء اور دیگر انسانی حقوق کے لئے آواز بلند کرنے والوں کے خلاف ہونے والے حکومت ذمہ داروں کی غیر آئینی ، غیر سیاسی اور غیر جمہوری رویوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ اور مطالبہ کرتا ہے۔ کہ ان تمام اقدامات سے گریز کیا جائے ۔ جو بنیادی انسانی حقوق صرف انسانیت اور آئینی حقوق کے خلاف ہوں۔ مطالبہ ہے کہ موجودہ اور ریٹائرڈ۔۔۔۔۔ جرنیلوں ، ججز اور من پسند سرکاری ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع بند کی جائے۔

۹۔ آج کا یہ اجلاس ملک بھر میں سویلین اتھارٹی کی فوری بحالی ، ایف سی اور دیگر اداروں کے ذریعے اختیارات چھیننے کے غیر آئینی و غیر قانونی عمل کو نفر ت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

۱۰۔  آج کا یہ اجلاس ملک بھر میں سیاسی کارکنوں کو زبر دستی لاپتہ کرنے اور ان کے مسخ شدہ لاشین پھینکنے پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے۔ اور تمام لاپتہ افراد کو باز یاب کرانے کا مطالبہ کرتا ہے۔

۱۱۔ آج کا یہ اجلاس ملک پر نااہل حکومت کی جاری سخت ترین مہنگائی، بدترین بیروزگاری، آئے روز بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے اور حکومت کی شاہ خرچیوں کو انتہائی نفرت کی نگاہ سے دیکھتا ہےاور ملک پر اسٹیبلشمنٹ کے رشوت خوروں اور کرپشن مافیا کے ٹھیکیداروں کا خاتمہ ضروری سمجھتا ہے۔

۱۲۔ آج کا یہ اجلاس ملک کے اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی جانب سے عدلیہ کی آزادی میں خفیہ ایجنسیوں کی دھونس ، دھمکیوں، مداخلت اور احتجاج پر اپنے سخت ترین برہمی کا اظہار کرتا ہے۔ عدلیہ ،میڈیا کی آزادی کا ہر قیمت پر دفاع کا عہد کرتا ہے۔

۱۳۔ سرکاری ملازمین کی غلط داخلہ و خارجہ ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں سیاسی عدم استحکام اور عالمی تنہائی سے دوچار ۔۔۔۔ ملک کو سیاسی استحکام اور عالمی تنہائی سے نکالنے کےلئے ملک کی داخلہ و خارجہ پالیسی کی تشکیل ملک کے حقیقی منتخب پارلیمنٹ سے ضروری ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمر ایوب خان کو قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس x پرجاری اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ عمر ایوب کا سیاسی پس منظر انتہائی مضبوط  ہے۔وہ بہترین سیاسی بصیرت  رکھنی والی ایک مدبر اور  باحکمت شخصیت ہیں۔ جس سیاسی جماعت نے انہیں نامزد کیا ہے وہ  ملک کے ایک بڑے طبقے کی نمائندگی کر رہی ہے۔

یقینِ کامل ہے کہ  ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی و گیس  کے بلوں میں غیر معمولی اضافے سمیت دیگر  عوامی مشکلات  کے ازالے کے لیے قومی اسمبلی میں آواز بلند کریں گے۔

Page 7 of 1454

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree