وحدت نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) مصر میں فوج نے بغاوت کرتے ہوئے پہلے جمہوری صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا ہے۔ معزول صدر مرسی اور دیگر اعلٰی قیادت کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے فوج کے سربراہ عبدالفتاح السیسی کا کہنا تھا کہ محمد مرسی عوامی توقعات پوارا کرنے میں ناکام رہے۔ فوجی سربراہ نے آئینی عدالت کے سربراہ عدلی منصور کو ملک کا عبوری حکمراں مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ عبدالفتاح السیسی کا کہنا تھا کہ آئین کا جائزہ لینے کے لیے ٹیکنوکریٹ پر مشتمل حکومت قائم کی جائے گی اور پارلیمانی اور صدارتی انتخابات جلد کرائے جائیں گے۔ مصری فوج کے ترجمان کے مطابق معزول صدر مرسی اور اخوان المسلمون کی اعلٰی قیادت کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ صدر مرسی کے اقتدار کو ایک سال مکمل ہونے پر مصر بھر میں مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔ قاہرہ کے تحریر اسکوائر پر لاکھوں افراد نے کئی دن سے پڑاو ڈال رکھا ہے۔ عوامی احتجاج میں شدت کے بعد مصر کی فوج نے صدر مرسی اور اپوزیشن جماعتوں کو اتفاق رائے سے مسئلے کا حل نکالنے کے لیے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا، تاہم صدر مرسی نے الٹی میٹم مسترد کرتے ہوئے اقتدار نہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ الٹی میٹم کی ڈیڈ لائن قریب آتے ہی مصری فوج نے مختلف شہروں میں کنٹرول سنبھالنا شروع کر دیا تھا۔ مختلف سرکاری عمارتوں کو قبضے میں لینے کے بعد بغاوت کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد اخوان المسلمون کے ٹی وی چینل سمیت کئی مذہبی چینل بند کر دیئے گئے ہیں۔

 

دیگر ذرائع کے مطابق مصری افواج نے صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا ہے، جس کے بعد صدر مرسی کے حامیوں اور مخالفین کی چھڑپوں میں 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ امریکہ نے اپنے غیر ضروری سفارتی عملے کو مصر چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔ مصر میں فوج کی جانب سے بحران کے سیاسی حل میں ناکامی کے بعد بالآخر فوج نے صدر محمد مرسی کی ایک سالہ حکومت کا خاتمہ کر دیا۔ فوج نے صدر محمد مرسی کو پیر کے روز اڑتالیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی تھی جسکے ختم ہونے پر انکی حکومت کا تختہ الٹ دیا۔ قاہرہ میں سرکاری ٹی وی سے خطاب میں مصری فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ فوج ملک میں مفاہمت چاہتی ہے۔ صدر مرسی عوام کے مطالبات پورا کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور سیاسی رہنماؤں نے مل کر سیاسی روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے۔ آئین کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے، آئینی عدالت کی چیف جسٹس عبوری حکومت کے سربراہ ہوں گے۔ ملک میں ٹیکنوکریٹس کی حکومت تشکیل دی جائے گی۔ عدلیہ ملک میں انتخابات کیلئے پارلیمانی قوانین کاجائزہ لے گی جبکہ ایک کمیٹی آئین کا جائزہ لے گی۔ جنرل السیسی نے کہا پولیس اور فوج تشدد کے واقعات سے سختی سے نمٹے گی۔ صدر مرسی کے اقتدار کے خاتمے کا سن کر مخالفین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، تحریر اسکوائر میں صدر مرسی کی اقتدارسے رخصتی پر آتش بازی کی گئی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree