وحدت نیوز(کراچی) پیٹرول کی قیمت موجودہ نرخ سے آدھی سطح پر لائی جائے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکرری جنرل مولانا صادق جعفری نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت کم ترین سطح پرآگئی ہے جس کا فائدہ عوام کو ملنا چاہیئے اس لئے حکومت پٹرول کی فی لیٹر قیمت 40 روپے مقررکرکے عوام کوریلیف دے جب عالمی منڈی میں تیل کے نرخ میں اضافہ ہوتاہے تو پاکستان میں فوری طور پر نرخ بڑھادیئے جاتے ہیں جب عالمی سطح پر نرخ کم ہوتے ہیں تو حکومت پاکستان نرخ کم نہیں کرتی۔

انہوں نے مزید کہاکہ  ماضی میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے اضافی ٹیکسوں کے نفاذکی صورت میں عوام سے بھتہ وصول کیا اب مسلم لیگ نواز سستا پٹرول خرید کرعوام کو مہنگا بیچ کر بھتہ وصولی میں مصروف ہے،اوگرا لٹیروں کا گڑھ بن چکا ہے،پاکستان میں پرائس کنٹرول اینڈ مینجمنٹ کا کوئی نظام عملاًدکھائی نہیں دیتا، عوام چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ حکمران جماعت کی اس بھتہ وصولی کا سختی سے نوٹس لیں اور عالمی منڈی میں کم ہونی والی پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ثمرات پاکستان کے غریب عوام کو بھی میسرلائیں جائیں ۔

وحدت نیوز(لاہور) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید مبارک علی موسوی کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات میں قیمتوں میں اضافے کو فوری طور پر واپس لے، اس حکومتی اقدام سے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہوگا۔علامہ مبارک علی موسوی کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے کے بجائے عوام کو سزا دینے پر یقین رکھتی ہے، حکومت عام عوام سے جینے کا حق نہ چھینے اور اپنی کمزور گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لے۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن سے گھری حکومت  اپنی کمزور گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لے ورنہ عوام ان کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کرے گی ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنی شاہ خرچیوں کا سارا بوجھ عوام پر ڈال رکھا ہے۔ریاست کے انتظامی امور موجودہ حکومت کی دسترس میں نہیں رہے۔حکومتی نا اہلی کی بنا پر ریاستی ادارے دن بدن تباہی کی طرف جا رہے ہیں۔عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبائی ہوئی ہے اسے مزید اذیت کا شکار نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے سارے وزرا اور انتظامی مشنری ایک نا اہل شخص کے دفاع میں ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔کسی کو عوامی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مخصوص انتخابی حلقوں میں سفری سہولیات پر سبسڈی دے رکھی ہے جس کا بوجھ پوری قوم پر ڈلا جا رہا ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے روز مرہ استعمال کی تما م اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام مزید کسی بوجھ کے قطعی متحمل نہیں ہیں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی کسی بھی تجویز پر غور نہ کیا جائے اور پٹرول کی قیمت کم کر کے عوام کو سستے داموں فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس طرح کے فیصلے انہیں عوام سے مزید دور کر دیں گے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی نے کہا کہ ڈیری فارمرزکی جانب سے دودھ کی قیمت میں20سے 30روپے کے اضافہ کی مذمت کرتے ہیں کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی کاجن بے قابو ہے اور اوپر سے دودھ کے ہوشربا اضافے سے غریب، متوسط طبقہ سمیت مستقبل کے معماروں کی زندگی داؤ پر لگ جائیگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاوس سولجر بازار میں پولیٹیکل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پولیٹیکل کونسل کے رکن میر تقی ظفر ،حسن عباس ،کاظم عباس و دیگر موجود تھے۔

 انہوں نے کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومت کی ناقص پالیسی کے سبب غریب،مزدور اور نچلی طبقہ کی زندگی شدید متاثر ہوئے ہے اور ملک میں بیروزگاری میں بھی شدید اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کے سبب مہنگائی کی لہر دوڑ گئی ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور کمشنر کراچی سے اپیل کی کہ دودھ کے نرخوں میں ہوشربااضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور ڈیری فارمز کے مسائل ترجیح بنیادی پر حل کئے جائیں۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ عوام کی برداشت سے باہر ہے۔حکومت نے نئے سال کے پہلے دن عوام کو مہنگائی کی نوید سناکر اپنے آئندہ کے لائحہ عمل سے باخبر کیا ہے۔حکومت کا یہ فیصلہ واضح کرتا ہے کے انہیں عوامی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں۔پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اشیائے خورد ونوش سمیت ہر شے کو متاثر کرتا ہے۔متوسط طبقہ پہلے ہی ان گنت مشکلات کا شکار ہے۔حکومت کی ناکام پالیسیاں رہی سہی کسر نکال رہی ہیں۔عوام ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے کسی طور متحمل نہیں۔جمہوریت عوامی حکومت کا نام ہے۔عوام پر زندگی تنگ کرنے کو جمہوریت نہیں کہتے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ اور ظالمانہ ہے۔عوام اس فیصلے کو تسلیم نہیں کریں گے۔انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے فیصلے کو واپس لینے کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالیں۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات  علی حسین نقوی نے پولیٹیکل کونسل کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے پیٹرولیم مصنوعات کے بعداشیائے خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا حکمرانوں کی طرف سے عوام کو بدامنی، مہنگائی، عدم تحفظ،لوڈشیدنگ اور لاقانونیت جیسے تحفے دیے جا رہے ہیں جو سراسر زیادتی ہے۔ بھاری مینڈینٹ حاصل کرنے والی حکومت اپنی عوام کو ’’قابل قدر‘‘ صلہ دے رہی ہے۔ قیمتوں پر نظر رکھنے والے اداروں اور ضلعی حکومتوں کی موجودگی میں عام گھریلو اشیا ءکی من مانی قیمتیں وصول کیا جانا اداروں کی عدم توجہی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس ملک کی اکثریت کا تعلق متوسط طبقے سے ہیں۔ قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سفید پوش طبقے کے لیے درد سر بنا ہوا ہے۔حکومت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس اہم مسئلہ کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا جو تاجر مصنوعی قلت پیدا کر کے سبزیوں، چکن اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں کو بڑھا کر فائدہ حاصل کر رہے ہیں ان کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔انہوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں معمول پر لانے کے لیے مارکیٹوں کا دورہ کیا جائے اور ناجائز منافع خوروں کو موقع پر جرمانے کیے جائیں۔

Page 1 of 2

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree