وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کراچی میں امن و امان پر اعلٰی سطحی اجلاس میں دہشت گردی کے شکار شیعہ مسلمانوں کے نمائندگان کو مدعو نہ کرنے پر نواز لیگی وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ بات انہوں نے وحدت ہاؤس کراچی میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں عبداللہ مطہری، علامہ علی انور، علامہ مبشر حسن، حسن ہاشمی، علی حسین نقوی، علی احمر، حیدر زیدی، ناصر حسینی سمیت دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح صوبہ سندھ اور اس کے دارالحکومت کراچی میں بھی دہشت گردوں نے سب سے زیادہ شیعہ مسلمانوں کو ہدف بناکر قتل عام کیا، عدل و انصاف کا تقاضا تو یہ تھا کہ دہشت گردی کے شکار شیعہ مسلمانوں کی نمائندہ جماعتوں کو بھی اعلٰی سطحی اجلاس میں مدعو کیا جاتا، ان کی تجاویز بھی طلب کی جاتیں، فیصلہ سازی کے عمل میں انہیں بھی شریک کیا جاتا اور اعتماد میں لیا جاتا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نواز شریف سعودی ریالوں اور امریکی ڈالروں کی وجہ سے تعصب میں مبتلا ہوگئے ہیں، وہ یہ فراموش کرگئے ہیں کہ اس وقت وہ پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں اور پاکستان کے تمام شہری ان کی نظر میں برابر ہونے چاہیے تھے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ یزیدی و تکفیری دہشت گردوں کے لئے تو موجودہ حکومت نرم گوشہ رکھتی ہے اور انہیں کچلنے کے بجائے ان سے مذاکرات کرکے ان کے لئے محفوظ راستہ تلاش کرنے میں مصروف ہے، لیکن دہشت گردی کے شکار پاکستانیوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی انہیں تاحال فرصت نصیب نہیں ہوئی۔

 

علامہ مختار امامی نے کہا کہ پاکستانی قوم نے بروقت اس حکومت کی دھاندلی کی نشاندہی کر دی اور سب نے 11 مئی کو یوم سیاہ منا کر اس حکومت کی ناکامی و دھاندلی کے پہلے سال ہی اسے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر دھاندلی سے ہی سہی وہ اب زبردستی کے حکمران بن بیٹھے ہیں تو انہیں یہ فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ پہلے بھی ان کی غلط حرکتوں نے تمام عوامی قوتوں کو ان کے خلاف یکجا کر دیا تھا اور ان کی حکومت کے خاتمے کے لئے سب نے مل کر تحریک چلائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر 2013ء سے اب تک کراچی آپریشن کے دوران ساڑھے تین سو شیعہ مسلمان شہید کئے جاچکے ہیں، جس دن انہوں نے امن و امان پر اجلاس کی صدارت کی اس دن بھی ایک شیعہ تاجر کو قتل کر دیا گیا، دہشت گردوں کو ان کی گیدڑ بھپکی سے کوئی فرق نہیں پڑتا، دہشت گردوں نے شیعہ ڈاکٹرز، وکلاء، پروفیسرز، تاجر، اساتذہ، علماء اور طالب علم و سیاسی کارکنان کو بے دریغ قتل کیا، لیکن قاتل تاحال گرفتار نہیں ہوئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شیعہ مسلمانوں کے قاتل دہشت گردوں کے خلاف فوری طور پر فوجی آپریشن کیا جائے اور جو گرفتار ہیں انہیں سرعام پھانسی کی سزا دی جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree