وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے سیکریڑی سیاسیات کامران حسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گوادر کاشغر روٹ کی تعمیر بلوچستان سے کی جائے تو اس سے عوام میں احساس محرومی ختم کرنے میں مدد کے ساتھ یہاں پر روزگار کے بہترین مواقع میسئر آئیں گے۔ اس لیے ہم امید رکھتے ہیں کہ حکومت ملک کے بہترین مفاد میں اس منصوبے پر جلد کام کروائیں گے۔ اس منصوبے کو کاشغر سے گوادر تک محض ایک راہداری کے طور پر نہ دیکھا جائے بلکہ اس سے ایک نئی دنیا تعمیر ہورہی ہے۔ جو ترقی یافتہ دنیا ہے جس میں ہر چیز بدل کر رہ جائیگی۔ سماج کا ارتقائی عمل معیشت سے جڑا ہوا ہے۔ جن علاقوں سے یہ راہداری گزرے گی وہاں کے سماجی اور معاشی حالات کے ساتھ ساتھ اخلاقیات اور سماجی اقدار میں بھی تبدیلیاں رونما ہونگی۔ ان علاقوں کی پسماندگی دور ہوگی۔ لوگوں کو روزگار ملے گا۔ معیشت ترقی کرے گی۔ موجودہ سیاسی اور اقتصادی اجارہ داریاں ختم ہونگی۔ سماجی اور معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ سیاسی تبدیلیاں بھی رونما ہونگی۔سب سے اہم بات یہ ہے کہ جن قوتوں نے دہشت گردی کے نیٹ ورکس بنائے ہوئے ہیں وہ بھی ٹوٹ جائیں گے۔

ان کا مذید کہنا تھا کہ اس منصوبے سے پاکستان کے سیاسی حرکیات بھی یکسر تبدیل ہو جائیں گے۔ پاکستان کو یہ موقع پہلی مرتبہ میسئر آیا ہے۔ ہماری جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے یہاں چین چھیالیس ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کر رہاہے یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کے مفاد میں ہے بلکہ چین کے مفاد میں بھی ہے۔ ہماری سیاسی قیادت کو اس بات کا بھی ادراک رکھنا چاہیے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے سے ایک نئی دنیا تخلیق ہورہی ہے۔ یہ خوشحال ، ترقی یافتہ، پر امن اور جمہوری معاشرے والے دنیا ہوگی۔ پرانی اقتصادی اور سیاسی اجارہ داریوں کا خاتمہ ہوگا۔ دہشت گرد اور مافیا گروپس سے وابستہ مخصوص مفادات نہیں رہینگے۔ ہماری حکومت اور سیاسی قیادت کو چاہیے کہ وہ نہ صرف اس منصوبے کو متنازع نہ بنائے بلکہ تمام تر اختلافات کو اپنے عظیم تر قومی مفاد میں بھلا دیں۔

وحدت نیوز (سکردو) پاک چائنہ اقتصادی کوریڈورمیں گلگت بلتستان کی حیثیت کو یکسر نظر انداز کیا گیاہے،حسب روایت اس عظیم منصوبے کے ثمرات سے اس خطے کے عوام کو محروم رکھنے کی سازش کی جارہی ہے،مرکزی حکومت کے ترجیحی منصوبوں میں سے کوئی ایک منصوبہ بھی گلگت بلتستان میں نہیں رکھا گیا،جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ موجودہ حکومت اس خطے سے مخلص نہیں ہے،ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنما ڈاکٹر کاظم سلیم نے وژن 2020کے زیراہتمام اسلام آباد میں منعقدہ سیمیناربعنوان ’پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ اور پاکستان کامعاشی مستقبل ‘کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر طلباءوطالبات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات سمیت صحافیوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا کلیدی اسٹیک ہولڈر خطہ ہے، لہٰذادوسرے صوبوں سے پہلے ہمارے مفادات کا خیال رکھا جانا ضروری ہے،اس قومی منصوبے کو تمام پاکستانیوں کیلئے یکساں طورپر مفید بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہمیں دیوار سے لگانے کا ذعم باطل ذہنوں سے نکال دیا جائے،کیوں کے ہمارے حقوق کا خیال رکھے بغیر کوئی بھی منصوبہ قابل عمل نہیں ہوگا،اس لئے ہمارے پالیسی ساز اداروں کوچاہیئےکہ اس عظیم اقتصادی منصوبے کے اجراءمیں  گلگت بلتستان کےساتھ عدل وانصاف کے تقاضوں کو پورا کریں ،تاکہ بغیر کسی رکاوٹ کے یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔

ڈاکٹر کاظم سلیم نے مزید کہا کہ اقتصادی کوریڈور کی بروقت تکمیل سے نا فقط ہماری بیمار معیشت کا سنبھلنے کا موقع ملے گا بلکےبین الاقوامی سطح پر پاکستان کی اہمت میں بھی اضافہ ہوگا،کیونکہ عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی چینی معیشت کو پاکستان کے زریعے مشرق وسطیٰ ، یورپ اور ایشیائی ممالک تک رسائی دینے میں ہمارا کرداربنیادی سہولت کارکا ہوگا،انہوں نےبھارتی حکمرانوں اور میڈیا کی جانب سےاس منصوبے کے خلاف جاری منفی پروپگنڈے کی جانب اشارہ کرتےہوئے کہا کہ ہندوستان کو اس منصوبے سے ایک مضبوط اقتصادی پاکستان کا مستقبل دکھائی دے رہا ہے اس لیئے ان کی چیخیں نکلنا فطری ہیں ، انہوں نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے حوالے سے بعض ذمہ دار افراد کے بیانات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ چند افراد گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کو لے کے دانستہ یا نا دانستہ بھارتی موقف کو مضبوط کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ،ان افراد کو چاہئے کہ حقیقت پسندانہ موقف اپنائیں ، انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کا تعین کرتے وقت اگر یہاں بسنے والے عوام کی امنگوں کا خیال نہ رکھا گیا تو اس حساس علاقے میں ایسی سنگین نفرت وعداوت جنم لے گی جو کسی صورت قابل تحمل نہیں ہوگی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree