وحدت نیوز(کربلائے معلی) عراق کے شہر کربلا مقدسہ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ امور خارجہ کے زیر اہتمام دوسری سالانہ بین الاقوامی سید الشہداء کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے سید الشہداء کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاؤہ بزرگ عالم دین اور ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے بانی رکن جناب حجت الاسلام و المسلمین غلام حر شبیری، انصاراللہ یمن کی سیاسی شورای کے رکن جناب شیخ محمد قبلی، کتائب سید الشہداء عراق کی ایگزیکٹو کونسل کے رکن جناب حجت الاسلام و المسلمین شیخ کاظم فرطوسی، اسلامک موومنٹ نائجیریا کے جناب شیخ انس شعیب آدم نے بطور مہمان مقرر شرکت کی۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے شعبہ امور خارجہ کے سربراہ جناب حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے افتتاحی کلمات ادا کیے۔

اس کانفرنس میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنماعلامہ اقبال بہشتی، اسد عباس نقوی، ملک اقرار حسین، نثار علی فیضی ،صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقر عباس زیدی،صوبہ بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ برکت مطہری، سابق وزیر قانون بلوچستان آغا رضا ،ہنگو کے معروف عالم دین علامہ خورشید انور جوادی سمیت مختلف ممالک سے تشریف لائے زائرین ابا عبداللہ الحسین ع نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ اربعین کے اس عظیم اجتماع کے موقع پر شہدائے کربلا کے جوار میں کانفرنس منعقد کرنے کا ایک مقصد دنیا بھر سے تشریف لانے والے مومنین سے رابطہ اور ملاقات ہے۔ انہوں نے کہا اس اہم موقع پر سید الشہداء کانفرنس کے انعقاد کا مقصد اربعین حسینی کے عظیم اجتماع کی برکات اور پیغام کی تبلیغ اور تشہیر کی مہم میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ سید الشہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یورپ سے تشریف لانے والے بزرگ عالم دین اور ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے بانی رکن جناب حجت الاسلام و المسلمین غلام حر شبیری نے کہا کہ کربلا کا اصل پیغام ذلت کی زندگی سے دوری ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا اربعین حسینی نے ایک نیا سماجی نظام متعارف کروایا ہے جس میں تمام انسانی فضائل دیکھے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا استکبار ہمیشہ سے معاشروں پر جہالت مسلط کرکے انہیں گمراہ رکھنا اور انسانی فضائل سے دور رکھنا چاہتا ہے لیکن مکتب کربلا انسان کو علم کے زیور سے آراستہ کرتا اور معاشروں میں انسانی فضائل کو رائج کرنا چاہتا ہے اور اربعین حسینی انہی انسانی فضائل کا مظہر ہے۔

سید الشہداء کانفرنس میں کتائب سید الشہداء عراق کی ایگزیکٹو کونسل کے رکن حجت الاسلام و المسلمین شیخ کاظم فرطوسی نے کہا یہ اربعین حسینی کی برکات ہیں کہ آج ہم سب یہاں جمع ہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے کربلا اور اربعین کی برکات کی بدولت داعش جیسے خبیث دشمن کو شکست دی ہے اور دنیا بھر میں مستضعفین جہاں بھی ظلم کے مقابلے میں کھڑے ہیں وہ کربلا کی بدولت ہے کیونکہ کربلا نے انسانیت کو عزت کے ساتھ جینے کا راستہ دکھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا دشمنِ انسانیت یمن، کشمیر، عراق، شام، فلسطین اور لبنان میں ہر جگہ ظلم و ستم روا رکھے ہے جس کی وجہ صرف یہ ہے کہ ان خطوں کے مسلمان دشمن کے سامنے تسلیم نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کشمیری مسلمانوں کا قصور بھی یہی ہے کہ وہ ظلم کے سامنے نہیں جھکے اور یہ استقامت صرف مکتب کربلا سیکھاتا ہے۔ انہوں نے کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے جس خطے میں بھی مظلومین ظالموں اور مستکبرین کے مقابلے میں استقامت دکھا رہے ہیں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم ان کی حمایت کرتے ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان شعبہ امور خارجہ کے زیر اہتمام کربلا میں منعقدہ سید الشہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انصار اللہ یمن کی سیاسی شورای کے رکن جناب شیخ محمد قبلی نے کہا کہ یمنی عوام نے امام حسین ع کے قیام سے سبق لیتے ہوئے ظلم کے مقابلے میں جو قیام کیا ہے اس اور امام حسین ع کے قیام میں کئی مماثلتیں ہیں۔ قیام امام حسین ع اور یمنی مزاحمت کے درمیان موجود مماثلتوں کا ذکر کرتے ہوئے جناب شیخ محمد قبلی نے کہا کہ جیسے امام حسین ع اصلاح امت کے لیے اٹھے ہم یمنی بھی ویسے ہی اصلاح حالِ امت یمن کی جدو جہد کے بانی ہیں۔ انہوں نے کہا امام حسین ع نے فرمایا میں نے دین میں کوئی تبدیلی نہیں کی جو تم مجھے قتل کرو اسی طرح ہم یمنیوں نے دین یا کسی بین الاقوامی عرف یا قانون کے خلاف کوئی بغاوت نہیں کی جو ہمیں قتل کیا جائے۔ انہوں نے مزید فرمایا امام حسین ع ذلت قبول نہیں کی اور یمنی قوم نے بھی ذلت کی زندگی قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا امام حسین ع کے دشمن بھی رسوا ہوئے اور اللہ کے حکم سے انشااللہ یمنی قوم کے دشمن بھی رسوا اور ذلیل ہوں گے۔

سید الشہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جب مظلوم خاموش رہتا ہے تو ظالم کا حوصلہ بڑھتا اور اس کے ظلم کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے لیکن جب ظلم کے مقابلے میں کھڑا ہو جایا جائے تو شکست ظالم کا مقدر ٹھہرتی ہے۔ انہوں نے پاکستانی شیعہ قوم اور قیادت کا شکریہ ادا کیا اور یمنی مزاحمتی قیادت خصوصاً انصار اللہ کی قیادت کا شکریہ اور نیک خواہشات ان تک پہنچائیں۔ دوسری سالانہ بین الاقوامی سید الشہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامک موومنٹ نائجیریا کے رہنما جناب شیخ انس شعیب آدم نے کہا آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزاکی کی تبلیغ سے دشمن نے خطرہ محسوس کیا تو ان کی فعالیت کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا لیکن جب وہ اس میں ناکام رہے تو انہوں اسلامک موومنٹ کے کارکنوں پر ظلم و ستم کا راستہ لیا۔ انہوں نے کہا اسی دوران شیخ ابراہیم زاکزاکی کے تین بیٹے شہید کردئیے گئے بعدازاں شیخ کے گھر پر حملہ کرکے مزید تین بیٹے شہید اور شیخ ابراہیم اور ان کی اہلیہ کو زخمی کرکے گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا نائجیریا میں ہونے والا ظلم دنیا میں ڈھائے جانے والے مظالم کی ہی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے کہا آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزاکی کو جب ہندوستان جاکر علاج کروانے کی اجازت ملی تو امریکہ و ہندوستان جاسوسی اداروں اور کرائے کے قاتلوں کے ذریعے ان کی جان کے درپے ہوگئے۔ انہوں نے مزید کہا شیخ ابراہیم زکزاکی کو ہندوستان میں قتل کردیے جانے کا خطرہ محسوس ہوا تو انہوں نے واپس نائجیریا جانے کا فیصلہ کیا اور اب گزشتہ تین ماہ سے ہمارا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے نائجیریا میں مکتب سید الشہداء اختیار کیا ہے اور ہمارا عہد ہے کہ ہم سید الشہداء کی طرح استقامت دکھائیں اور ظلم کو سرنگوں کردیں گے۔ انہوں نے نائجیریا کی اسلامی تحریک کی قیادت کی جانب سے پاکستانی شیعہ قوم اور قیادت کا اس تحریک اور شیخ ابراہیم زکزاکی کی آزادی کی مہم کی حمایت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) سوشل تنظیم ای سی آئی کے زیر اہتمام جیکب آباد میں سفیر امن مذہبی ہم آھنگی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ محرم کا مہینہ سوگ کا مہینہ ہے اس مہینے میں محسن انسانیت نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام نے اعلی انسانی اقدار اور دین اسلام کی بقاء کے لئے بے مثال قربانی دی ہم آج سوگوار ہیں امام حسین علیہ السلام تمام انسانوں کے لئے اور تمام مذاہب کے لئے رہبر و رہنما کا درجہ رکھتے ہیں محرم کا مہینہ پاکستان میں مذہبی رواداری کی بہترین مثال ہے جب ھندو سکھ مسیحی مسلمانوں کے ساتھ مل کر امام حسین علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ اسلام سلامتی جبکہ ایمان امن سے ہے۔ قرآن کریم میں امن کو ایک نعمت قرار دیا گیا ہے سورہ قریش میں ہے اس رب کعبہ عبادت کرو جس نے بھوک سے کھانا دیا اور خوف سے امان دی۔ حضرت ابراہیم خلیل علیہ السلام نے دعا کی اے میرے رب اس شہر کو امن کا گہوارہ بنادے۔ انہوں نےکہا کہ تمام ادیان و مذاہب نے ہمیشہ امن و رواداری کا درس دیا ہے ہے مگر ہر دور کے فرعون و یزید صفت حکمرانوں نے مذھبی تعلیمات کو نظرانداز کرتے ہوئے ظلم و جبر کا راستہ اختیار کیا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ حضرت عیسی علیہ السلام اور انجیل مقدس کی تعلیم تو عفو و درگذر کی ہے کہ اگر کسی نے تیرے ایک گال پر تھپڑ مارا تو بدلہ لینے کے بجائے اپنا دوسرا گال اس کے سامنے کردو پھر آج مسیحی کہلانے والا ٹرمپ دنیا کا سب سے بڑا سفاک انسان کیوں ہے؟ہندو مذہب نے امن کی تعلیم دی مگر آج ہندو کہلانے والا مودی کشمیری عوام کے قتل عام کا مرتکب ہو رہا ہے اور پوری دنیا تماشا دیکھ رہی ہے۔امریکہ کے موجودہ صدر ٹرمپ نے کہا کہ عالمی دھشت گرد تنظیم داعش امریکہ اور اوباما نے بنایا یعنی آج دنیا پر امن دشمن سفاک انسانوں کی حکومت ہے آج دنیا کے چوکیدار چور بنے ہوئے ہیں دنیا میں اسلحے کا کاروبار انہی کا ہے۔ ایسے میں امن ایک خواب بن کر رہ گیا ہے۔

انہوں نےکہا کہ آج اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر بم دھماکے کرنے والے بھی انہی فرعون صفت عالمی سامراج کے آلہ کار ہیں۔انہوں نےکہا کہ دین اسلام مذہبی رواداری کا درس دیتا ہے قرآن کریم میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حکم دیا گیا ہے کہ آپ اہل کتاب کو پیغام توحید اور مشترکات پر متحد ہونے کی دعوت دیں۔اس موقع پر تقریب سے سیاسی سماجی رہنما سید غلام شبیر نقوی عبدالحئی سومرو حماد اللہ انصاری منصب علی بروہی و دیگر نے خطاب کیا۔

وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی ،ضلعی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ سیف علی ڈومکی ،عزاداری سیل کے رہنما سید احسان علی شاہ بخاری ،سید فضل عباس شاہ اور جنرل سیکرٹری سید غلام شبیر نقوی نے ڈپٹی کمشنر  جیکب آباد غضنفر علی قادری سے ملاقات کی اور انہیں محرم کے دوران بہترین اتنظامات پر اپریسئیشن لیٹر دیا۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جیکب آباد جیسے حساس ضلع میں عوام کے تحفظ اور عزاداروں کی سہولت کے لئے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کی کوششیں قابل تعریف ہیں ہم ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے مختلف شہروں میں جاکر عزاداری روٹس کا دورہ کیا صفائی صحت لائٹننگ سمیت مختلف مسائل کے حل کے لئے کوششیں کیں۔اس موقع پر جناب غضنفر علی قادری نے علامہ مقصود علی ڈومکی عزاداری سیل اور مجلس وحدت مسلمین کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔ اور کہا کہ ایام محرم میں آپ کا مکمل تعاون رہا۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اسکردو میں حضرت امام حسین ؑ کی یوم ولادت باسعادت کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام حسین ؑ کی ذات دنیا بھر کی حریت پسندوں کے لیے توانائی اور طاقت کا مرکز ہے۔ دنیا بھر میں اعلی انسانی اقدار کے لیے اور ظلم کے خلاف جاری تحریکیں قیام امام حسین ؑ کی مرہون منت ہے۔ امام حسین ؑ کی ذات کا قیام الہٰی مقاصد کے لیے تھا۔ ایثار و فداکاری اور ہدف کے لیے قربانی کی مثال امام حسین ؑ کی ذات اقدس سے بڑھ کر تاریخ انسانیت میں نہیں مل سکتی۔ امام حسینؑ وہ عظیم ہستی نے جنہوں نے تمام الہٰی اقدار کو دوام دیا۔ آج حسینیت ایک مکتب فکر بن چکی ہے۔ حسینیت حق و باطل میں فرق کرنے کا پیمانہ اور معیار ہے۔ حسینیت کا تعلق مسلک سے نکل کر ایک آفاقی اصول بن چکا ہے اور ہر حق پرست حسینیت کے پرچم تلے جمع ہوچکے ہیں جبکہ یزیدیت ظلم و ستم اور باطل کا استعارہ بن چکا ہے۔ جو جو شخص حق کے لیے جدوجہد کرنے والا ہے اور ظلم کے خلاف الہٰی اقدار کے حصول کے لیے برسر پیکار ہے ان کا رہنماء امام حسین ؑ ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ جو امام حسین ؑ کی ذات کو اپنا پیشوا اور رہبر تسلیم کرتے ہیں ان کا ظلم و ستم، فسق و فجور اور لادینیت سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا۔ حسینی سر تو کٹا سکتا ہے لیکن باطل طاقتوں سے مرعوب ہوسکتا ہے اور نہ ہی ظلم سے ناطہ جوڑ سکتا ہے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے محرم الحرام کے دوران پورے ملک میں سیکورٹی کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے پر پولیس ،فوج ،رینجرز، ایف سی اور دیگر انتظامی اداروں بالخصوص وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار خان آفرید ی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون و آئین کی پاسداری کرنے والے ریاستی ادارے ہمارے لیے قابل فخر ہیں۔عزاداری کے پروگراموں کو بہترین سیکورٹی فراہم کر کے ذمہ داران نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کی صلاحیتوں سے مکمل طور پر لیس ہیں۔ملت تشیع کا عزاداری کے پروگراموں کے دوران ریاستی اداروں کے افسران و اہل کاروں کے ساتھ بھرپور تعاون اس امر کا عکاس ہے کہ شیعہ قوم اس ملک کے ذمہ دار لوگ ہیں اور قانون و آئین کے پابند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پُرامن صورتحال اس حقیقت کا برملا ثبوت ہے کہ وطن عزیز سے دہشت گردوں کا کافی حد تک صفایا کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہ ریاستی اداروں کے ساتھ ملت تشیع کا تعاون اس وقت تک اسی طرح جاری رہے گا جب تک ہمارے ساتھ قانون و انصاف کی زبان میں بات کی جاتی رہے گی۔ہم باہمی احترام اور منصفانہ طرز عمل پر یقین رکھتے ہیں۔ اختیارات کے ناجائز استعمال یا متعصب لب و لہجہ ہمیں کسی صورت برداشت نہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عزاداری کے پروگراموں کو تحفظ فراہم کرنے پر چیف آف آرمی سٹاف، ڈی جیزینجرز، تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان و آزادکشمیر اور فاٹا کے اعلیٰ پولیس و انتظامی افسران اور اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ دور عصر کی یزیدیت سے نبردآزما ہونے کیلئے فکرِ حسینی کو شعار بنانا ہوگا، امام عالی مقام نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؑ نے دین اسلام کی شکل مجروح کرنے والوں کے ساتھ جس شجاعت سے مقابلہ کیا، آج اسی کی ضرورت ہے، امت مسلمہ کے انتشار کا واحد حل درِ اہلبیتؑ سے تمسک میں ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم ولادت باسعادت حضرت امام حسینؑ کی مناسبت سے وحدت سیکرٹریٹ سولجر بازار کراچی میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی رہنما آصف صفوی، ناصر حسینی، حیدر زیدی و دیگر بھی موجود تھے۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ امام عالی مقامؑ نے دین اسلام کی بقا کیلئے سب کچھ قربان کرکے یہ درس دیا ہے کہ دین اسلام ہر شے سے مقدم ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا امام حسینؑ نے 14 سال قبل ان دہشتگردوں کو شکست دی، جو دین اسلام کا لبادہ اوڑھ کر دین کو اپنی پسند نا پسند میں ڈھال رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی بیشتر تکفیری گروہ یزیدی فکر کو پروان چڑھانے کے درپے ہیں، یہ لوگ اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام دشمن قوتوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، شیعہ سنی وحدت نے انہیں ناکامی سے دوچار کیا ہے۔ صوبائی سیکریٹری جنرل نے امام حسین علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں دعاگو ہوں کہ ہم سب سیرت حسینی ؑ کے حقیقی معنوں میں پیروکار بنیں۔

Page 1 of 4

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree