وحدت نیوز(مظفرآباد) قائم مقام سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر مولانا سید طالب حسین ہمدانی نے کہا ہے کہ علامہ تصور جوادی پر حملہ کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے ، مجرمان کی گرفتاری آزاد کشمیر کے امن کے لیے انتہائی ضروری ہے، علامہ تصور جوادی پر حملہ امن کی فضا کو خراب کرنے کی بڑی سازش ہے۔ کشمیر کے باسی پرامن اور محب وطن ہیں ، یہاں کوئی شیعہ سنی تفریق ہے نہ ہونے دیں گے ۔ ہم اتحاد بین المسلمین کے لیے کام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔ علامہ تصور جوادی کا مشن و مقصد ہی یہی تھا ، کہ امت مسلمہ ایک پیج پر ہو ، اغیار کی سازشوں کو بھانپتے ہوئے انہیں اپنی صفحوں میں نہ گھسنے دے۔ شہر مظفرآباد امن کی علامت کے طور پر سمجھا جاتا تھا ، مگر ایک شریف النفس درویش صفت انسان کو گولیوں کا نشانہ بنا کر دن دیہاڑے فرار ہو جانا انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان چھوڑ گیا ہے، پر زور مطالبہ ہے کہ جلد از جلد دہشت گردوں کو گرفتا ر کر کے سامنے لایا جائے ، عدم تحفظ کی فضا کو ختم کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے دفتر میں آئے ہوئے مختلف وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 انہوں نے کہا کہ ہم حسینی قوم ہیں ، میدان میں نکلنا جانتے ہیں ، حکومت فوری طور پر سراغ لگائے ورنہ جب یہ قوم میدان میں نکل جائے تو پھر اسے کوئی نہیں بھگا سکتا ۔ مولانا طالب ہمدانی نے کہا کہ ایکشن کمیٹی نے پانچ دن کی ڈیڈ لائن دی تین روز گزرنے کو ہیں تا حال کوئی پیش رفت نہیں ، اس ڈیڈ لائن کے گزر جانے کے بعد راست اقدام اٹھائیں گے ، مجلس وحدت مسلمین پرامن جمہوری جماعت ہے ، مگراپنے محبوب رہنما کا خون رائیگان نہیں جانے دے گی ۔ مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے ہر کارکن کے اندر شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے معاملے کا فوری حل نکالا جائے بصورت دیگر ہم سڑکوں پر آئیں گے پھر اس وقت تک واپس گھروں کو نہیں لوٹیں گے جب تک علامہ تصور جوادی پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت میں نہ ہوں ۔ ہم انتظامیہ کے ساتھ ہیں ، مکمل تعاون کے لیے آمادہ ہیں ، مگر حکومتی بے بسی پر حیران کن ہیں ، اتنا بڑا سانحہ ہوجانے کے باوجود ایک وزیر ایک رکن نے بھی تعزیت و تسلیت کی زحمت گوارہ نہیں کی ۔ مولانا طالب حسین ہمدانی نے کہا کہ علامہ تصور حسین نقوی الجوادی صحت بہتری کی جانب گامزن ہے ، مگر قوم سے اپیل ہے دعاؤں کا سلسلہ جاری رکھے ۔ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں کہ جب پھر ہمارا ہر دلعزیز رہنما ہمارے درمیان ہو گا ۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان چھ روز گزرنے کے باوجود گرفتار نہ ہونے پرتمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل قائم’’ انسداد دہشت گردی پبلک ایکشن کمیٹی مظفرآباد ڈویژن‘‘ نے حکومت کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے پانچ دن کی ڈیڈ لائن دے دی ۔ ملزمان گرفتا رنہ ہوئے تو دما دم مست قلندر ہوگا،یو این و مبصر مشن تک لانگ مارچ کرنے پر مجبور ہونگے ۔

گزشتہ روز مرکزی ایوان صحافت میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندوں ،تاجروں کے ذمہ داران ،سول سوسائٹی،طلباء تنظیموں ،سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے نمائندگان مجلس وحدت مسلمین کے رہنماطالب ہمدانی ، سید شجاعت کاظمی، علامہ فرید عباس نقوی ، مولانا عبدالعزیز علوی، شوکت نواز میر ، راجہ ثاقب مجید ، سید نذیر حسین شاہ ،  عبدالرزاق خان، قاضی محمد فہد چشتی ،اصغر نثار میر ،سید تصور عباس موسوی، حافظ کفایت نقوی ، نصیر ہمدانی ،کامران بیگ،سید تبریز کاظمی، سید قلب عباس ،سید مجاز شاہ ، علامہ تصور جوادی کے لواحقین و دیگرنے کہا کہ مظفرآباد شہر امن و رواداری کا شہر ہے جس پر حملہ کیا گیا ، اس دھرتی کو دہشت گردوں کے حوالے کسی بھی صورت نہیں کر سکتے ۔تخریب کاروں کے نا پاک عزائم کو اس دھرتی کے باشعور عوام نے ناکام بنا دیا ۔دکھ کی اس گھڑی میں حکمران جماعت کی طرف سے کسی وزیر یا ایم ایل اے نے متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی تک نہیں کیا ،اور نہ ہی اس حوالہ سے کوئی سنجیدہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ جس مقام پر یہ واقعہ پیش آیا وہاں سے ملزمان کا گاڑی سمیت فرار ہونا پولیس انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر کئی سوالات اٹھا رہا ہے ۔شہریان مظفرآباد نے اپنے حصے کا بھر پور کردار ادا کیا لیکن حکومت کی جانب سے مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر پانچ دن میں ہمارے مطالبات منطور نہیں کیے جاتے تو ہم راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہونگے ۔احتجاجی تحریک کا آغاز کرینگے ، دھرنے دیئے جائیں گے ، جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔شٹر ڈاؤن ،پہیہ جام کرنے کے ساتھ ساتھ UNOکے مبصر مشن تک مارچ کرینگے اگر ضرورت محسوس ہوئی تو  ہم مظفرآباد اور اسلام آباد کے پارلیمنٹ کی جانب لانگ مارچ کرنے اور دھرنا دینے کا حق بھی محفوظ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر بھر کی سیکیورٹی سخت کی جائے تمام انٹری پوائنٹس خفیہ کیمروں کی تنصیب کے ساتھ چیکنگ کا نظام بہتر کیا جائے ، تمام مزارات اور خانقاہوں پر پولیس نفری تعینات کی جائے ۔

انہوں نے آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا دائرہ کار آزادکشمیر تک بڑھاتے ہوئے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ علامہ تصور جوادی پر ہونے والے حملہ کی وفاقی سطح پر تحقیقات کی جائیں۔ آخر پر انہوں نے لاہور ،سہون شریف ،پشاور،چارسدہ سمیت ملک بھر میں جاری دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree